157. کسب اور طلب حلال کا بیان
توکل اور صبر کا بیان
لغت میں وکل اوکول کا لفظ آتا ہے جس کے معنی ہیں سونپ دینا، سپرد کردینا، کسی پر بھروسہ کر کے کام چھوڑ دینا اس کا اسم وکالت اور رکالت ہے اسی لفظ سے توکل نکلا ہے جس کے معنی اپنے عجز و بیچارگی کو ظاہر کرنے اور دوسرے پر اعتماد و بھروسہ کرنے ہیں، اس کا اسم تکلان ہے، اصطلاح شریعت میں توکل اس کو کہتے ہیں کہ بندہ اپنے معاملہ و کام کو اللہ کے سپرد کر دے اپنی تدبیر وسعی کو ترک کر دے اور اپنی ذاتی طاقت وقدرت سے بےپرواہ ہو کر تقدیر اور رضائے الٰہی پر کامل اعتماد کرے، یعنی اس بات پر یقین رکھے کہ اپنی تدبیر وسعی اور ذاتی طاقت وقدرت، اللہ کی مشیت اور اس کے فیصلہ کو بدل نہیں سکتا، جو لکھا ہی نہیں گیا وہ رونما نہیں ہوسکتا۔ یوں تو توکل کا تعلق تمام امور اور معاملات پر ہوتا ہے لیکن اکثر اس کا استعمال رزق کے بارے میں ہوتا ہے۔ اور بات بھی یہی ہے کہ توکل کا جو اصل مفہوم ہے وہ اس بات پر اعتماد و بھروسہ کرنا ہے کہ اللہ تعالیٰ بندوں کے رزق کا ضامن ہے۔ حصول معاش کے لئے جائز و حلال ظاہری وسائل و ذرائع کو ترک کرنا گو توکل کے صحیح ہونے کی شرط نہیں ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ اصل اعتماد و بھروسہ ان وسائل و ذرائع پر نہ ہو۔ چناچہ توکل کا تعلق اصل میں دل سے ہے اگر دل میں حق تعالیٰ کے ضامن ہونے کا یقین جاگزین ہوگیا تو توکل کا مفہوم پورا ہوجائے گا۔ گویا اعضاء عمل کو معطل کردینا اور ہاتھ پاؤں ڈال کر اپاہج بن جانا توکل کے صحیح ہونے کے لئے لازم نہیں ہوگا اور نہ حصول معاش کے لئے ظاہری تدبیر دستی کرنا اس کے منافی ہوگا رہی یہ بات کہ بعض زاہدان طریقت اور درویش صفت طالبان معرفت حصول معاش کے ظہری اسباب و وسائل کو ترک کردیتے ہیں تو ان کا وہ عمل محض ایک استثنائی حیثیت رکھتا ہے اور اس بات سے ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ مقام توکل ثابت ہوجائے نفس زیادہ سے زیادہ ریاضت و مجاہدہ میں مشغول رہے اور نظر امید اسباب و ذرائع سے منقطع ہوجائے، نیز اس امر پر کامل یقین حاصل ہوجائے کہ ظاہری اسباب و ذرائع رزق پہنچنے کے لئے شرط کا درجہ نہیں رکھتے۔ بعض حضرات نے توکل کا مطلب یہ بیان کیا ہے کہ بندہ کا حق اللہ تعالیٰ کی رزاقیت پر اعتماد و یقین کے سبب حصول معاش کے اسباب و ذرائع اور کسب وعمل کی پابندیوں سے مطلق آزاد ہوجانا، لیکن یہ توکل کا وہ مقام ہے جو ابتدائی حالت میں اختیار کیا جاتا ہے یا آزاد ہونے سے مراد یہ ہے کہ وہ بندہ ان اسباب و وسائلہ اور کسب وعمل، رزق پہنچنے کے لئے حقیقی موثر ومسبب ہیں، چناچہ جو بندہ توکل کے آخری مرحلہ پر پہنچ جاتا ہے اور اس مقام کا منتہی ہوتا ہے اس کا اسباب و وسائل اور کسب وعمل کو اختیار کرنا، اس کے حق میں توکل کے منافی نہیں ہوتا، اس کو اللہ کی رزاقیت پر کامل یقین و اعتماد اس وقت بھی حاصل رہتا ہے جب وہ اپنی روزی کے لئے اسباب و وسائل اور کسب وعمل میں مشغول ہوتا ہے اور اس وقت بھی اس کے اس یقین و اعتماد میں ذرہ برابر بھی رخنہ نہیں پڑتا جب وہ ان چیزوں کو بالکل ترک کردیتا ہے، مثلا اگر وہ منتہی کھجور کا پودا لگائے اور خرق عادت کے طور پر (یعنی خلاف عادت) وہ پودا اسی لمحہ بارآور ہوجائے تو اللہ تعالیٰ کی قدرت صناعی پر اس کا یقین و اعتماد اس صورت میں اور اس صورت میں کہ کھجور کا پودا وہ عادت ومحمول کے مطابق کئی سال کے بعد پھل لائے یکساں ہوتا ہے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ جب کوئی چیز اپنے دنیاوی اسباب و وسائل کے ذریعہ اور ظاہری عوامل و مسببات کی تربیت کے ساتھ وجود پذیر ہوتی ہے تو اس صورت میں صانع کی کمال قدرت کا مشاہدہ زیادہ یقین واعتمال اور زیادہ پر تاثیر انداز میں ہوتا ہے کیونکہ اسباب کے بغیر یعنی خرق عادت کے طور پر جو چیز سامنے آتی ہے اس میں محض وہی ایک فعل ہوتا ہے، جب کہ ظاہری اسباب و وسائل کے ذریعہ ظاہر ہونے والی چیز کتنے ہی مضبوط ومربوط افعال و حالات اور کتنے ہی محکم احکام و قوانین قدرت کا مظہر ہوتی ہے، علاوہ ازیں ایک بات یہ بھی مد نظر رہنی چاہئے کہ اسباب و وسائل کو ترک کردینا گویا ان چیزوں کو معطل و بیکار بنادینا ہے جن کو حق تعالیٰ نے انسان ہی کے لئے پیدا کیا ہے اور جن کو اختیار کرنا منشاء قدرت کے خلاف نہیں ہے۔ عنوان باب کا دوسرا جزء صبر ہے لغت میں صبر کے معنی ہیں رکنا منع کرنا، نفس کو کسی چیز سے باز رکھنا، فارسی میں اس کو شیکیبائی کہتے ہیں اور اصطلاح شریعت میں صبر اس کو کہتے ہیں کہ نیکی اور برائی کے درمیان کشمکش کے وقت اپنے نفس کو اس بات پر مجبور کیا جائے کہ وہ نیک کو اختیار کرے اور برائی سے باز رہے۔ حضرت شیخ نجم الدین کبریٰ فرماتے ہیں کہ صبر کا مفہوم ہے ریاضت و مجاہدہ کے ذریعہ حظوظ نفس کے جال سے باہر آنا اور نفس کو اس کی محبوب و مرغوب چیزوں سے باز رکھنے پر کاربند رہنا۔ عوارف میں لکھا ہے صبر کی جو اقسام ہیں ان میں سب سے اعلیٰ قسم کا وہ صبر ہے جو اللہ تعالیٰ کے تئیں کیا جائے بایں طور کہ اس کی طرف متوجہ وانابت، صدق و اخلاص کے ساتھ ہو، اس کی ذات صفات اور کمال قدرت میں استغراق ومراقبہ دوامی ہو اور نفس کی تمام خواہشات و خیالات کو یکسر منقطع کردیا جائے۔ نیز بیان کیا کہ۔ صبر فرض بھی ہے اور نفل بھی، فرض صبر تو وہی ہے جو فرائض کی ادائیگی اور حرام چیزوں کے ترک کرنے پر اختیار کرنا پڑتا ہے اور نفل صبر کی جو صورتیں ہیں ان میں سے کچھ یہ ہیں۔ (١) فقر و افلاس اور شدائد وآلام پر صبر کرنا۔ (٢) کوئی صدمہ و تکلیف پہنچنے پر صبر کرنا (٣) اپنی مصیبتوں اور پریشانیوں کو چھپانا۔ (٤) شکوہ و شکایت سے اجتناب کرنا۔ (٥) باطنی احوال و کر امات کو چھپانا۔ واضح رہے کہ فرض اور نفل دونوں طرح صبر کی بہت اقسام اور صورتیں ہیں اور ظاہر ہے کہ ایسے لوگ بہت ہیں جو صبر کی تمام ہی اقسام پر عامل وکاربند نہیں رہ سکتے جیسا کہ بیان کیا گیا۔ اگرچہ صبر کی بہت اقسام ہیں اور ان کا اطلاق بہت سی صورتوں پر ہوتا ہے مگر عام طور پر اس کا اطلاق خصوصیت سے مصائب وآفات اور ناگوار وناپسندیدہ امور کو انگیز کرنے پر ہوتا ہے، جیسا کہ شکر ایک وسیع المفہوم لفظ ہے اور اپنے اطلاق کے اعتبار سے اس کی بہت سی قسمیں ہیں مگر خاص طور پر اس کا استعمال حصول نعمت ورزق کی صورت میں ہوتا ہے۔
توکل اور صبر کے بارے میں کچھ مفید باتیں
جاننا چاہئے کہ جو چیزیں انسان کے لئے عبادت الٰہی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہیں ان میں سب سے سخت رکاوٹ معاشی زندگی کے تفکرات یعنی کھانے پینے اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کا فکر و خیال ہے، ظاہر ہے کہ انسان کا نفس اپنے وجود وبقاء کے لئے جن چیزوں کا محتاج ہے ان کی طرف اس کا رجحان اور مطالبہ ایک فطری تقاضا ہے چناچہ وہ بجا طور پر کہہ سکتا ہے کہ میں ہر چیز سے باز آیا۔ زہد وتقویٰ بھی اختیار کیا، دنیا کی نعمتوں اور لذتوں سے بھی کوئی سروکار نہیں رکھتا، لیکن ان چیزوں کا کیا علاج کروں جو میرے وجود وبقا کے لئے ضروری ہیں۔ جیسے کھانا پینا اور لباس وغیرہ۔ اور یہ بھی بالکل ظاہر بات ہے کہ یہ چیزیں یوں ہی حاصل نہیں ہوتیں، بلکہ ان کے حصول کے لئے کسب وعمل، جہد وسعی اور لوگوں کے ساتھ ربط وضبط اور میل جول اختیار کرنا ضروری ہے پس شریعت نفس کے اس مطالبہ کو پورا کرنے کے لئے وہ سب سے یقینی راہ دکھاتی ہے جس کو توکل کہا جاتا ہے، کیونکہ توکل بذات خود وہ واحد قوی ذریعہ ہے جس پر اگر انسان صدق و اخلاص کے ساتھ عامل ہوجائے تو اللہ کی طرف سے ضروریات زندگی کی تکمیل خود بخود ہونے لگتی ہے اور اس راہ کو اختیار کرنے کی وجہ سے نہ صرف نفس کی تشویش رفع ہوجاتی ہے بلکہ کمال ایمان کا درجہ بھی نصیب ہوجاتا ہے، اس کے برخلاف توکل کو ترک کردینے والا نہایت سخت تفکرات و اوہام میں مبتلا ہوجاتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ نہ اس کو سکون و اطمینان کے ساتھ طاعت و عبادات کا موقع نصیب ہوتا ہے اور نہ اس اطاعت و عبادت میں لذت و حلاوت نصیب ہوتی ہے اور روزی کا فکر وغم اس کو اس طرح پراگندہ خاطر اور پریشان حال بنا دیتا ہے کہ وہ کوئی بھی نیک عمل یقینی قوت وحالت کے ساتھ انجام نہیں دے سکتا، لہٰذا توکل کی راہ اختیار کرنا ہر شخص کے لئے لازمی امر ہے کہ اس کے بغیر وہ اعلیٰ مراتب تک پہنچنے کی طاقت نہیں رکھ سکتا، جیسا کہ ایک طویل حدیث میں جو آگے آئے گی فرمایا گیا ہے کہ جو شخص اس بات کو پسند کرے کہ وہ لوگوں میں سب سے زیادہ قوی ہو تو اس کو چاہئے کہ توکل کی راہ اختیار کرے۔ اور توکل کا مفہوم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کو اپنے تمام امور کا وکیل اور اپنی بھلائی و بہتری کا ضامن جان کر بس اسی پر اعتماد و بھروسہ کرے اور جانے کہ اللہ تعالیٰ نے قسمت میں جو کچھ لکھ دیا ہے وہ ہرگز معدوم نہیں ہوگا اور حکم الٰہی کسی بھی حالت میں ادل بدل نہیں سکتا، خواہ بندہ مانگے یا نہ مانگے، نیز اس بات پر یقین رکھے کہ اللہ تعالیٰ بندوں کی روزی کا ضامن ہے، جب کہ اس نے پیدا کیا ہے تو رزق بھی ضرور دے گا، چناچہ خود اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے آیت (وما من دابۃ فی الارض الا علی اللہ رزقہا) اور اس بات پر بھی قسم کھائی کہ آیت (فورب السماء والارض انہ لحق ) پس غور کرنے کو مقام ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان رکھتا ہے اور اس کے وعدہ کی صداقت کے جز و ایمان ہونے کا اعتقاد رکھتا ہے اگر وہ اس کے ضامن ہونے پر اعتماد نہ رکھے اور اس کے وعدہ پر باور نہ کرے تو اس کا ایمان کہاں رہے گا اور وہ کس طرح اللہ کا بندہ کہلانے کا مستحق قرار پائے گا۔ ہر مومن کو چاہئے کہ وہ دنیا، دنیا کے مال و اسباب اور کسب وعمل کو محض حصول رزق کا ایک ظاہری وسیلہ و بہانہ اور سبب سمجھے، اس سے زیادہ اور کچھ نہ جانے اور یہ یقین رکھے کہ حقیقی رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے، وہ اتنی بڑی قدرت کا مالک ہے کہ اس کے نزدیک ظاہری وسائل و اسباب کی چنداں اہمیت نہیں ہے وہ توکل و اعتماد کرنے والوں کو بےسبب و وسیلہ اور بلاکسب وعمل بھی روزی پہنچاتا ہے، جیسا کہ فرمایا آیت (ومن یتوکل علی اللہ فہو حسبہ) ۔ اسی طرح حصول معاش کے لئے وسائل و ذرائع کو اختیار کرنے اور کسب وعمل میں مشغول ہونے کو بھی اللہ کی طرف سے مقرر کردہ نظام کائنات کا ایک سلسلہ اور رزق پہنچنے کا ایک ظاہری سبب جانے اس پر دل سے اعتماد و بھروسہ نہ کرے، اللہ تعالیٰ کے وعدہ پر اطمینان رکھے اور جانے کہ اگر کوئی کسب وعمل نہ کروں گا تو بھی اللہ تعالیٰ روزی پہنچائے گا، یہ توکل کا کم سے کم درجہ ہے جو ایمان کے لئے ضروری ہے اور عام مسلمانوں کا مرتبہ ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے، آیت (وعلی اللہ فتوکلوا ان کنتم مومنین) اس سے اعلیٰ درجہ تسلیم ہے، یعنی بندہ کا اپنے تمام معاملات اللہ کے سپرد کردینا، اللہ کے علم پر کفایت کرنا اور اپنے دل میں کسی بھی طرح کا کوئی رد و بدل نہ رکھنا یہ اولیاء اللہ کا مرتبہ ہے اور آیت (وعلی اللہ فلیتوکل المتوکلون) سے یہ بات مفہوم ہوتی ہے۔ ان باتوں سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہئے کہ حصول معاش کے لئے اسباب و ذرائع اختیار کرنا اور کسب وعمل میں مشغول ہونا توکل کے منافی ہے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اسباب و ذرائع اور کسب وعمل بھی نظام قدرت کا ایک حصہ ہے اور اللہ کی طرف سے ایک حد تک انسان کو ان چیزوں کا مکلف بھی قرار دیا گیا ہے، البتہ جو چیز توکل کے منافی ہے، وہ بس یہ ہے کہ حصول معاش کے ظاہری، اسباب و ذرائع اور کسب وعمل پر دل سے اعتماد نہ کیا جائے اور یہ نہ سمجھا جائے کہ رزق پہنچنے کا حقیقی سبب یہی چیزیں ہیں اگر انسان کوئی کسب وعمل نہ کرے اور محض اللہ پر توکل کر کے بیٹھ جائے تو اس کو رزق پہنچ ہی نہیں سکتا، یہ عقیدہ و خیال ایمان کے منافی ہے اور اس کو شرک خفی کہا گیا ہے۔ لہٰذا جو شخص اسباب و ذرائع کو اختیار کرے اور کسب وعمل میں مشغول ہو لیکن اس کے دل کا اعتماد صرف اللہ پر ہو تو وہ شخص بھی یقینا مومنین میں سے ہوگا، اگرچہ توکل کا اعلی درجہ یہی ہے کہ بندہ اپنے ہاتھ پاؤں کو تمام اسباب و ذرائع سے دور رکھے اپنے تمام معاملات میں اللہ ہی پر اعتماد کرے اور اپنے تمام امور اسی کے سپرد کرے بشرطیکہ ہر حالت میں خواہ تنگی ہو یا فراخی، قوت ایمان کے سبب اللہ پر اس کا کامل اعتماد یکساں رہے، غیر اللہ سے امید منقطع رکھے اور اس راہ میں جو بھی رنج و مصیبت پیش آئے اس کو صبر و رضا کے ساتھ برداشت کر کے ریاضت و مجاہدہ اور عبادت میں مشغول رہے اور جو شخص ان امور پر پوری طرح قادر نہ ہو سکے تو ان کے حق میں افضل یہی ہوگا کہ وہ دل سے اللہ پر اعتماد رکھتے ہوئے ظاہری اسباب و ذرائع کو اختیار کرے اور کسب وعمل میں مشغول ہو۔ اسی طرح محض کسل وسستی اور عار کی وجہ سے یا بطور یا ہاتھ پاؤں کو معطل کردینا اور کسب وعمل سے باز رہنا قطعا روا نہیں ہے کیونکہ اکثر انبیاء اور اولیاء کا یہی معمول رہا ہے کہ انہوں نے حصول معاش کے لئے ظاہری اسباب و ذرائع کو اختیار کیا اور کسب وعمل سے باز نہیں رہے کہ جو شخص کسب وعمل کی وجہ سے اپنی دینی زندگی میں کوئی نقصان اور اپنے باطنی احوال میں رخہ پڑتا ہوا دیکھے تو اس کے لئے بہر صورت یہی ضروری ہوگا کہ وہ سب چیزوں سے تعلق منقطع کر کے بس ذکر وفکر اور ریاضت و مجاہدہ میں مشغول رہے تاکہ واصل بحق ہو۔ متوکل کو ایسے کام و ذریعہ سے باز رہنا کہ جس کے بغیر کار برآری قطعا ممکن نہ ہوا اور سنت اللہ اسی کے مطابق جاری ہو، ہرگز روا نہیں ہے بلکہ حرام ہے، مثلا کھانا ہاتھ کے ذریعہ کھایا جاتا ہے اور سنت اللہ اس کے مطابق جاری ہے کہ جو شخص کوئی چیز کھانا چاہے اس کو ہاتھ سے اٹھا کر منہ میں ڈالے، اب اگر کوئی شخص متوکل یہ گمان کرے کہ اس چیز کو کھانے کے لئے ہاتھ کا ذریعہ اختیار کرنا توکل کے منافی ہے اور اس امید میں بیٹھا رہے کہ یہ چیز خود بخود (اٹھ کر منہ میں جائے گی کھاؤں گا، یہ توکل نہیں ہے بلکہ اس کو محض جنون و حماقت سے تعبیر کی اجائے گا، ایسے امور میں توکل کی کار فرمائی کی بس حد یہ ہے کہ یہ جانے کہ اللہ تعالیٰ نے کھانا اسی لئے پیدا کیا ہے کہ اس کو کھایا جائے، سب کا خالق و رازق بھی وہی ہے اور یہ ہاتھ اس عمل یعنی کھانے کا سبب و ذریعہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا کیا ہے بس ہاتھ کو کھانے کا ظاہر ذریعہ جان کر کھانے کے لئے استعمال کرے لیکن دل سے اس پر اعتماد نہ کرے اور یہ جانے کہ جن لوگوں کے ہاتھ نہیں ہوتے ان کے کام بھی بہحال سر انجام پاتے ہیں جہاں تک کسی ایسے کام کا تعلق ہے کہ جس کی انجام دہی کا ذریعہ اگرچہ ہاتھ ہی ہے لیکن وہ ایسا قطعی ذریعہ نہیں ہے کہ اس کے بغیر کام انجام ہی نہ پاسکتا ہو جیسے سفر کے دوران خرچ اور زاد راہ تھامنا وغیرہ، تو ایسی صورت میں ہاتھوں کو بطور ذریعہ استعمال کرنے سے باز رہنا روا ہوسکتا ہے کیونکہ ایسا ممکن اور کثیر الوقوع ہے کہ جو لوگ خرچ اور زاد راہ لے کر نہیں چلتے ان کا سفر بھی پورا ہو ہی جاتا ہے، تاہم واضح رہے کہ زاد راہ اور سفر خرچ پر، بلکہ بقدر ضرورت سفر خرچ اور زاد راہ لے کر چلنا سنت ہے اور سلف کے معمولات سے بھی ثابت ہے۔ لیکن حق تعالیٰ کی ذات پر کامل اعتماد بھروسہ کے سبب سفر خرچ اور زاد راہ وغیرہ نہ لینا تو متوکلین کے اعلی درجات میں سے ہے۔ جو شخص عیالدار ہو اور اس کے اہل و عیال حالات کی تنگی پر صبر نہ کرسکتے ہوں اور وہ اس بات کی اجازت نہ دیتے ہوں کہ وہ شخص توکل کے سبب کوئی کسب وعمل نہ کرے اور ذرائع سے اجتناب کرے۔ اپنے اہل و عیال کے لئے ایک سال تک کا اور اپنی ذات کے لئے چالیس روز تک کا بقدر ضرورت غذائی ضروریات کا سمان اکٹھا بھروا کر رکھ لینا توکل کے منافی نہیں ہے لیکن اگر کوئی شخص از راہ توکل غذائی ضروریات کی چیزیں پہلے سے بھروا کر نہ رکھے اور سب کچھ ترک کر دے بشرطیکہ اللہ پر اس کا پورا اعتما و اطمینان ہو تو یقین کے ساتھ یہ بات کہی جاسکتی ہے وہ اعلیٰ درجہ کا حامل ہے، لیکن ظاہر ہے کہ یہ مرتبہ حاصل کرنے کے لئے بڑی زبردست قوت اور ہمت کی ضرورت ہے۔ لہٰذا جس شخص کو اتنی قوت و ہمت میسر نہ ہو اور اگر وہ غذائی ضروریات کا سمان اکٹھا بھروا کر نہ رکھنے کی صورت میں طاعت و عبادت میں اطمینان و سکون اور دل جمعی حاصل نہ کرسکتا ہو تو اس کے لئے یہی افضل ہوگا کہ وہ اپنی اور اپنے اہل و عیال کی غذائی ضروریات کے لئے غلہ وغیرہ اکٹھا بھروا کر رکھ لے۔ رنج و پریشانی اور بیماری کا گلہ شکوہ نہ کرنا اور جو شخص طبیب ومعالج نہ ہو اس کے سامنے بلا ضرورت اپنے مرض کو ظاہر نہ کرنا توکل کے لئے شرط ہے۔ علماء نے یہ بھی لکھا ہے کہ توکل اسی شخص کو راست آتا ہے جو توحید آشنا اور زہد صفت ہو۔ اس موقع پر توحید سے مراد یہ ہے کہ بندہ یہ جانے کہ تمام مخلوقات اللہ تعالیٰ ہی کی پیدا کردہ ہیں اور جانے کہ سب کا حقیقی محرک وعامل بس حق تعالیٰ ہے اس کے علاوہ کوئی ذات ایسی نہیں ہے جس کے حکم کے بغیر ایک ذرہ بھی جنبش نہ کرسکے اور جہاں بھی جو کچھ بھی آتا جاتا ہے سب کا منبع ومصدر اسی ذات واحد کی مرضی ومشیت ہے، جس شخص کے دل پر یہ بات غالب آجائے گی اس کو بےاختیار توکل حاصل ہوجائے گا۔ یہ تو توکل کے بارے میں کچھ باتیں ہوئی۔ اب صبر کے بارے میں جاننا چاہئے کہ صبر ایک ایسی راہ ہے جس کو اختیار کئے بغیر کسی مومن کے لئے کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ ایمان کی سلامتی اور عبادت میں اطمینان و سکون کے ساتھ مشغولیت کا انحصار صبر ہی پر ہے۔ اس بات سے کون انکار کرسکتا ہے کہ دنیا، اہل ایمان کے لئے آفات و مصائب اور رنج و آلام کے ایک گھروندہ کے سوا اور کچھ نہیں، مومن کی زندگی کا وہ کون سا لمحہ ہوتا ہے جس میں اس کو کسی نہ کسی طرح کی جسمانی اور روحانی اذیت و پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ہو ؟ لہٰذا اس صورت میں ہر مومن پر واجب ہے کہ وہ صبر کی راہ اختیار کرے تاکہ اس کا ایمان بھی سلامت رہے اور طاعت و عبادت میں بھی اطمینان و سکون کے ساتھ مشغول رہ سکے، کیونکہ دل گرفتگی رنج خوری جزع وفزع اور تاسف و حسرت کے عالم میں عبادت پورے کیف ونشاط کے ساتھ ادا نہیں ہوسکتی، علاوہ ازیں صبر کرنے والے کو دنیا وآخرت کی بیشمار بھلائیاں اور سعادتیں عطا کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے مثلاً دشمنوں اور مخالفوں کے مقابلہ پر اور دیگر مہمات میں فتح و کامرانی نصیب ہوتی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے آیت (فاصبر ان العاقبۃ للمتقین) ۔ دوسرے صبر کی وجہ سے بندہ اپنی مراد کو پہنچتا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت (وتمت کلمۃ ربک الحسنی علی بنی اسرائیل بما صبروا) ۔ تیسرے صبر و استقامت کی راہ پر چل کر لوگوں کو قیادت و امامت کا درجہ حاصل کیا جاسکتا ہے جیسا کہ فرمایا۔ (وجعلناہم ائمۃ یہدون بامرنا لما صبروا) ۔ چوتھے صبر کرنے والا بندہ حق تعالیٰ کی طرف سے تعریف وتوسیف سے نوازا جاتا ہے جیسا کہ فرمایا۔ آیت (انا وجدناہ صابرا نعم العبد انہ اواب) ۔ پانچویں صابر بندوں کو بشارت دینے کا حکم فرمایا گیا ہے جیسا کہ فرمایا وبشر الصابرین۔ چھٹے صبر کرنے والے بندوں سے اللہ تعالیٰ محبت کرتا ہے جیسا کہ فرمایا آیت (ان اللہ یحب الصابرین) ۔ ساتویں جو بندے صبر کرتے ہیں وہ جنت میں بلند تر درجات پائیں گے جیسا کہ فرمایا آیت (اولئک یجزون الغرفۃ بماصبروا) ۔ آٹھویں صبر کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے سلام کا اعزاز وشرف عطا ہوا ہے جیسا کہ فرمایا آیت (سلام علیکم بما صبرتم) ۔ اور نویں یہ کہ بندے صبر کرتے ہیں اور وہ بےحساب اور بےانتہا اجر وثواب سے نوازے جائیں گے جیسا کہ فرمایا آیت (انما یوفی الصابرون اجرہم بغیر حساب ) پس صبر اتنی بڑی فضیلت اور اتنا عظیم وصف ہے کہ اس پر کاربند رہنے کی ہر مومن کو کوشش کرنا چاہئے۔ اور اس کے حاصل کرنے کو نہایت اہم اور غنیمت جاننا چاہئے اور صبر اصل میں یہ ہے کہ اپنے نفس کو جزع سے روکا جائے اور جزع اس کو کہتے ہیں کہ جب کوئی سخت حالت اور آفت و پریشانی پیش آئے تو اس پر اضطراب و گھبراہٹ کا اظہار کیا جائے اپنے عجز کا رونا رویا جائے۔ اور سختی و پریشانی سے بطریق قطع وحکم گلو خلاصی کا ارادہ کیا جائے۔ لہٰذا ان چیزوں کو ترک کرنا صبر کہلاتا ہے۔ صبر کا وصف حاصل کرنے کا نہایت مفید اور نفسیاتی طریقہ یہ ہے کہ جب کوئی ایسی صورت حال پیش آئے کہ جس کی وجہ سے نفس اضطرب و بےقرار میں مبتلا ہونے لگے۔ اور طبعی طور پر رنج واذیت محسوس ہو تو یہ سوچنا چاہئے کہ جو کچھ قسمت میں لکھا ہوا ہے وہ ہر حال میں پورا ہو کر رہے گا، اس کی وجہ سے جزع وفزع کرنا اور رونا، دھونا، شکوہ و شکایت کرنا ایک قطعی لاحاصل چیز ہے کہ ان باتوں سے اس صورت حال میں کوئی تغیر تبدل، کمی بیشی اور تقدیم و تاخیر نہیں ہوسکتی، علاوہ ازیں صبر کا جو ثواب تلف ہوتا ہے وہ مزید نقصان ہے۔ یہ بتادینا بھی ضروری ہے کہ اپنی حیثیت وحالت کے اعتبار سے صبر کی چار قسمیں ہیں ایک تو صبر وہ ہے جو نفس کو طاعت و عبادت کی استقامت و پابندی کی محنت ومشقت برداشت کرنے کی صورت میں حاصل ہوتا ہے، دوسرا وہ صبر ہے جو گناہوں سے اجتناب کرنے کی صورت میں اختیار کیا جائے، تیسرا وہ صبر ہے جو دنیا کی زائد از ضرورت چیزوں سے قطع تعلق کرلینے کی صورت میں اختیار کیا جائے اور چوتھا صبر وہ ہے جو کسی دینی و دنیاوی آفت و مصیبت اور سختی و پریشانی کو برداشت کرنے کے لئے اختیار کیا جاتا ہے۔ لہٰذا جو شخص صبر کی ان چاروں قسموں کو اختیار کرلے وہ طاعت عبادت کی راہ پر سکون و استقامت کے ساتھ گامزن رہے گا، گناہوں سے محفوظ مامون رہے گا، دنیا کی آفات وبلیات سے سلامتی اور آخرت کے عذاب سے نجات پائے گا، علاوہ ازیں بہت زیادہ اجر وثواب سے نوازا جائے گا اور جو شخص مذکورہ بالا صورتوں میں صبر کو اختیار نہیں کرے گا اور جزع وفزع کی راہ پکڑے گا وہ تمام نعمتوں سے محروم رہے گا اور اول تو وہ دل جمع اور اطمینان و سکون کے ساتھ عبادت نہیں کرسکے گا اور کچھ اگر کرے گا بھی تو بےصبر کے گناہ اس کو کالعدم کردیں گے۔
توکل اختیار کرنے والوں کی فضیلت
حضرت ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ میری امت میں سے ستر ہزار لوگ بغیر حساب جنت میں داخل ہوں گے جو منتر نہیں کراتے، شگون بد نہیں لیتے ہیں اور (اپنے تمام امور میں جن کا تعلق خواہ کسی چیز کو اختیار کرنے سے ہو یا اس کو چھوڑنے سے) صرف اپنے پروردگار پر بھروسہ کرتے ہیں۔ (بخاری ومسلم) تشریح ستر ہزار کی تعداد سے مراد صرف وہ لوگ ہیں جو مستقل بالذات بغیر حساب جنت میں داخل ہوں گے اس تعداد میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جو ان ستر ہزار لوگوں کے متبعین کی حیثیت سے ان کے ساتھ جنت میں جائیں گے۔ یہ وضاحت اس لئے کی گئی ہے تاکہ یہ روایت اس روایت کے منافی نہ رہے جس میں یہ فرمایا گیا ہے کہ بےحساب جنت میں جانے والے ان لوگوں میں ہر ایک کے ساتھ ان کے ستر ستر ہزار متبعین بھی ہوں گے۔ منتر نہیں کراتے میں منتر سے مراد یا تو مطلق جھاڑ پھونک اور تعویذ گنڈا وغیرہ ہے۔ یا اس سے وہ منتر اور ٹونا ٹوٹکا مراد ہے جو کلمات قرآنیہ، ادعیہ ماثورہ اور اسماء الٰہی کے بغیر ہوں۔ اسی طرح شگون بد نہیں لیتے سے مراد یہ ہے کہ زمانہ جاہلیت کے لوگوں کی طرح پرندوں کے اڑ جانے اور آواز وغیرہ سن کر ان سے شگون بد نہیں لیتے ہیں بلکہ یوں گویا ہوتے ہیں کہ اللہم لا طیر الا طیرک ولا خیر الا خیرک ولا الہ غیرک اللہم لا یاتی بالحسنات الا انت ولایذہب بالسیئات الا انت۔ صاحب نہایہ نے کہا ہے کہ مذکورہ بالا اوصاف اولیائے کاملین کی خصوصیات میں سے ہیں کہ وہ پاک نفس لوگ دنیا کے اسباب و وسائل اور ان کے متعلقات سے بےاعتنائی برتتے ہیں اور دنیا سے تعلق رکھنے والی کسی بھی چیز کی طرف مائل وملتفت نہیں ہوتے اور یہی درجہ ہے جو خواص کے لئے مخصوص ہے اور اس درجہ تک عوام کی رسائی نہیں ہوتی لیکن جہاں تک ان عوام کا تعلق ہے تو ان کے لئے اس میں کوئی مضائقہ نہیں کہ وہ حلال اسباب و ذرائع کو اختیار کریں اور دوا وغیرہ کے ذریعہ علاج معالجہ کرائیں البتہ اس سلسلے میں یہ بات ذہن نشین کرنی ہے کہ جو شخص کسی بیماری وغیرہ کی مصیبت میں مبتلا ہو اور وہ اس پر صبر کرے پھر دعا کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کشائش و راحت کا منتظر و متمنی رہے تو یقینا وہ شخص اولیاء و خواص میں سے شمار ہونے کا مستحق ہوگا اور جو شخص اس پر صبر کرنے پر قادر نہ ہو اور وہ اس بیماری و مصیبت سے گلو خلاصی پانے کے ظاہری اسباب و ذرائع اختیار کرنا چاہئے تو اس کو اس بات کی اجازت دے دی جائے گی کہ وہ دعا تعویذ اور دوا وغیرہ کے ذریعہ اپنی اس بیماری و مصیبت کے دفعیہ کی سعی کرے۔ حاصل یہ کہ جو شخص اپنی طبع حالت و کیفیات اور بطنی حیثیت کے اعتبار سے جس طرح کا ہوگا اس کے حق میں اس کے مطابق فیصلہ ہوگا اس کی تائید اس واقعہ سے بھی ہوتی ہے کہ جب حضرت ابوبکر صدیق (رض) نے عنہ نے ایک موقعہ پر اپنا تمام مال و اسباب اللہ کی راہ میں صرف کرنے کے لئے حضور ﷺ کی خدمت میں پیش کیا تو آپ ﷺ نے ان کی اس پیش کش کو رد نہیں کیا کیونکہ آپ ﷺ حضرت ابوبکر (رض) کے بارے میں اچھی طرح جانتے تھے کہ ان میں یقین وصبر کا وصف بدرجہ کمال موجود ہے اس کے برخلاف جب ایک اور شخص نے کبوتر کے انڈے کے برابر سونا لا کر حضور ﷺ کی خدمت میں پیش کیا ہے اور کہا کہ میرے پاس اس کے سوا اور کچھ نہیں ہے یہ جو کچھ بھی ہے اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کے لئے آپ کی نذر کرتا ہوں تو حضور ﷺ نے نہ صرف یہ کہ اس سونے کو قبول نہیں فرمایا بلکہ اس پر سخت ناراض ہوئے یہاں تک کہ اس کو ایک دھپ بھی مارا۔ یہاں تک ملا علی قاری کے منقولات کا ماحصل نقل کیا گیا۔ حضرت شیخ عبدالحق دہلوی نے یہ لکھا ہے کہ زیادہ صحیح بات یہ معلوم ہوتی ہے کہ حدیث میں منتر کا جو ذکر کیا گیا ہے اس سے زمانہ جاہلیت کے ٹونے ٹوٹکے اور مشرکانہ منتر مراد ہیں جن کا کتاب وسنت کی تعلیمات سے کوئی واسطہ نہیں ہے اور جن کو حضور ﷺ نے قطعا روا نہیں رکھا تھا کیونکہ ان منتروں کی ساخت اور ان کے الفاظ ومعانی کچھ اس طرح کے ہوتے ہیں کہ ان کو اختیار کرنے والا شرک میں مبتلا ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ یہ بات کہ منتر سے زمانہ جاہلیت کے منتر مراد ہیں حدیث کے الفاظ لایتطیرون سے بھی واضح ہوتی ہے کہ تطیر یعنی بدفالی لینا زمانہ جاہیت کے اہل عرب کا خاص معمول تھا۔ پس جس طرح زمانہ جاہلیت کی دیگر مشرکانہ رسوم و عادات سے اجتناب ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے اسی طرح تطیر یعنی بدفالی لینے سے بھی قطعی پرہیز کرنا نہایت لازم ہے۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ آج کے بہت سے مسلمان بھی بر بناء جہل ونادانی بدفالی لینے کی برائی میں مبتلا ہیں باوجودیکہ زمانہ جاہلیت کی ایک مشرکانہ عادت رہی ہے اور اگر اس بات سے قطع نظر بھی کرلیا جائے تو اس سے اجتناب کی ایک بڑی معقول وجہ یہ بھی ہے کہ بدفالی نہ لینے والے کو بڑی فضیلت کا حامل قرار دیا گیا ہے بایں طور کہ وہ ان لوگوں میں شامل ہوگا جو بغیر حساب جنت میں شامل کئے جائیں گے، نیز اس سے اجتناب ایک ایسا وصف بھی ہے جس کو توکل کے درجات میں سے شمار کیا جاسکتا ہے۔ اور اس سے بالا تر درجہ وہ ہے جو ہر طرح کے علاج معالجہ جھاڑ پھونک تعویذ گنڈے اور دیگر تدابیر کو کلیۃ ترک کرنے کی وجہ سے حاصل ہوتا ہے اور جس کا مقصد حقیقی توکل کے مقام کو ثابت وظاہر کرنا ہوتا ہے چناچہ توکل کا متعارف مفہوم بھی یہ بیان کیا جاتا ہے اور اسی لئے صوفیہ نے توکل کی وضاحت یہی کی ہے کہ توکل کا مطلب ہے حق تعالیٰ کی رزاقیت پر کامل اعتماد و بھروسہ کر کے سبب کسب وعمل اور اسباب و وسائل کو مطلق ترک کردینا۔ یہ دوسرا یا اوسط درجہ ہے جو خواص کا مرتبہ مانا جاتا ہے اس مرتبہ کے لوگ اس اجر و فضیلت کے مستحق قرار پاتے ہیں جس کا ذکر حدیث میں ہے بلکہ مزید برآں ایک اور عظیم الشان سعادت کی بشارت دی گئی ہے کہ آیت (للذین احسنوا الحسنی وزیادۃ) اس کے بعد تیسرا درجہ وہ ہے جو اس مقام کے منتہی اور مقربین بارگاہ الٰہی کے لئے مخصوص ہے اس درجہ کے لوگوں کی ظاہری نظر میں اسباب و ذرائع کلیۃ ساقط ہوتے ہیں کہ ان کے نزدیک ان کا عدم اور وجود دونوں برابر ہیں، وہ اگر اسباب و ذرائع کو کسی حد تک اختیار بھی کرتے ہیں تو محض اظہار عبودیت اور مشیت الٰہی کی فرمانبرداری کے طور پر اور اس حیثیت سے ان کا اسباب و ذرائع کو اختیار کرنا ان کے حق میں عزیمت (اولویت) کا حکم رکھتا ہے یہ مرتبہ اخص الخواص کا مرتبہ کہلاتا ہے اور وہ انبیاء و اولیاء ہیں کہ جو اپنی ذات کے اعتبار سے فانی اور اللہ کے ساتھ باقی ہیں اور توکل کا یہی سب سے آخری مرتبہ بھی ہے اور اس کی اصل حقیقت بھی، نیز جو بندگان خاص اس مرتبہ تک پہنچ جاتے ہیں، ان کی فضیلت سب سے زیادہ اور ان کا اجر سب سے بڑا ہوتا ہے۔ مذکورہ مسئلے میں عالمگیری نے یہ قاعدہ کلیہ بیان کیا ہے کہ کسی نقصان وضرر اور تکلیف کو دور کرنے والے اسباب و ذرائع تین طرح کے ہوتے ہیں ایک تو وہ کہ جن کا موثر ہونا یقینی ہوتا ہے جیسا کہ پانی پیاس کو اور کھانا بھوک کو دور کرتا ہے دوسرے وہ اسباب جو ظنی ہوتے ہیں جیسے فصد کھلوانا، پچھنے لگوانا، مسہل لینا اور طب کے دوسرے قواعد و ضوابط کہ مثلاً گرمی سے پیدا ہونے والے امراض میں ٹھنڈی دواؤں کے ذریعہ اور ٹھنڈ سے پیدا ہونے والے امراض میں گرم دواؤں کے ذریعہ علاج معالجہ کرنا اور یہ چیزیں طبی نقطہ نظر سے ظاہری اسباب کا درجہ رکھتی ہیں اور تیسرے وہ اسباب کہ جو موہوم ذریعہ ہوتے ہیں جیسے جسم کو داغنا، دعاؤں کے ذریعہ جھاڑ پھونک کرنا اور تعویذ گنڈا وغیرہ۔ پس جو اسباب و ذرائع یقینی درجہ رکھتے ہیں ان کو ترک کرنا نہ صرف یہ کہ توکل کے لئے شرط نہیں ہے بلکہ اس صورت میں شرعی نقطہ نظر سے بھی حرام ہے جب کہ ان کو ترک کرنے کی وجہ سے موت کے واقع ہوجانے کا خوف ہو، اس کے برخلاف جہاں تک ان اسباب و ذرائع کا تعلق ہے جو موہوم کی حیثیت رکھتے ہیں ان کو ترک کرنا ہی توکل کی شرط ہے کیونکہ رسول کریم ﷺ نے ایسے اسباب و ذرائع کو ترک کرنے والوں کو متوکلین کے زمرہ میں شمار فرمایا ہے، رہی ان اسباب و ذرائع کی بات جو ظنی ہیں اور جو اطباء وحکماء کے نزدیک ظاہری اسباب کا درجہ رکھتے ہیں تو ان کو اختیار کرنا یعنی طبی اصول وقواعد کے تحت علاج کرانا توکل کے منافی نہیں ہے۔ اس طرح ظنی اسباب، موہوم اسباب کی طرح تو توکل کے خلاف نہیں ہے اور ان کو ترک کرنا یقینی اسباب کو ترک کرنے کی طرح ممنوع نہیں ہے بلکہ بعض احوال میں اور بعض اشخاص کے حق میں ان کو ترک کرنا افضل ہوجاتا ہے۔ پس یہ ظنی اسباب گویا دو درجوں کے درمیان ایک معتدل درجہ ہے۔
توکل اختیار کرنے والوں کی فضیلت
حضرت ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ ایک دن رسول کریم ﷺ باہر تشریف لائے اور فرمایا کہ (حالت کشف یا خواب میں) میرے سامنے امتوں کو (ان کے انبیاء کے ساتھ) پیش کیا گیا (یعنی ہر نبی کو اس کی امت کے ساتھ مجھے دکھایا گیا) پس (جب ان انبیاء نے اپنی امتوں کے ساتھ گزرنا) شروع کیا تو میں نے دیکھا کہ ایک نبی کے ساتھ صرف ایک شخص تھا (یعنی دنیا میں اس کی پیروی کرنے والا اس ایک شخص کے علاوہ اور کوئی نہیں ہوا) اور ایک نبی ایسا تھا کہ اس کے ساتھ دو شخص تھے، ایک اور نبی گزرا تو اس کی معیت میں پوری ایک جماعت تھی اور پھر ایک نبی ایسا بھی گزرا کہ اس کے ساتھ ایک بھی شخص نہیں تھا (یعنی دنیا میں اس کی پیروی کسی ایک شخص نے بھی نہیں کی) اس کے بعد میں نے اپنے سامنے ایک بہت بڑا انبوہ دیکھا جو آسمان کے کناروں تک پھیلا ہوا تھا اتنی بڑی امت دیکھ کر میں نے امید باندھی کہ یہ میری امت ہوگی لیکن مجھے بتایا گیا کہ یہ حضرت موسیٰ اور ان کی امت کے لوگ ہیں کہ جو ان پر ایمان لائے تھے پھر مجھ سے کہا گیا کہ ذرا آپ نظر اٹھا کر دیکھئے میں نے جو نظر اٹھائی تو اپنے سامنے دیکھا کہ ایک بڑا ہجوم بےپناہ ہے جو آسمان کے کناروں تک پھیلا ہوا ہے (میں اتنا بڑا نبوہ دیکھ کر مطمئن ہوگیا اور اللہ کا شکر ادا کیا) پھر مجھ سے کہا گیا کہ آپ اس انبوہ کو بس نہ سمجھئے آپ اس سے کہیں زیادہ لوگوں کو دیکھیں گے ذرا ادھر ادھر یعنی دائیں بائیں بھی نظر گھما کر تو دیکھئے چناچہ میں نے دائیں بائیں نظر گھما کر دیکھا تو دونوں طرف بےپناہ ہجوم تھا جو آسمان کے کناروں تک پھیلا ہوا تھا۔ اس کے بعد مجھ سے کہا گیا کہ آپ ﷺ کے سامنے اور دائیں بائیں آسمان کے کناروں تک جو انسانوں کا ایک بحر بیکراں نظر آتا ہے یہ سب آپ کی امت کے لوگ ہیں اور ان کے علاوہ (یعنی منجملہ ان لوگوں کے یا ان کے علاوہ مزید) ان کے آگے ستر ہزار لوگ ایسے ہیں جو جنت میں بغیر حساب کے جائیں گے اور یہ وہ لوگ ہوں گے جو نہ تو بدفالی لیتے ہیں، نہ منتر پڑھواتے ہیں اور نہ اپنے جسم کو دغواتے ہیں اور اپنے پروردگار پر توکل کرتے ہیں۔ یہ سن کر، ایک صحابی عکاشہ بن محصن کھڑے ہوئے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! ﷺ اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائیے کہ وہ مجھے ان لوگوں میں شامل فرما دے جو اللہ پر توکل کرتے ہیں اور بغیر حساب جنت میں داخل ہوں گے حضور ﷺ نے دعا فرمائی۔ الٰہی عکاشہ کو ان لوگوں میں شامل فرما دے، پھر ایک اور شخص کھڑا ہوا اور اس نے بھی عرض کیا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا فرمائیے کہ وہ مجھے ان لوگوں میں شامل فرما دے آپ ﷺ نے فرمایا۔ اس دعا کے سلسلہ میں عکاشہ تم پر سبقت لے گئے۔ (بخاری ومسلم) تشریح نبی سے مراد رسول ہیں کہ جو اللہ کا دین پہنچانے اور لوگوں کو راہ راست پر لانے کے لئے اس دنیا میں مبعوث کئے گئے۔ جیسا کہ ترجمہ میں بین القوسین واضح کیا گیا، امام نووی (رح) فرماتے ہیں کہ ستر ہزار سے مراد یہ بھی ہوسکتی ہے کہ آپ ﷺ کی امت میں سے ستر ہزار لوگ وہ ہیں جو ان لوگوں کے علاوہ ہیں اور اس سے یہ معنی بھی لئے جاسکتے ہیں کہ ان ہی لوگوں میں ستر ہزار لوگ ایسے بھی ہیں جو بغیر حساب جنت میں داخل ہوں گے۔ اس دوسرے معنی کی تائید بخاری کے روایت کردہ ان الفاظ سے بھی ہوتی ہے کہ ہذہ امتک ویدخلون الجنۃ من ھؤلاء سبعون الفا۔ یعنی یہ آپ کی امت کے لوگ ہیں اور ان میں سے ستر ہزار لوگ وہ ہیں جو بغیر حساب جنت میں داخل ہوں گے۔ نہ اپنے جسم کو دغواتے ہیں کا مطلب یہ ہے کہ وہ لوگ بلا ضرورت اپنے جسم کے کسی حصہ پر آگ کا داغ نہیں لیتے الاّ یہ کہ انہیں کوئی ایسی مجبوری پیش آجائے کہ دغوائے بغیر کوئی چارہ کار نہ ہو، تو یہ اور بات ہے چناچہ ضرورت ومجبوری کے تحت دغوانا بعض صحابہ سے بھی ثابت ہے ان میں سے حضرت سعد ابن ابی وقاص (رض) بھی ہیں جن کا شمار عشرہ مبشرہ میں ہوتا ہے۔ یا یہ معنی ہیں کہ وہ لوگ مطلق نہیں دغواتے، خواہ انہیں اس کی کتنی ہی ضرورت کیوں نہ ہو، کیونکہ وہ تقدیر وقضاء الٰہی پر راضی و مطمئن ہوتے ہیں، ان کا صرف اللہ پر اعتماد و بھروسہ ہوتا ہے، وہ کسی آفت و مصیبت کو دفع کرنے کی تدبیر کرنے کی بجائے اس کی وجہ سے ایک خاص لذت محسوس کرتے ہیں اور اس بات پر ان کو پورا یقین ہوتا ہے۔ کہ فائدہ اور نقصان پہنچانے والا صرف اللہ تعالیٰ ہے، اس کے علاوہ ایسی کوئی ذات اور کوئی چیز نہیں ہے۔ جو حقیقی موثر ہو۔ پس وہ لوگ پاک نفس، گویا مرتبہ مشہود پر فائز ہوتے ہیں کہ ان کی نظر میں ان کا اپنا وجود، عدم کے برابر ہوتا ہے اور نفس کی لذات و خواہشات کے اعتبار سے وہ فنا کا مقام اختیار کرلیتے ہیں۔ بعض شارحین نے یوں لکھا ہے کہ نہ اپنے جسم کو دغواتے ہیں کے معنی یہ ہیں کہ وہ لوگ اول تو جسم کو دغوانے سے اجتناب کرتے ہیں لیکن اگر کسی مرض و تکلیف کی واقعی ضرورت ومجبوری کے تحت ان کو ایسا کرنا بھی پڑتا ہے تو ان کا فائدہ اور شفاء کا اعتقاد صرف اللہ تعالیٰ پر ہوتا ہے نہ کہ محض دغوانے پر۔ بعض حضرات یہ کہتے ہیں کہ جسم پر داغ لینا ان اسباب میں سے ہے جو وہمیہ ہیں، نیز احادیث میں اس کی ممانعت منقول ہے لیکن اگر کسی بیماری و تکلیف کے دفعیہ کے لئے کوئی حاذق معالج دغوانے کو ضروری قرار دے اور اس کا کارگر ہونا یقینی امر ہو تو اس کی اجازت بھی ہے۔ نہ منتر پڑھواتے ہیں میں منتر سے مراد، منتر وافسوں اور جادو ہے کہ جس کے الفاظ ومعنی قرآن و احادیث صحیحہ کے مطابق نہ ہوں اور ان کی وجہ سے شرک میں مبتلا ہوجانے کا خوف ہو، اسی طرح نہ بد فالی لیتے ہیں کا مطلب یہ ہے کہ کسی جانور، خواہ وہ پرندہ ہو اور خواہ چرند جیسے کتا اور بلی وغیرہ، ان کے اڑنے، ان کی آواز اور ان کے راستہ وغیرہ کاٹنے سے وہ لوگ کوئی بدفالی نہیں لیتے۔ حاصل یہ ہے کہ جن لوگوں کے بارے میں یہ بشارت دی گئی ہے کہ وہ بغیر حساب جنت میں داخل ہوں گے وہ دراصل وہ لوگ ہیں جو اپنے ایمان و اعتقاد اور کردار وعمل کے لحاظ سے بہت پختہ و مضبوط ہیں کہ وہ کسی بھی ایسے عقیدہ اور ایسے عمل کو مطلقاً اختیار نہیں کرتے جو زمانہ جاہلیت کے عقائد و اعمال سے مطابقت ومشابہت رکھتا ہے۔ اس موقع پر ایک سوال یہ پیدا ہوسکتا ہے کہ مذکورہ لوگوں کے سلسلے میں ستر ہزار کی تعداد کا ذکر ہے تو کیا از ابتدا تا انتہا اس امت محمدیہ میں ایسے لوگوں کی تعداد صرف ستر ہزار ہی ہوگی ؟ جب کہ یقینا اس وصف کے لوگ مذکورہ تعداد سے کہیں زیادہ ایک ہی زمانہ میں پائے جاسکتے ہیں۔ اس کا جواب یہ ہے کہ ستر ہزار سے مراد کسی مخصوص عدد کو واضح نہیں کرنا ہے۔ بلکہ ستر ہزار کا عدد استعمال کرنے کا واحد مقصد ایسے لوگوں کی کثرت کی طرف اشارہ کرنا ہے۔ حدیث کے آخری جزء کے سلسلے میں یہ اشکال پیدا ہوتا ہے کہ آنحضرت ﷺ نے دوسرے شخص کی درخواست قبول کیوں نہیں کی اور اس کے حق میں دعا کیوں نہیں کی ؟ اس کے جواب دئیے جاسکتے ہیں مثلاً یہ کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنحضرت ﷺ کو اس مجلس میں صرف ایک ہی شخص کے حق میں دعا کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور چونکہ آپ عکاشہ کے حق میں دعا فرما چکے تھے اس لئے ان کے بعد کسی دوسرے شخص کے حق میں دعا کرنے کی گنجائش نہیں رہ گئی تھی۔ یا یہ کہ وہ دوسرا شخص اپنی باطنی حیثیت وحالت کے اعتبار سے اس مرتبہ کا اہل اور اس منزلت کا مستحق نہیں تھا اس لئے آپ ﷺ نے اس کے حق میں دعا نہیں فرمائی۔ لیکن اس کے بارے میں آپ ﷺ نے اس سے صراحت کے ساتھ یہ نہیں فرمایا کہ تم اس مرتبہ ومنزلت کے اہل و مستحق نہیں ہو بلکہ اس کو ایک عام جواب دے دیا اور واضح فرمایا کہ عکاشہ کے حق میں دعا کرنے کا سبب ان کی طرف سے دعا کی عرض والتماس میں سبقت ہے ! بعض حضرات یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ شخص دراصل منافقین میں سے تھا اور ظاہر ہے کہ اس کی یہ حیثیت حضور ﷺ کے علم میں تھی اس لئے آپ ﷺ نے اس کے حق میں دعا نہیں فرمائی لیکن آپ نے از راہ اخلاق ومروت اس سے یہ نہیں کہا بلکہ ایک مجمل جواب دے دیا۔ لیکن بعض حضرات یہ کہتے ہیں کہ عکاشہ کے حق میں دعا کرنا دراصل وحی خفی کے سبب تھا جس میں حضور کو مذکورہ دعا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ قول زیادہ صحیح ہے کیونکہ ایک اور روایت میں بیان کیا گیا ہے کہ اس موقع پر دعا کی درخواست کرنے والے دوسرے شخص حضرت سعد بن عبادہ (رض) تھے جو مشاہیر صحابہ میں سے ہیں۔ نیز یہ ارشاد گرامی اس امر پر دلالت کرتا ہے کہ نیکی کی راہ اختیار کرنے میں سبقت کرنی چاہئے اور اہل اللہ وبزرگان دین سے اپنے حق میں فلاح وسعادت کی دعا کی درخواست کی جانی چاہئے۔
مومن کی مخصوص شان
حضرت صہیب (رض) کہتے ہیں رسول کریم ﷺ نے فرمایا مومن کی بھی عجیب شان ہے کہ اس کی ہر حالت اس کے لئے خیر و بھلائی کا باعث ہے اور یہ بات صرف مومن کے لئے مخصوص ہے کوئی اور اس کے وصف میں شریک نہیں ہے اور اس کو رزق وفراخی و وسعت، راحت، چین، صحت و تندرستی، نعمت ولذت اور طاعت و عبادت کی توفیق کی صورت میں خوشی حاصل ہوتی ہے تو وہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، بس یہ شکر اس کے لئے خیر و بھلائی کا باعث ہوتا ہے اور اگر اس کو فقر و افلاس، مرض و تکلیف، رنج والم اور آفات وحادثات کی صورت میں مصیبت پہنچتی ہے تو وہ اس پر صبر کرتا ہے پس یہ صبر بھی اس کے لئے خیر و بھلائی کا باعث ہوتا ہے۔ (مسلم) تشریح مطلب یہ ہے کہ ہر انسان اپنی شب و روز کی زندگی میں یا تو ایسی حالت سے دوچار ہوتا ہے جو اس کو رنج و تکلیف میں مبتلا کردیتی ہے یا وہ ایسی حالت میں ہوتا ہے کہ جس سے وہ خوشی ومسرت محسوس کرتا ہے ان دونوں حالتوں سے کوئی شخص خالی نہیں ہوتا، پس مومن کے لئے رنج و تکلیف میں مبتلا کرنے والی حالت صبر کا تقاضہ کرتی ہے اور خوشی ومسرت دینے والی حالت شکر کا اور ظاہر ہے کہ یہ دونوں مقام صبر و شکر، نہایت اعلی ہیں اور بہت زیادہ اجر وثواب کا باعث بنتے ہیں، اس طرح مومن گویا ہر حالت میں اعلیٰ مقام و مرتبہ اور بہت زیادہ اجر وثواب کا مستحق ہوتا ہے۔ لیکن یہ بات ذہن نشین رہنی چاہئے کہ اوپر حدیث میں جو یہ فرمایا گیا ہے کہ اور یہ بات صرف مومن کے لئے مخصوص ہے تو بظاہر مومن سے مراد مومن کا دل ہے کیونکہ یہ کامل مومن کی ہی شان ہوتی ہے کہ وہ تنگی و سختی اور رنج و تکلیف کی حالت میں صبر کرتا ہے اور خوش حالی ومسرت کی صورت میں شکر گزار ہوتا ہے، اس کے برخلاف غیر کامل مومن کا یہ حالت ہوتا ہے کہ اگر اس کو رفہ وخوش حالی اور خوشی ومسرت کے اسباب میسر ہوجاتے ہیں تو وہ مغرور ہوجاتا ہے اور خلاف شرع باتیں کرنے لگتا ہے۔ اور اگر تنگی و سختی اور رنج و تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو جزع فزع، شکوہ شکایت اور کفران نعمت کرنے لگتا ہے۔ لہٰذا ہر مومن کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ جس حالت میں بھی ہو اس کے مطابق اپنی کیفیت کا جائزہ لے اور دیکھے کہ وہ اپنے فکر و خیال اور قول وفعل کے اعتبار سے اس حدیث کے معیار پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔ اور پھر کامل مومن کہلانے کا مستحق ہے یا نہیں۔
کچھ خاص ہدایتیں
حضرت ابوہریرہ (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ قوی مسلمان، ضعیف مسلمان سے بہتر اور اللہ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ ہے (یعنی جو مسلمان اللہ کی ذات وصفات کے تئیں ایمان و اعتماد میں مضبوط ہوتا ہے اس پر پختگی کے ساتھ توکل و اعتماد رکھتا ہے ہر حالت میں نیکیاں وبھلائیاں اس کا مقصود ہوتی ہیں اور اللہ کی راہ میں جہاد وایثار کرتا ہے۔ یا یہ کہ جو مسلمان لوگوں کی صحبت وہم نشینی اور ان کی طرف سے پیش آنے والی ایذاء و تکلیف پر صبر کرتا ہے، مخلوق اللہ کی ہدایت کے لئے کوشش کرتا ہے اور تقریر وتحریری اور درس وتعلیم کے ذریعہ خیر و بھلائی پھیلانے میں مصروف رہتا ہے وہ اس مسلمان سے کہیں زیادہ بہتر اور اللہ کے نزدیک کہیں زیادہ محبوب و پسندیدہ ہے جو ان صفات میں اس کا ہم پلہ نہیں ہوتا اور ہر مسلمان خواہ وہ قوی ہو یا ضعیف اپنے اندر نیکی و بھلائی رکھتا ہے۔ (یعنی کوئی مسلمان نیک صفات سے خالی نہیں ہوتا ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خوبی ضرور ہوتی ہے، کیونکہ تمام نیکیوں اور بھلائیوں کا اصل سرچشمہ بنیادی ایمان ہے اور بنیادی ایمان ہر مسلمان میں ہوتا ہے) جو چیز تمہیں دین وآخرت کے اعتبار سے نفع پہنچانے والی ہو اس کی حرص رکھو، اللہ تعالیٰ سے نیک عمل کرنے کی مدد و توفیق طلب کرو اور اس طلب مدد و توفیق سے عاجز نہ ہو کیونکہ اللہ تعالیٰ اس پر پوری طرح قادر ہے کہ تمہیں اپنی طاعت و عبادت کی توفیق عطا فرمائے بشرطیکہ تم اس کی استعانت پر سیدھی طرح قائم رہو۔ اور بعض حضرات نے اس کا مطلب یہ بیان کیا ہے کہ تم اس چیز پر عمل کرنے سے عاجز نہ رہو جس کا تمہیں حکم دیا گیا ہے۔ اور ان کو ترک نہ کرو۔ نیز اگر تمہیں دین و دنیا کی کوئی مصیبت وآفت پہنچے تو یوں نہ کہو اگر میں اس طرح کرتا تو ایسا ہوتا بلکہ زبان قال یا زبان حال سے یہ کہو کہ اللہ تعالیٰ نے یہی مقدر کیا تھا۔ لہٰذا جو کچھ بھی پیش آیا ہے قضاء وقدر الٰہی کے مطابق ہی پیش آیا ہے اور اللہ جو کچھ چاہتا ہے کرتا ہے۔ اور یہ اس لئے کہ اگر کا لفظ جب کسی چیز پر حسرت و پریشانی کے اظہار، تقدیر الٰہی کے ساتھ معارضہ و مقابلہ اور اپنی قوت و تدبیر پر اعتماد کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے تو شیطان کے عمل دخل کا دروازہ کھول دیتا ہے اور دل میں یہ غلط وسوسہ اور خیال سما جاتا ہے کہ ہر کام کا نتیجہ ہماری ہی تدبیر سے نکلتا ہے تقدیر الٰہی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ (مسلم) تشریح یہ کہنا کہ میں اگر فلاں تدبیر کرلیتا اور یہ کام اس طرح کرلیتا تو میں فلاں نقصان اور مصیبت سے بچ جاتا۔ اس لئے ممنوع ہے کہ ایسا کہنا بالکل لاحاصل ہے اور اس کا کوئی فائدہ نہیں جو چیز جس طرح پیش آتی ہے وہ یوں ہی نہیں، بلکہ اللہ کی مشیت اور اس کے حکم وفیصہ کے مطابق پیش آتی ہے۔ جس کو تقدیر کا لکھا کہ آجاتا ہے، جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا ہے۔ آیت (قل لن یصیبنا الا ماکتب اللہ لنا) (کہہ دو کہ ہمیں صرف وہی پہنچے گا جو اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے لکھ دیا ہے) لہٰذا لو یعنی اگر کے لفظ کی ممانعت کا تعلق ایسی بات سے ہے جس کا کوئی فائدہ نہ ہو اور جو تقدیر الٰہی کے معارض ثابت ہوتی ہے تاہم یہ واضح رہے کہ مذکورہ ممانعت نہی تنزیہی کے طور پر ہے نہ کہ نہی تحریمی کے طور پر ! نیز اگر اس لفظ کا استعمال کسی ایسے جملہ میں ہو کہ جس کا مقصد کسی طاعت و عبادت کے فوت ہوجانے پر اظہار تاسف و حسرت سے ہو یا اس عبادت وطاعت سے اس معذوری ومجبوری کے اظہار و افسوس کے تئیں ہو تو کوئی مضائقہ نہیں۔ اور مختلف احادیث میں جو یہ لفظ منقول ہوا ہے وہ اسی مفہوم پر محمول کیا جاتا ہے، بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ عبادت وطاعت کے فوت ہوجانے پر اظہار تاسف کرنا ثواب کا باعث بھی ہے اور اس کو ان چیزوں میں شمار کیا جانا ہی لائق ہے جو مستحب ہیں۔ چناچہ امام رازی (رح) نے اپنی کتاب مشیخت میں ابی عمرو سے نقل کیا ہے کہ جس شخص نے اپنی کسی دنیاوی چیز کے فوت وضائع ہوجانے پر تاسف کیا تو وہ ایک ہزار سال کی مسافت کے بقدر دوزخ کے قریب ہوجاتا ہے اور جس شخص نے اپنے کسی دینی عمل اور کسی اخروی چیز کے فوت وضائع ہوجانے پر تاسف کیا تو وہ ایک ہزار سال کی مسافت کے بقدر جنت کے قریب ہوجاتا ہے۔
اللہ پر پوری طرح توکل کرنے کی فضیلت
حضرت عمر بن خطاب (رض) کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر تم اللہ تعالیٰ پر توکل و اعتماد کرو جیسا کہ توکل کا حق ہے تو یقینا وہ تمہیں اسی طرح روزی دے گا جس طرح کہ پرندوں کو روزی دیتا ہے۔ (وہ پرندے صبح کو بھوکے نکلتے ہیں اور شام کو پیٹ بھرے اپنے گھونسلوں میں واپس آتے ہیں۔ (ترمذی، ابن ماجہ) تشریح توکل کا حق یہ ہے کہ اول تو اس بات پر پورا یقین و اعتقاد ہو کہ کسی بھی چیز کو وجود میں لانے والا اللہ تعالیٰ کے علاوہ اور کوئی نہیں ہے۔ اور ہر موجودہ کو خواہ وہ جاندار یا غیر جاندار مخلوق ہو، یا رزق، کسی چیز کا ملنا ہو یا نہ ملنا ہو، ضرر ہو یا نفع ہو، غربت و افلاس ہو یا ثروت و مال داری ہو، مرض ہو یا صحت ہو اور موت ہو یا حیات ہو، غرضیکہ کوئی بھی چیز ہو، سب کا مالک اللہ تعالیٰ ہے اور سب چیزیں اسی کی طرف سے ہیں، پھر اس امر کا پختہ اعتقاد ہو کہ رزق کا ضامن بلاشک وشبہ اللہ تعالیٰ ہے۔ اور پھر اس یقین و اعتقاد کے ساتھ حصول معاش کی سعی وجہد میں اچھے طور طریقوں سے اور مناسب و معقول صورت میں مشغول ہو، یعنی کسب و کمائی میں زیادہ تعب ومشقت برداشت نہ کرے، حرص و لالچ میں مبتلا نہ ہو، ضرورت سے زیادہ حاصل کرنے کی جدوجہد نہ کرے اور کمانے کی دھن میں غرق نہ ہوجائے کہ حلال و حرام کی تمیز بھی نہ کرسکے۔ حضرت امام غزالی (رح) فرماتے ہیں کہ جس شخص کا گمان یہ ہو کہ توکل نام سے کسب وعمل کے ترک کردینے کا اور ہاتھ پاؤں کو معطل کردینے اور اپاہج بن کر پڑے رہنے کا کہ جس طرح کسی کپڑے کو زمین پر ڈال دیا جائے تو، وہ شخص نرا جاہل ہے۔ اور حضرت امام قشیری (رح) کا قول یہ ہے کہ توکل کا اصل مقام قلب ہے اور حصول معاش کے لئے حرکت وعمل ایک ظاہری فعل ہے جو توکل کے منافی نہیں ہے بشرطیکہ اصل اعتماد اپنے کسب وعمل کی بجائے محض اللہ تعالیٰ پر ہو، اسی لئے حدیث میں پرندہ کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے اور وہ اگرچہ اپنی روزی کی تلاش میں نکلتا ہے اور سارے جہاں میں مارا مارا پھرتا ہے لیکن اس کا اصل اعتماد اللہ تعالیٰ ہی پر ہوتا ہے، نہ کہ اپنی طلب اور جدو جہد اور اپنی تدبیر وقوت پر لہٰذا اس سے واضح ہوا کہ انسان کا حصول معاش کے لئے معقول اور مناسب طریقہ پر جدوجہد اور سعی کرنا اللہ تعالیٰ پر اعتماد و بھروسہ کرنے کے منافی نہیں ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا آیت (وکاین من دابۃ لا تحمل رزقہا اللہ یرزقہا وایاکم) ۔ یعنی اور کوئی جانور اپنا رزق اٹھائے نہیں پھرتا بلکہ اللہ تعالیٰ ہی اس کو بھی اور تمہیں بھی رزق عطا کرتا ہے۔ حاصل یہ کہ حدیث کا مفہوم اس امر سے آگاہ کرنا ہے کہ سعی جدوجہد اور کسب وعمل حقیقت میں رزق پہنچانے والا نہیں ہے بلکہ رزق پہنچانے والا صرف اللہ تعالیٰ ہے اسی طرح حدیث کا مقصد یہ بھی نہیں ہے کہ انسان کو اپنی روزی کمانے کے لئے حرکت وعمل سے باز رکھا جائے کیونکہ اللہ پر توکل و اعتماد کا تعلق دل سے ہے جو اعضائے ظاہری کی حرکت وعمل کے مطلقاً منافی نہیں ہے، گو بسا اوقات اعضا وجوارح کی حرکت اور کسی کسب وعمل کے بغیر بھی اللہ تعالیٰ رزق پہنچاتا ہے بلکہ توکل کی برکت تو یہاں تک ہوتی ہے کہ متوکل کو اپنا رزق لینے کے لئے حرکت بھی کرنا نہیں پڑتی بلکہ دوسرے حرکت کر کے اس تک اللہ تعالیٰ کی طرف سے رزق پہنچاتے ہیں جیسا کہ اس ارشاد ربانی کے عمومی مفہوم سے واضح ہوتا ہے۔ آیت (ومامن دابۃ فی الارض الا علی اللہ رزقہا۔ کہ جب کوے کے بچے انڈے سے باہر آتے ہیں تو بالکل سفید ہوتے ہیں اور کوا ان بچوں کو دیکھتا ہے تو وہ اسے بہت برے لگتے ہیں چناچہ ان بچوں کو چھوڑ کر کوا چلا جاتا ہے۔ اور وہ تنہا پڑے رہ جاتے ہیں تب اللہ تعالیٰ ان کے پاس مکھی اور چیونٹیاں بھیجتا ہے جن کو وہ بچے بچے چن چن کر کھاتے ہیں اور پرورش پاتے رہتے ہیں، یہاں تک کہ جب وہ بڑے ہوجاتے ہیں تو اپنا رنگ بدل دیتے ہیں اور بالکل سیاہ ہوجاتے ہیں، پھر جب کچھ عرصہ کے بعد کوا ان بچوں کے پاس آتا ہے اور ان کو سیاہ رنگ کو دیکھتا ہے تو ان کو لے کر بیٹھ جاتا ہے اور ان کی پرورش کرنے لگتا ہے اس سے واضح ہوا کہ اللہ تعالیٰ بغیر حرکت وسعی کے بھی کسی طرح رزق پہنچاتا ہے، اس سلسلے میں کافی حکایتیں بیان کی جاتی ہیں لیکن یہ حکایت تو بہت ہی عجیب و غریب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے روح قبض کرنے والے فرشتے عزرائیل (علیہ السلام) سے پوچھا کہ کیا کسی کی روح نکالتے وقت تجھے رحم بھی کبھی آیا ہے ؟ عزرائیل (علیہ السلام) نے کہا کہ ہاں اے میرے پروردگار، ایک موقع پر تو مجھے بہت ہی رحم آیا تھا اور وہ اس وقت کا قصہ ہے جب کہ ایک کشتی ٹوٹ گئی تھی اور اس کے لوگ پانی میں غرق ہوگئے تھے لیکن کچھ لوگ ڈوبنے سے بچ گئے تھے اور کشتی کے باقی ماندہ تختوں پر تیر رہے تھے، انہی میں ایک عورت تھی جو ایک تیرتے ہوئے تختے پر بیٹھی ہوئی اپنے شیر خوار بچے کو دودھ پلا رہی تھی، جبھی تیرا حکم ہوا کہ اس عورت کی روح قبض کرلی جائے چناچہ میں نے اس عورت کی روح قبض کرلی، لیکن اس کے بچے پر بہت رحم آیا جو اس دریا میں ایک ٹوٹے ہوئے تختے پر تنہا رہ گیا تھا اللہ تعالیٰ نے فرمایا تمہیں معلوم ہے اس بچے کا انجام کیا ہو ؟ میں نے اس تیرتے ہوئے تختے کو ایک جزیرہ کے کنارے لگ جانے کا حکم دیا جہاں اس نے بچہ کو ساحل پر ڈال دیا، پھر میں نے ایک شیرنی اس بچے کے پاس بھیجی جس نے اس کو اپنا دودھ پلا پلا کر پرورش کیا، جب وہ کچھ بڑا ہوگیا تو میں نے کچھ جنات متعین کر دئیے تاکہ وہ اس بچے کو آدمیوں کی بول چال اور رہن سہن کی تعلیم دیں، یہاں تک کہ وہ ایک مضبوط جوان ہوگیا اور پھر علم وفضل میں کمال حاصل کرتا ہوا علماء کی صف میں داخل ہوگیا، دولت وامارت سے بہرہ مند ہوا اور آخرکار سلطنت کے مرتبہ کو پہنچ کر تمام روئے زمین کا بادشاہ وحکمران بن گیا، تب وہ اپنی اصل حقیقت کو بھول گیا، روئے زمین پر چلنے والی اس کی مطلق العنانی اس کی انسانیت و عبودیت کی سب سے بڑی دشمن بن گئی، اس نے عبودیت کے مرتبہ اور ربوبیت کے حقوق کو فراموش کردیا اس کو یہ یاد نہ رہا کہ اللہ تو وہ ذات ہے جس نے اس کو دریا کی لہروں سے زندہ بچا کر اپنی قدرت کے ذریعہ پرورش و تربیت کے مراحل سے گزارا اور پھر اس مرتبہ تک پہنچایا کہ آج وہ تمام روئے زمین کا بادشاہ اور مطلق العنان حکمران بنا بیٹھا ہے، جانتے ہو وہ کون شخص تھا ؟ وہ اس دنیا میں شداد کے نام سے مشہور ہوا ہے۔ بہرحال اہل ایمان کو فراموش نہ کرنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ بہت رحیم و کریم ہے وہ اپنے بندوں پر نہایت مہربان ہے، جب وہ اپنے دشمنوں کو رزق دیتا ہے تو یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ وہ اپنے ان بندوں کو بھول جائے جو اس کے دوست اور محبوب ہیں۔
حصول رزق کے بارے میں ایک خاص ہدایت
حضرت ابن مسعود (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ لوگو ! کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو تم کو جنت سے قریب کر دے اور دوزخ کی آگ سے دور کر دے علاوہ اس چیز کے جس کو اختیار کرنے کا حکم میں نے تمہیں دیا ہے اور کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو تم کو دوزخ کی آگ سے قریب کر دے اور جنت سے دور کر دے علاوہ اس چیز کے جس سے میں نے تمہیں منع کیا ہے اور روح الامین۔ یا ایک روایت میں ہے کہ روح القدس (یعنی حضرت جبرائیل علیہ السلام) نے میرے دل میں یہ بات ڈالی ہے (یعنی میرے پاس وحی خفی لائے ہیں) کہ بلاشبہ کوئی شخص اس وقت تک نہیں مرتا جب تک کہ اپنا رزق پورا نہیں کرلیتا (یعنی جو شخص بھی اس دنیا میں آتا ہے وہ اپنے اس رزق کو پائے بغیر دنیا سے نہیں جاتا جو اس کی پیدائش کے ساتھ ہی اسے مقدر میں لکھدیا جاتا ہے، جیسا کہ حق تعالیٰ نے اس طرف یوں اشارہ فرمایا ہے آیت (اللہ الذی خلقکم ثم رزقکم ثم یمیتکم) پس جب یہ معاملہ ہے کہ جو رزق مقدر ہوگیا ہے وہ ہر حال میں ملے گا تو دیکھو، اللہ کی نافرمانی سے ڈرتے رہو اور حصول معاش کی جدوجہد نیک روی اور اعتدال اختیار کرو تاکہ تمہارا رزق تم تک جائز و حلال وسائل و ذرائع اور مشروع طور طریقوں سے پہنچے نیز کہیں ایسا نہ ہو کہ رزق پہنچنے میں تاخیر تمہیں اس بات پر اکسا دے کہ تم گناہوں کے ارتکاب کے ذریعہ رزق حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگو، حقیقت یہ ہے کہ جو چیز اللہ کے پاس ہے اس کو اس کی طاعت و خوشنودی ہی کے ذریعہ پایا جاسکتا ہے۔ اس روایت کو بغوی نے شرح السنۃ میں اور بیہقی نے شعب الایمان میں نقل کیا ہے لیکن بیہقی نے وان روح القدس کے الفاظ نقل نہیں کئے ہیں۔ تشریح حدیث کے ابتدائی جملوں کا مفہوم اس بات پر بصراحت دلالت کرتا ہے کہ وہ تمام باتیں جو انسانیت کو ابدی نفع پہنچانے والے امور اور نقصان کو دفع کرنے والے ذرائع سے روشناس کراتی ہیں صرف کتاب وسنت سے حاصل کی جاسکتی ہیں، جو باتیں اور جو چیزیں کتاب وسنت کی روشنی سے بےبہرہ ہوں وہ انسان کو صلاح و فلاح سے تو کیا ہمکنار کرسکتی ہیں ان میں اپنا وقت بھی صرف کرنا عمر کو بےفائدہ ضائع کرنا ہے۔ لفظ روح جان کے معنی میں آتا ہے اور اس سے وحی جبرائیل اور عیسیٰ (علیہ السلام) کے معنی بھی لئے جاتے ہیں، یہاں اس لفظ سے حضرت جبرائیل (علیہ السلام) کی ذات مراد ہے اور ان کی صفت امین کے ذریعہ بیان کرنا (یعنی ان کو روح الامین کہنا ان کی اس کمال دیانت داری کے سبب سے ہے جو اللہ کے رسولوں تک علم و وحی پہنچانے میں ان کا وصف خاص ہے۔ اسی طرح روح القدس میں ان کی طرف قدس (پاکی) کی نسبت ناموئی نجاست وکثافت سے ان کی کمال طہارت وپا کی بناء پر ہے۔ لفظ اجملوا اجال سے نکلا ہے اور اس کے معنی ہیں روزی کی تلاش میں اعتدال اختیار کرنا، مطلب یہ ہے کہ تم حصول معاش کی خاطر کئے جانے والے کسب وعمل اور سعی وجدوجہد میں نیکی ومیانہ روی اختیار کرو، طلب معاش میں ضرورت سے زیادہ مشقت و محنت کرنا غیر مناسب بات ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے تمہیں تلاش رزق کا مکلف قرار نہیں دیا گیا ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔ آیت (وما خلقت الجن والانس الا لیعبدون۔ ماارید منہم من رزق وما ارید ان یطعمون۔ ان اللہ ہو الرزاق ذوالقوۃ المتین) ۔ میں نے جنات اور انسانوں کو اس لئے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں، میں ان سے رزق کا بالکل طالب نہیں ہوں اور نہ یہ قطعا چاہتا ہوں کہ وہ مجھ کو بھلائیں، حقیقت یہ ہے کہ رزاق تو صرف اللہ تعالیٰ ہے (اور) وہ بڑی زبردست قوت کا مالک ہے۔ ایک موقع پر پروردگار نے یوں فرمایا ہے۔ آیت (وأمر اھلک بالصلوۃ واصطبر علیہا لا نسئلک رز قا نحن نرزقک، والعاقبۃ للتقویٰ ) ۔ اور اپنے گھر والوں کو نماز پڑھنے کا حکم کرو اور اس پر صابر و قائم رہو، ہم تم سے روزی کے خواستگار نہیں ہیں (یعنی ہم تمہیں اپنی اور دوسروں کی روزی پیدا کرنے کا مکلف قرار نہیں دیتے بلکہ ہم تمہیں روزی دیتے ہیں اور حسن انجام انہیں کے لئے ہے جو اللہ سے ڈرتے ہیں۔ حاصل یہ ہے کہ لفظ اجملو کے ذریعہ جو حکم دیا گیا ہے اس کا مفہوم اگر وہ مراد لیا جائے جو اوپر مذکور ہوا تو پھر یہ حکم اباحت کے لئے ہوگا اور اگر اس لفظ کے یہ معنی مراد لئے جائیں کہ تم اپنا رزق حلال و جائز وسائل و ذرائع سے حاصل کرو، تو اس صورت میں حکم وجوب کے لئے ہوگا، اس کی تائید بعد کی عبارت ولا یحملنکم الخ سے بھی ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر حصول معاش کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوجائے اور رزق پہنچنے میں تاخیر محسوس کرو تو اس کی وجہ سے مضطرب وپراگندہ خاطر نہ ہوجاؤ اور ایسا ہرگز نہ ہو کہ روزی حاصل کرنے کے لئے حرام و مکروہ ذرائع اختیار کرنے لگو، مثل چوری ڈکیتی پر اتر آؤ کسی کا مال ہڑپ کرلو، امانت میں خیانت کے مرتکب ہوجاؤ اور کچھ نہ سہی تو اپنی سیادت و حیثیت اور اپنی عبادت ودیانت کا اظہار کر کے ان چیزوں کو حصول رزق کا واسطہ بنا لو، یا بیت المال جیسے مراکز سے اپنے حق اور اپنی حاجت سے زیادہ حاصل کرنے میں کوئی خرابی نہ سمجھو وغیرہ وغیرہ۔ اور حقیقت تو یہ ہے کہ رزق دیر سے کبھی نہیں پہنچتا جو کچھ پہنچے اور جس وقت پہنچے اصل رزق ہی ہے اور اسی طرح مقدر ہوتا ہے، پھر یہ کہ گناہ و معصیت کے ارتکاب سے رزق میں نہ تو وسعت ہوتی ہے اور نہ جلدی پہنچتا ہے اسی قدر ملتا ہے اور اسی وقت پہنچتا ہے کہ مقدر میں جس قدر اور جس وقت پہنچنا لکھا جا چکا ہے، علاوہ ازیں مضطرب اور پراگندہ خاطر ہونے سے سوائے گناہ کے اور کچھ حاصل نہیں ہوسکتا اور جو رزق گناہ کے ساتھ پہنچے وہ حرام ہوتا ہے۔ لہٰذا حصول معاش کی راہ میں اضطراب وبے چینی اور گناہ و معصیت کی راہ اختیار کرنا کسی بھی طرح فائدہ مند نہیں اس سے اجتناب کرنا چاہئے۔ طیبی نے لکھا ہے کہ اجملو کے ذریعہ جو حکم دیا گیا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر مال کماؤ تو حسن و خوبی کے ساتھ کماؤ یعنی کسی حال میں ایسا کوئی ذریعہ اور ایسا کوئی طریقہ اختیار نہ کرو جو شریعت کے خلاف ہو لفظ استبطأ اصل میں ابطاء تاخیر ہونے کے معنی میں استعمال ہوا ہے اور حرف سین اظہار مبالغہ کے لئے ہے جیسا کہ قرآن نے ان الفاظ آیت (ومن کان غنیا فلیستعفف) میں استعفف دراصل عف (باز رہنے) کے معنی میں ہے۔
اصل زہد کیا ہے؟
حضرت ابوذر (رض) نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا دنیا سے زہد اختیار کرنا یہ نہیں ہے کہ حلال چیزوں کو حرام کرلیا جائے اور مال و اسباب کو ضائع کردیا جائے بلکہ دنیا سے زہد اختیار کرنا یہ ہے (یعنی اس دنیا کے تئیں کامل و معتبر زہد یہ) کہ مال و دولت اور دیگر دنیاوی اسباب میں سے) جو کچھ تمہارے ہاتھوں میں ہے اس پر اس چیز سے زیادہ اعتماد و بھروسہ نہ کرو جو اللہ تعالیٰ کے ہاتھوں میں ہے نیز زہد یہ ہے کہ تم اس وقت کہ جب کسی مصیبت میں مبتلا ہو تو طلب ثواب کی خاطر اس مصیبت کی طرف کہ جو اگر تمہارے لئے باقی رہے زیادہ رغبت رکھو۔ (ترمذی، ابن ماجہ) اور ترمذی نے کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے اور اس کے ایک راوی عمرو بن واقد، منکر الحدیث ہیں۔ تشریح حقیقی زہد کیا ہے اور زاہد کسے کہتے ہیں ؟ اس بات کو حضور ﷺ نے وضاحت کے ساتھ بیان فرما دیا ہے چناچہ ارشاد گرامی کے مطابق دنیا سے زہد اختیار کرنا اس چیز کا نام ہرگز نہیں ہے کہ محض دنیا کی نعمتوں اور لذتوں اور طبعی خواہشوں کو ترک کردیا جائے جب کہ ایسا کرنا گویا ان چیزوں کو اپنے اوپر حرام کرلینا ہے جن کو اللہ نے حلال کیا ہے اور یہ بات نہ صرف یہ کہ حقیقی زہد وتقوی سے کوئی مناسبت نہیں رکھتی بلکہ بذات خود ممنوع ہے جیسا کہ قرآن میں فرمایا گیا ہے۔ آیت (لاتحرموا طیبات مااحل اللہ لکم) ان پاکیزہ چیزوں کو حرام نہ کرو جن کو اللہ تعالیٰ نے حلال قرار دیا ہے علاوہ ازیں حضور ﷺ سے یہ ثابت ہی ہے کہ آپ ﷺ نے مرغوب ولذیذ چیزوں اور اللہ کی اتاری ہوئی دنیاوی نعمتوں سے اجتناب نہیں کیا بلکہ جو چیز حاصل ہوئی اس سے فائدہ اٹھایا اور ظاہر ہے کہ حضور ﷺ سے زیادہ زہد وتقوی کس سے ہوسکتا ہے۔ لہٰذا جو نام نہاد صوفی اور جاہل محض ترک لذات کو زہد وتقویٰ کا کمال سمجھتے ہوئے عمدہ ولذیذ کھانوں اور پھل ومیوہ جات وغیرہ سے اجتناب کرتے ہیں اچھے اور نئے لباس اور اسی طرح کی دوسری نعمتوں کو ترک کرتے ہیں اور اس چیز کو زہد وتقویٰ کا نام دیتے ہیں وہ حقیقت میں یہ جانتے تک نہیں کہ زہد کس کو کہتے ہیں اور زاہد ہونے کا مطلب کیا ہے، اسی طرح زہد وتقویٰ یہ بھی نہیں ہے کہ اللہ نے جو مال و دولت اور روپیہ پیسہ عطا کیا ہو اس کو یوں ہی ضائع کردیا جائے یا اس کو غیر مصرف میں خرچ کردیا جائے مثلا یہ سوچ کر کہ میرے پاس جو مال و دولت رہے زہد وتقویٰ کی راہ میں رکاوٹ ہے اس کو لے جا کر دریا میں پھینک دے یا فقیر وغنی مستحق وغیرمستحق کی تمیز کے بغیر لوگوں میں بانٹ دے۔ حاصل یہ کہ نہ تو اس طرح کے ظاہری زہد کا اعتبار ہے اور نہ یہ بات گوارا کرنے کے قابل ہے کہ دنیا کے ظاہری مال و اسباب سے اپنے ہاتھ کو بالکل خالی رکھے اور کوئی چیز کمانے اور اپنے پاس رکھنے کو تو زہد وتقویٰ کے خلاف جانے مگر معاشی ضرورت و احتیاج کے وقت دل غیر اللہ کی طرف متوجہ رکھے بلکہ اصل مدارو اعتبار قلب کے زہد پر ہے کہ دل ہر صورت میں صرف اللہ کی طرف متوجہ رہے اور اس میں دنیا اور دنیا کی کسی چیز کی کوئی محبت نہ ہو۔ جو کچھ تمہارے ہاتھوں میں ہے سے مراد یہ ہے کہ دنیاوی مال و اسباب، تدبیر وہنر، کسب وعمل اور مادی اسباب و وسائل ہیں۔ اسی طرح جو اللہ کے ہاتھوں میں ہے سے مراد یہ ہے کہ وہ چیز اس کے ظاہری و باطنی خزانوں میں ہے۔ اس جملہ کا مطلب یہ ہے کہ تمہارا اصل اعتماد و بھروسہ اللہ تعالیٰ کے وعدہ پر ہونا چاہئے۔ جو اس نے تمہیں رزق دینے اور تم تک اپنی نعمتیں پہنچانے کے بارے میں کیا ہے کہ وہ تمہیں اس طرح رزق دیتا ہے اور ایسی جگہ سے تم تک اپنی نعمتیں پہنچاتا ہے کہ تم اس کا گمان بھی نہیں کرسکتے۔ جو چیز تم اپنی سعی و تدبیر سے حاصل کرتے ہو اور جو مال وغیرہ تم اپنے کسب وعمل کے ذریعہ پیدا کرتے ہو اس کو یہ نہ سمجھو کہ واقعتا اس چیز کے حاصل ہونے اور اس مال کے ملنے کے صرف تمہاری تدبیر وسعی اور تمہارے کسب وعمل کا دخل ہے بلکہ یہ یقین رکھو کہ تم تک جو کچھ بھی آیا ہے وہ سب دراصل اللہ ہی کی طرف سے اس کے وعدہ رزق کے مطابق آیا ہے اگر اللہ تمہیں کچھ بھی نہ دینا چاہتا تو تم لاکھ تدبیر وسعی کرتے اور کتنی ہی محنت ومشقت سے کماتے تمہارے ہاتھ میں ایک پھوٹی کوڑی بھی نہ آسکتی تھی پھر اس بات کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے تھا کہ تم نے ظاہری اسباب و وسائل کے ذریعہ جو کچھ کمایا اور حاصل کیا ہے اور تمہارے کسب و عمل کے نتیجہ میں جو بھی چیز تمہارے پاس آئی ہے کہ خواہ وہ جاہ ومنصب ہو یا مال و زر، خواہ وہ صنعتی و تجارتی کاروبار ہو یا زمین و جائیداد ہو، بالفرض محال علم کیمیا ہی کیوں نہ ہو، یہ سب چیزیں ان نعمتوں اور فائدوں سے زیادہ دیرپا ہرگز نہی ہوسکتیں جو اللہ کے خزانہ قدرت میں موجود ہیں اور جو تمہیں ابھی نہیں ملی ہیں، کیونکہ تمہارے پاس جو کچھ بھی ہے وہ سب تلف وفنا ہوجانے والا ہے اس کے برخلاف جو چیزیں اور نعمتیں اللہ کے خزانوں میں ہیں وہ سب ہمیشہ ہمیشہ باقی رہنے والی ہیں، جیسا کہ خود اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔ آیت (ماعندکم ینفد وماعند اللہ باق) ۔ تمہارے پاس جو کچھ بھی ہے سب فانی ہے اور جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ باقی رہنے والا ہے۔ حدیث کے آخری جزو، وان تکون فی ثواب المصیبۃ الخ کا مطلب یہ ہے کہ زہد یہ بھی ہے کہ تم دنیا کی راحت چین اور آرام و آسائش کی طرف مائل و متوجہ نہ ہو اور دنیاوی نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کی خواہش و آرزو نہ رکھو بلکہ یہ جانو کہ دنیا کی نعمتیں اور لذتیں دراصل ان آفات اور بلاؤں میں مبتلا کرنے کا ذریعہ ہیں جو دینی اور اخروی، زندگی کو نقصان پہنچاتی ہی۔ یہ اس لئے ضروری ہے تاکہ تمہارا دل دنیا کی طرف مائل نہ ہو اور تمہارا نفس دنیاوی چیزوں سے کوئی انس وتعلق نہ رکھے لہٰذا جب تم کسی دنیاوی مصیبت وآفت میں مبتلا ہو تو اس وقت مضطرب و پریشان حال اور شاکی ہونے کے بجائے اس مصیبت وآفت کو خوش آمدید کہو اور اس کے ذریعہ اجر وثواب کے طلبگار بنو یہاں تک کہ اس وقت تمہارے دل میں اس مصیبت کی طرف اتنی زیادہ رغبت واشتیاق ہو کہ جیسے وہ ابھی آئی نہیں ہے اور تم اس کے منتظر ہو۔ واضح رہے کہ ان الفاظ لو انہا بقیت میں لفظ بقیت دراصل لم یصب کے معنی میں استعمال ہوا ہے اور جملہ کا واضح مفہوم، جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے کہ اجر وثواب کی وجہ سے اس مصیبت کی طرف تمہاری رغبت، عدم مصیبت کی رغبت سے زیادہ ہونی چاہئے۔ بہرحال حضور ﷺ نے زہد کی مذکورہ دو صورتیں بیان کر کے یہ واضح فرمایا کہ کسی شخص میں ان دونوں صفات کا ہونا اس کے حق میں یہ کھلی ہوئی دلیل ہوگی کہ وہ زہد کے مقام پر فائز ہے دنیا اور دنیا کی چیزیں اس کی نظر میں کالعدم اور صرف آخرت اس کا مطلوب و مقصود ہے۔ اس سے واضح ہوا کہ یوں تو بظاہر زہد کا مفہوم یہی ہے کہ دنیا سے بےرغبتی ہو، دنیاوی متاع و خواہشات جیسے مال و دولت اور جاہ ومنصب وغیرہ کو ترک کیا جائے۔ لیکن حضور ﷺ نے اشارہ فرمایا کہ زہد کا مرتبہ محض اس چیز سے کامل نہیں ہوتا تاوقتیکہ صبر و توکل کا مقام حاصل نہ ہو اور آخرت کی طرف رغبت واشتیاق اس حد کو نہ پہنچ جائے کہ اس دنیا میں جو مصیبتیں اور بلائیں پہنچیں وہ آخرت کے اجر وثواب کی تمنا میں محبوب و پسندیدہ بن جائیں اور ان کا پہنچنا، ان کے نہ پہنچنے سے زیادہ مرغوب ہو۔ اگر یہ مقام حاصل ہوجائے تو سمجھنا چاہئے کہ زہد کی صفت پوری طرح پیدا ہوگئی، ورنہ بصورت دیگر محض مال و دولت کو ترک کرنا اور دنیاوی لذتوں اور نعمتوں سے اجتناب کرنا گویا اپنے مال کو ضائع کرنا اور حلال چیزوں کو اپنے اوپر حرام کرلینا ہے۔
تمام تر نفع ونقصان پہنچانے والا اللہ ہے
حضرت ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ ایک دن سفر کے دوران میں رسول کریم ﷺ کی سواری پر آپ ﷺ کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا کہ آپ ﷺ نے مجھے مخاطب کر کے فرمایا۔ لڑکے ! اللہ تعالیٰ کے تمام احکام امر و نہی کا خیال رکھو۔ اللہ تعالیٰ تمہارا خیال رکھے گا اگر تم اللہ تعالیٰ کے احکام کی فرمانبرداری کرتے ہوئے ان چیزوں پر عمل کرو گے جن پر عمل کرنے کا اس نے حکم دیا ہے اور ان چیزوں سے اجتناب کرو گے جن سے اجتناب کرنے کا اس نے حکم دیا۔ نیز تم ہر وقت اور ہر معاملہ میں اسی کی رضا و خوشنودی کے طالب رہو گے تو یقینا اللہ تعالیٰ بھی تمہارا خیال رکھے بایں طور کہ تمہیں دنیا میں بھی ہر طرح کی آفات اور مصیبتوں سے بچائے گا اور آخرت میں بھی ہر عذاب و سختی سے محفوظ رکے گا، جیسا کہ فرمایا گیا ہے (ومن کان للہ کان اللہ لہ) یعنی جو شخص اللہ تعالیٰ کا ہوجاتا ہے اللہ تعالیٰ بھی اس کا ہوجاتا ہے اللہ تعالیٰ کے حق کا خیال رکھو گے تو تم اللہ تعالیٰ کو اپنے ساتھ پاؤ گے یعنی اگر تم اللہ تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی کو ہر لمحہ یاد رکھو گے، اس کے نظام قدرت میں غور وفکر کرو گے اور ان نعمتوں کا شکر ادا کرتے رہو گے تو تم اس کی بےپایاں رحمتوں اور اس کے انعامات کو اپنے سامنے پاؤ گے) جب تم سوال کا ارادہ کرو تو صرف اللہ تعالیٰ کے آگے دس سوال دراز کرو، جب تم (دنیا وآخرت کے کسی بھی معاملہ) میں مدد چاہو تو صرف اللہ تعالیٰ سے مدد مانگو۔ اور یہ جان لو کہ۔ اگر تمام مخلوق کہ خواہ عوام ہوں یا خواص، انبیاء ہوں یا اولیاء اور ائمہ دین ہوں یا سلاطین دنیا مل کر بھی تمہیں نفع پہنچانا چاہیں (یعنی اگر بفرض محال یہ ساری مخلوق اس بات پر اتفاق کرلے کہ وہ سب مل کر تمہیں کسی دنیاوی یا اخروی معاملہ میں کوئی فائدہ پہنچا دے تو ہرگز تمہیں نفع نہیں پہنچا سکے گی، علاوہ صرف اس چیز کے جو اللہ تعالیٰ نے تمہارے مقدر میں لکھ دیا ہے اور اگر دنیا کے تمام لوگ مل کر بھی تمہیں کسی طرح کا کوئی نقصان وضرر پہنچانا چاہیں تو وہ ہرگز تمہیں کوئی نقصان وضرر نہیں پہنچا سکیں گے علاوہ صرف اس چیز کے جس کو اللہ تعالیٰ نے تمہارے مقدر میں لکھ دیا ہے، قلم اٹھا کر رکھ دئیے گئے اور صحیفے خشک ہوگئے۔ (احمد، ترمذی) تشریح تو تم اللہ تعالیٰ کو اپنے سامنے پاؤ گے کے معنی ایک یہ کہ جس کی طرف ترجمہ میں بھی بین القوسین اشارہ کیا گیا ہے، بعض حضرت کے مطابق یہ ہیں کہ اگر تم اللہ تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی یعنی اس کی عبادت وطاعت اور اس کے احکام کی فرمانبداری پر پابندی کے ساتھ عمل پیرا ہوگے تو تمہیں اپنی حفاظت و پناہ میں رکھے گا اور تمہارے ساتھ معاملات میں مدد اور مشکل کشائی کرے گا اور تمہارے مقاصد عزائم میں کامیابی عطا فرمائے گا (یا یہ کہ اس صورت میں تم اللہ تعالیٰ کی عنایت و مہربانی کو اپنے سامنے پاؤ گے کہ وہ تمہارے تمام معاملات میں تمہاری رعایت کرتے گا اور طرح طرح سے تمہاری مدد و اعانت کرے گا۔ ایک مطلب، جو بہت اونچے مقام کا ضامن ہے، یہ ہے کہ جب تم حق تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی، اس کی اطات عبادت کی پابندی اور اس کی رضا و خوشنودی کی طلب میں مشغول ومستغرق رہو گے تو اس وقت تمہاری نگاہ معرفت اس کو اپنے سامنے اس طرح پالے گی کہ گویا وہ تمہارے سامنے موجود ہے اور تم مقام احسان اور کمال ایمان کے درمیان اس کا مشاہدہ کر رہے ہو اور بالکل ایسا محسوس کرو گے، جیسے تم اس کو دیکھ رہے ہو بایں حیثیت کہ اللہ کے سوا ہر چیز تمہاری نظر کے سامنے سے بالکل معدوم اور فنا ہوجائے گی، پس اس طرح تمہیں مراقبہ کی کیفیت بھی حاصل ہوگی اور مقام مشاہدہ بھی نصیب ہوگا۔ صرف اللہ کے آگے سوا دست دراز کرو کیونکہ عطاء و بخشش کے تمام خزانے اسی کے پاس اور اسی کے دست قدرت میں ہیں اور دنیا وآخرت کی ہر وہ نعمت و راحت جو بندہ کو پہنچتی ہے اور ہر وہ بلا و سزا جس سے بندہ محفوظ رہتا ہے محض اللہ تعالیٰ کی رحمت سے پہنچتی ہے یا دفع ہوتی ہے، پھر اس کی رحمت، صرف رحمت ہے نہ کہ اس میں کسی غرض کی آمیزش ہے اور نہ کسی علت وسبب کا دخل، نیز وہ جواد مطلق اور ایسا غنی ہے کہ نہ اس کے یہاں کسی چیز کی کمی ہے اور نہ وہ کبھی محتاج ہوتا ہے لہٰذا صرف وہی ذات اس لائق ہے کہ اپنی ہر امید اس سے وابسہ کی جائے اس کے عذاب کے علاوہ اور کسی سے خوف نہ کھایا جائے، اپنی ہر مشکل میں اور ہر مہم میں صرف اسی کے حضور مدد کی التجا کی جائے اور تمام معاملات میں صرف اسی پر اعتماد کیا جائے۔ اسی لئے حضور ﷺ نے حکم دیا کہ جو کچھ بھی مانگنا ہو صرف اللہ سے مانگو، اس کے علاوہ کسی اور کے آگے دست سوال دراز نہ کرو، کیونکہ کوئی اور دینے یا نہ دینے اور نفع پہنچانے یا نقصان دور کرنے پر قادر ہی نہیں ہے، جو ذات خود اپنے کو نفع پہنچانے، یا اپنے نقصان کو دور کرنے اور اپنی موت وحیات کی مالک نہیں ہے وہ کسی دوسرے کو کیا نفع پہنچا سکتی ہے اور کیا نقصان سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔ اسی طرح مذکورہ حکم میں اس طرف بھی اشارہ فرمایا گیا ہے کہ اپنی کسی بھی حالت میں اور کسی بھی وقت اللہ تعالیٰ کے آگے ہاتھ پھیلانے سے باز نہیں رہنا چاہئے کیونکہ ایک حدیث میں وضاحت کے ساتھ فرمایا گیا ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتا اس پر اللہ تعالیٰ غضب ناک ہوتا ہے، علاوہ ازیں اپنے خالق کے آگے پھیلانا درحقیقت اس کے حضور اپنی عاجزی وبے کسی اور محتاجگی کا اظہار کرنا ہے جو عبودیت کی شان ہے، کسی نے کیا خوب کہا ہے اللہ یغضب ان ترکت سؤ الہ وابناء آدم حینی یسأل یغضب اللہ تعالیٰ تو اس وقت خفا ہوتا ہے جب تم اس سے سوال نہ کرو اور آدم کے بیٹے اس وقت خفا ہوتے ہیں جب کہ کوئی ان سے سوال کرے۔ اور اگر تمام مخلوق مل کر تمہیں نفع پہنچانا چاہے الخ۔ کا مطلب یہ ہے کہ ہر نفع نقصان کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جانو اور ہر حال میں اسی کی طرف رجوع کرو، کیونکہ وہی نفع پہنچانے والا بھی ہے اور نقصان پہنچانے والا بھی ہے اور نقصان پہنچانے والا بھی اور وہی دینے والا ہے اور وہی نہ دینے والا بھی کسی ایک فرد بشر کا تو سوال ہی کیا ہے، اگر تمام روئے زمین کی ساری مخلوق مل کر بھی اللہ کی مرضی وحکم کے خلاف کسی شخص کو کوئی نفع یا کوئی نقصان پہنچانا چاہے تو یہ ہرگز ممکن نہیں ہے کہ اس شخص کو وہ نفع یا نقصان پہنچ جائے۔ الہیات کی بعض کتابوں میں بیان کیا گیا ہے کہ حق تعالیٰ فرماتا ہے کہ۔ قسم ہے اپنی عزت و جلال کی یقینا میں اس شخص سے انقطاع کرلیتا ہوں جو میرے علاوہ کسی اور سے اپنی امید وابستہ کرتا ہے اور لوگوں کی نظر میں اس ذلت کی پوشاک پہنا دیتا ہوں یعنی لوگوں کے سامنے اس کو ذلیل و خوار کردیتا ہوں، اس کو اپنے قرب سے محروم کردیتا ہوں اور اپنے وصل سے دور کردیتا ہوں پس یقین بات یہ ہے کہ میں اس کو حیرانی و پریشانی اور تفکرات کے اندھیروں میں پھینک دیتا ہوں کیا وہ شخص اپنی مشکلات اور پریشانیوں کے وقت میرے علاوہ کسی اور سے امید رکھتا ہے جب کہ پریشانیان اور مشکلات میرے ہاتھ میں ہیں ؟ میں الحی القیوم ہوں وہ شخص فکر و پریشانی کے عالم میں دوسروں کے دروازوں کو کھٹکھٹاتا پھرتا ہے، جب کہ تمام دروازوں کی کنجیاں میرے ہاتھ میں ہیں اور دروازے بند ہیں ؟ میرا دروازہ ہر اس شخص کے لئے کھلا ہوا ہے جو میری طرف آئے اور مجھ سے دعا مانگے۔ قلم اٹھا کر رکھ دئیے ہیں سے مراد یہ ہے کہ جو احکام صادر ہوتے تھے سب لکھے جا چکے ہیں۔ اسی طرح اور صحیفے خشک ہوگئے سے مراد یہ ہے کہ قیامت تک جو کچھ ہونے والا ہے اور جس کے حق میں جو کچھ پیش آنا ہے وہ سب تقدیر کی کتاب میں لکھا جا چکا ہے اور وہ کتاب خشک ہوچکی ہے کہ اب اس پر قلم نہیں چلے گی اور جو کچھ لکھ دیا گیا ہے اس کے بعد اب کچھ نہیں لکھا جائے گا۔ حاصل یہ کہ اس دنیا میں جو بھی آتا ہے اور قیامت تک جو بھی آئے گا اس کی تقدیر وقسمت کے فیصلے لوح محفوظ میں لکھے جا چکے ہیں اور اس کام سے فراغت بھی ہوچکی ہے کہ اب کسی کے حق میں کچھ نہیں لکھا جائے گا۔ پس ہر شخص کی تقدیر وقسمت کے بہت پہلے لکھے جانے قلم اٹھا کر رکھ دینے اور صحیفوں کے خشک ہوجانے سے تعبیر کیا ہے اور اس میں مشابہت کا پہلو یہ ہے کہ جس طرح کوئی کاتب جب کتاب کو مکمل لکھ کر فارغ ہوجاتا ہے تو قلم اٹھا کر رکھ دیتا ہے اور کتاب کو بند کردیتا ہے اسی طرح کاتب تقدیر بہت پہلے ہی مخلوق کی تقدیریں لکھ کر فارغ ہوچکا ہے اور وہ صحیفہ کہ جس میں تقدیریں لکھی ہوئی ہیں، ہمیشہ ہمیشہ کے لئے لپیٹ دیا گیا ہے، اس میں کوئی تغیر وتبدل اور کوئی کمی پیشی ممکن نہ رہے اس کتاب کی ابتداء میں یہ حدیث گزر چکی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے جس چیز کو پیدا کیا وہ قلم تھا پھر اس سے فرمایا کہ لکھو قلم نے کہا کہ کیا لکھوں ؟ فرمایا تقدیر لکھو۔ چناچہ قلم نے وہ سب کچھ لکھا جو اب تک وقوع پذیر ہوچکا ہے اور جو قیامت تک وقوع پذیر ہوگا۔ اگر یہاں یہ اشکال پیدا ہو کہ یہ روایت (کہ قلم اٹھا کر رکھ دئیے گئے اور صحیفے خشک ہوگئے) قرآن کریم کی اس آیت (يَمْحُوا اللّٰهُ مَا يَشَا ءُ ) 13 ۔ الرعد 39) کے منافی ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ محو و اثبات بھی دراصل انہی چیزیوں میں سے ہے جو مقدر ہوچکی ہیں اور جن کو لکھنے کے بعد قلم رکھ دئیے گئے اور یہ صحیفے خشک ہوگئے کیونکہ قضا (یعنی وہ کلی احکام و فیصلے جو ازل سے اللہ تعالیٰ نے صادر فرما دئیے تھے) کی دو قسمیں ہیں ایک تو قضائے مبرم (کہ جو اٹل ہے اور جس میں کوئی تغیر وتبدل ممکن نہیں) اور دوسرے قضائے معلق (کہ جو اٹل نہیں ہے اور جس میں تغیر وتبدل ممکن ہے) علاوہ ازیں اس محو و اثبات کا تعلق لوح محفوظ اور اللہ تعالیٰ کے علم سے ہے، یعنی یہ پہلے ہی سے لوح محفوظ میں لکھی ہوئی کہ فلاں چیز کو اس طرح مٹایا یا باقی رکھا جائے گا اور یہ بات اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے پس اسی مفہوم کو اللہ تعالیٰ کی محو و اثبات کی نسبت کر کے بیان کیا گیا ہے جو درحقیقت مقدر امور میں نہ تغیر کہلائے گا نہ تبدل۔ بہرحال اس ارشاد گرامی میں یہ ترغیب ہے کہ بندہ کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر توکل و اعتماد کرے رضائے مولیٰ پر راضی رہے اور اپنی تدبیر وسعی اور ذاتی قوت و طاقت کو حقیقی موثر ہرگز نہ جانے کیونکہ پیش آنے والی کوئی بھی چیز کہ خواہ وہ سعادت ومسرت ہو یا شقاوت وکلفت، تنگی و سختی ہو یا فراخی و وسعت، خوشحالی ہو یا بدحالی، نفع ہو یا نقصان اور موت ہو یا حیات، ایسی نہیں ہے جو اللہ تعالیٰ کے حکم و فیصلہ سے باہر اور اس قضا و قدر الٰہی کے مطابق نہ ہو جس کو کاتب تقدیر نے زمین و آسمان کی پیدئش سے بھی پچاس ہزار سال پہلے لکھ دیا ہے اور جس چیز کا وقوع پذیر ہونا لکھا جا چکا ہے وہ ہر حالت میں اور ہر صورت میں وقوع پذیر ہو کر رہے گی اس کو نہ انسانی حرکت و سکون کا نظام روک سکتا ہے اور نہ تدبیر وسعی، پس خواہ خوشی کی حالت پیش آئے یا ضرر و تکلیف کی، بہر صورت شکر ادا کرنا لازم ہے نیز اس بات کو اچھی طرح جان لینا چاہئے کہ بندہ اپنے دشمن و مخالف، اپنی تکلیف و مصیبت اور ضرر و نقصان کے خلاف اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت کا اسی صورت میں مستحق ہوتا ہے جب کہ وہ ان چیزوں کی وجہ سے پیش آنے والے رنج والم پر صبر کرے اور کسی بھی حالت میں اپنی تقدیر وحالت کا شکوہ نہ کرے۔ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی (رح) نے اپنی کتاب فتوح الغیب میں بڑی اچھی بات لکھی ہے ہر مومن کے لئے لازم ہے کہ وہ اس حدیث کو اپنے دل کا آئینہ قرار دے اور اپنی تمام حرکات و سکنات میں اس کے مطابق عمل کرے، تاکہ دنیا وآخرت میں سالم و محفوظ رہے اور دونوں جہان میں اللہ تعالیٰ کی رحمت کے سبب عزت و سرفرازی سے نوازا جائے بعض روایات میں ان الفاظ تجدہ تجاہک کے بعد یہ عبارت بھی نقل کی گئی ہے۔ تعرف الی اللہ فی الرخاء یعرفک فی الشدائد فان استطعت ان تعمل للہ بالرضاء فی الیقین فافعل فان لم تستطع فان فی الصبر علی ماتکرہ خیراکثیرا واعلم ان النصر مع الصبر والفرج مع الکرب وان مع العسر یسرا ولن یغلب عسر یسرین یعنی خوشحالی و شادمانی کی حالت میں نعمت شناسی اور طاعت حق کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کو پہچانو یعنی اس کی یاد سے غافل نہ ہو اور اس کی شکر گزاری کرتے رہو۔ اگر ایسا کرو گے تو اس کے بدلہ میں یقینا اللہ تعالیٰ بھی تمہیں تنگی و سختی کی حالت میں پہنچائے گا، یعنی وہ تمہیں اس تنگی و سختی سے نمٹنے کی طاقت وقوت، اس سے گلو خلاصی کا راسہ اور حاجت براری کی نعمت عطا فرمائے گا (پس اگر تم یقین کے مرتبہ پر رضا و خوشی کے ساتھ اللہ کی خاطر کوئی کام کرسکتے ہو تو اس کام کو یقینا کرو کیونکہ بلاشبہ بہت بڑا کام ہے اور اگر تم کوئی ایسا کام نہ کرسکو اور نعمت کی شکر گزاری کا حق پوری طرح ادا نہ کرسکو تو جانو کہ آفات و مصائب میں خواہ تنگی و سختی ہو یا وسعت و خوشحالی اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو بھی چیز پیش آتی ہے وہ یقینا نعمت ہی ہوتی ہے اور خواہ ظاہر خواہ باطن کے اعتبار سے اس کے لطف کرم ہی کی ضامن ہوتی ہے لیکن اگر کوئی شخص شکر گزاری کا حق پوری طرح ادا نہ کرسکے تو پیش آنے والی تنگی وسخیت پر صبر کرنا چاہئے کیونکہ یہ بھی ایک بڑی فضیلت رکھتا ہے اور جان لو کہ بندہ کو اللہ تعالیٰ کی مدد ونصرت اسی صورت میں حاصل ہوتی ہے جب کہ وہ اطاعت حق اور ترک معصیت پر صابر اور ثابت قدم رہے اور وسعت و کشادگی دراصل رنج والم کے ساتھ ہے یعنی ہر تنگی و سختی کے بعد وسعت و کشادگی آتی ہے اور رنج وغم کے بعد راحت و شادمانی کا دروازہ کھلتا ہے اور بیشک عسرت و سختی کے ساتھ خوش حالی و آسانی بھی ہے یعنی جب کسی آدمی پر سختی وتنگی آتی ہے تو اس کے بعد اللہ تعالیٰ خوش حالی و آسانی بھی عطا فرماتا ہے اور ایک سختی دو آسانیوں پر غالب نہیں ہوسکتی یعنی اگر انسان کسی تنگی و سختی میں مبتلا ہو تو اس کو سمجھنا چاہئے کہ اس کے عوض دو آسانیاں پائے گا ایک تو اسی دنیا میں کہ اللہ تعالیٰ ہر سختی کے بعد آسانی پیدا کرتا ہے اور دوسری آسانی آخرت میں بصورت اجر وثواب حاصل ہوگی جیسا کہ مسلمانوں کی تاریخ سے ثابت ہے جب کہ وہ دنیا میں تنگی و سختی اور مصائب وآلام میں مبتلا ہوئے اور انہوں نے صبر و عزیمت کے ساتھ ان سخت حالات کو برداشت کیا تو اس کے بعد ان کو پہلے تو اس دنیا میں قدرتی مدد و نصرت کے ذریعہ فتح و کامرانی اور عزت و حشمت اور ترفہ و خوشحالی کی نعمت ملی اور پھر انہیں آخرت میں وہاں جنت کی قیمتی راحتیں، بلند مراتب و درجات اور دیدار مولیٰ کی نعمت عظمی حاصل ہوگی۔
انسان کی نیک بختی اور بدبختی
حضرت سعد (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ ابن آدم (انسان) کی یک بختی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے مقدر میں جو کچھ لکھ دیا ہے وہ اس پر راضی رہے اور ابن آدم کی بدبختی یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے خیر و بھلائی کو مانگنا چھوڑ دے، نیز ابن آدم کی بدبختی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو کچھ اس کے مقدر میں لکھ دیا ہے وہ اس سے ناخوش و ناراض ہو۔ اس روایت کو احمدوترمذی نے نقل کیا ہے اور ترمذی نے کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے۔ تشریح حدیث کے پہلے جزو کا مطلب یہ ہے کہ انسان کی شقاوت و بھلائی اور اس کی نیک بختی کی علامت یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے خیر و بھلائی مانگے اس کے آگے دس سوال دراز کرے اور اس کی بارگاہ کبریائی میں اپنی عرض ومناجات پیش کرے اور پھر اپنی تقدیر وقسمت پر بہر صورت راضی رہے اور یہ یقین رکھے کہ میرے ساتھ جو کچھ بھی پیش آیا ہے، یا جو کچھ بھی پیش آنے والا ہے وہ سب اللہ کے حکم و فیصلہ کے مطابق ہے جو اس نے میرے مقدر میں لکھ دیا ہے اور جو ہر اعتبار سے میرے لئے بہتر ہے۔ اگرچہ اللہ سے خیر و بھلائی مانگنے کی بات انسان کی نیک بختی کے ضمن میں نقل نہیں کی گئی ہے۔ لیکن بعد کی عبارت کو کہ جس میں انسان کی بدبختی کا ذکر کیا گیا ہے مدنظر رکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ مراد یہی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے خیر و بھلائی مانگنے سے اجتناب کرنے سے انسان کی بدبختی قرر دینا اس امر کو واضح کرتا ہے کہ انسان کو چاہئے کہ وہ ہر لمحہ اپنی بھلائی اور اپنی بہتری کے لئے اللہ کی طرف متوجہ اور اس سے ہمیشہ خیر کا طلبگار رہے۔ نیز جب آپ ﷺ نے یہ فرمایا کہ ابن آدم کو چاہئے کہ وہ ہر صورت میں قضا وقدر الٰہی پر راضی رہے۔ تو اس سے یہ وہم پیدا ہوسکتا ہے کہ گناہ کے علاوہ اور خلاف شریعت امور کا ارتکاب ہوجانے کی صورت میں بھی اس کو قسمت کا لکھا سمجھ کر اس پر راضی و مطمئن ہوجانا چاہئے۔ لہٰذا آپ ﷺ نے واضح فرمایا کہ انسان کو چاہئے کہ وہ ہر لمحہ اللہ تعالیٰ سے خیر و بھلائی ہی کا طالب رہے تاکہ وہ پاک ذات اس کو صرف خیر بھلائی کی راہ پر لے جائے اور اس کو صرف پسندیدہ امور اختیار کرنے کی توفیق عطا فرماتا رہے اور برائی کی رہ اور خلاف شریعت امور سے اس کی حفاظت کرتا رہے۔ واضح رہے کہ ہر صورت میں اور ہر حالت میں قضا وقدر الٰہی پر راضی ہونا بہت بڑی بات ہے اور اس مقام کا نام یعنی مرتبہ عظمی ہے۔ یہ بات بتادینا بھی ضروری ہے کہ قضا وقدر الٰہی پر راضی ہونے کو، کہ وہ اپنی تقدیر وقسمت کے خلاف ناراضگی وغضب ناکی کو ترک کرتا ہے، انسان کی سعادت ونیک بختی قرار دینا دو چیزوں کی وجہ سے ہے، ایک تو یہ کہ جو شخص قضائے الٰہی پر راضی رہتا ہے، اس کو سکون قلب، ذہنی فراغت و اطمینان اور خاطر جمعی کی دولت نصیب ہوجاتی ہے اور یہ چیز ایسی ہے کہ اس کی وجہ سے انسان اپنے معاملات و کاروبار اور خاص طور پر حق تعالیٰ کی اطاعت و عبادت میں نہایت سکون و اطمینان کے ساتھ مشغول رہتا ہے، چناچہ جو شخص تقدیر پر اعتقاد نہیں رکھتا یا قسمت کے لکھے پر رضی نہیں ہوتا وہ ذرا ذرا سی مصیبت اور حادثات پر متفکر اور پراگندہ خاطر رہتا ہے اور یہ ادھیڑ بن اس کو اپنے مقاصد و معاملات اور طاعات و عبادات میں دل و دماغ کے سکون و اطمینان سے محروم رکھتی ہے کہ یہ مصیبت کیوں آگئی، فلاں حادثہ کیسے رونما ہوگیا اور یہ بات اس طرح کیوں نہ ہوگئی ؟ دوسرے یہ کہ یہ چیز بندہ کو اس سبب سے اللہ تعالیٰ کے غضب وغصہ سے بچاتی ہے کہ وہ اللہ کی لکھی تقدیر کے خلاف اپنی ناراضگی اور اپنے غصہ کا اظہار نہیں کرتا۔ اور تقدیر کے خلاف انسان کی ناراضگی وغصہ یہ ہے کہ وہ اس بات کا ذکر کرے اور اس چیز کو اپنے حق میں بہتر قرار دے دے، جس کو اللہ نے اس کے مقدر میں نہیں لکھا ہے اور ظاہر ہے کہ جو چیز اللہ نے اس کے مقدر میں لکھ دی ہے وہ یقینی طور پر اس چیز سے بہتر اور اولیٰ ہے جس کا اچھا اور برا ہونا سرے یقینی ہی نہیں ہے۔ استخارہ یعنی اللہ تعالیٰ سے خیر و بھلائی طلب کرنے کی حقیقت یہ ہے کہ اپنے تمام معاملات اور تمام امور میں اللہ تعالیٰ سے بہتری اور اچھائی طلب کی جائے بلکہ یہ یقین و اعتقاد رکھے کہ یہ انسان یہ جانتا ہی نہیں کہ اس کے حق میں کونسی چیز اچھی ہے اور کون سی چیز بری، یہ صرف اللہ ہے جو اپنے بندوں کے حق میں اچھی اور بری چیز کو جانتا ہے، چناچہ عام طور پر یہی ہوتا ہے کہ انسان کسی چیز کو اپنے حق میں بہتر جانتا ہے مگر حقیقت میں وہ چیز اس کے حق میں بری ہوتی ہے، یا کسی کی چیز کو اپنے لئے برا سمجھتا ہے مگر حقیقت میں وہ چیز اس کے حق میں اچھی ہوتی ہے، جیسا کہ فرمایا گیا ہے ا یت ( عسی ان تکر ہوا شیأ وہو خیرلکم وعسیٰ ان تحبوا شیأا وہو شرلکم واللہ یعلم وانتم لا تعلمون) یہ بالکل بعید نہیں ہے کہ تم کسی چیز کو اپنے حق میں بری سمجھو مگر حقیقت میں وہ تمہارے لئے اچھی ہو اور یہ بھی بعید نہیں ہے کہ کسی چیز کو تم اپنے حق میں اچھی سمجھو مگر حقیقت میں وہ تمہارے لئے بری ہو، یہ صرف اللہ ہی جانتا ہے تم نہیں جانتے کہ تمہارے حق میں کونسی چیز اچھی ہے اور کونسی بری ؟ جب یہ یقین و اعتقاد پختہ ہوجائے تو پھر اس یقین و اعتقاد کے ذریعہ آگے کا درجہ اختیار کرے کہ اس دنیا میں اور ہماری زندگی میں جو کچھ بھی وقوع پذیر ہوتا ہے وہ سب اللہ کی طرف سے اور اس کے حکم و فیصلہ کے مطابق ہے اور جو بھی چیز اللہ کے حکم و فیصلہ کے مطابق ہوتی ہے وہ حقیقت اور انجام کے اعتبار سے خیر و بھلائی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوسکتی اس لئے وارد ہوا ہے کہ الخ۔ یر بیدیک والشر لیس الیک، اے رب خیر و بھلائی تیرے ہاتھ میں ہے اور برائی تیری طرف سے منسوب نہیں کی جاسکتی اور پھر یہ مستحب ہے کہ اگر کوئی اہم دینی یا دنیوی معاملہ درپیش ہو تو اس کے متعلق ذی علم اصحاب رائے اور مخلصین سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد استخارہ کیا جائے یعنی کا رساز حقیقی اللہ تعالیٰ کی طرف حضور قلب کے ساتھ متوجہ ہو کر خیر و بھلائی کی دعا مانگی جائے، استخارہ میں کم سے کم یہ چیز ہے کہ یوں دعا مانگی جائے۔ اللہم خر لی واختر لی فلاتکلنی الی اختیاری۔ اے اللہ میرے حق میں بہتر فرما اور جو چیز میرے لئے بہتر ہو رہی ہے اختیار فرما، پس مجھے میرے اختیار کے سپرد نہ فرما۔ اور استخارہ کا کامل طریقہ یہ ہے کہ پہلے دو رکعت نماز پڑھے اور پھر استخارہ کی دعا پڑھے جو بطور مسنون دعا مشہور ہے اور اسی کتاب کے گزشتہ صفحات میں نقل بھی کی جا چکی ہے۔ طبرانی نے اوسط میں حضرت انس (رض) سے یہ مرفوع روایت نقل کی ہے کہ ماخاب من استخار ولا ندم من استشار ولا عال من اقتصد۔ یعنی وہ شخص نامراد نہیں ہوسکتا جس نے استخارہ کیا، وہ شخص نادم وشرمندہ نہیں ہوسکتا جس نے مشورہ کیا اور وہ شخص محتاج نہیں ہوسکتا جس نے میانہ روی اختیار کی۔ بعض حکماء نے فرمایا کہ جس شخص کو یہ چار چیزیں حاصل ہوگئیں وہ چار چیزوں سے محروم نہیں ہوسکتا، جس شخص کو شکر گزاری کا مرتبہ حاصل ہو وہ نعمتوں میں اضافہ و زیادتی سے محروم نہیں رہے گا، جس شخص کو توبہ کی توفیق نصیب ہوگی وہ قبولیت سے محروم نہیں رہے گا جس شخص نے استخارہ کا راستہ اختیار کیا وہ بہتری و بھلائی سے محروم نہیں رہے گا، جس شخص نے مشورہ حاصل کیا وہ صحیح بات تک پہنچنے سے محروم نہیں رہے گا۔
اللہ پر کامل اعتماد کا اثر
حضرت جابر (رض) سے روایت ہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کے ساتھ اس جہاد میں شریک تھے جو نجد کی اطراف میں ہوا تھا اور جب رسول کریم ﷺ جہاد سے فارغ ہوئے اور واپس ہوئے تو جابر (رض) بھی آپ ﷺ کے ساتھ ہی واپس ہوئے اسی سفر کے دوران یہ واقعہ پیش آیا کہ ایک دن صحابہ (رض) دوپہر کے وقت ایک ایسے جنگل میں پہنچے جس میں کیکر کے درخت زیادہ تھے، چناچہ رسول کریم ﷺ صحابہ کے ساتھ وہیں اتر پڑے اور تمام لوگ درختوں کے سایہ کی تلاش میں ادھر ادھر پھیل گئے ( یعنی ہر شخص ایک درخت کے نیچے چلا گیا اور اس کے سایہ میں کچھ دیر استراحت کی خاطر لیٹ گیا) رسول کریم ﷺ بھی کیکر کے ایک بڑے درخت کے نیچے فروکش ہوگئے اور اپنی تلوار کو اس درخت کی ٹہنی میں لٹکا دیا (حضرت جابر کہتے ہیں) کہ ہم لوگ تھوڑی سی نیند لینے کی خاطر سو چکے تھے کہ اچانک ہم نے سنا کہ رسول کریم ﷺ ہمیں آواز دے رہے ہیں چناچہ ہم لوگ اپنی اپنی جگہ سے اٹھ کر آپ ﷺ کے پاس پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ آپ ﷺ لیٹے ہوئے ہیں اور وہیں آپ ﷺ کے پاس ایک دیہاتی کافر موجود ہے، آنحضرت ﷺ نے ہمارے جمع ہونے پر فرمایا کہ یہ دیہاتی اس وقت جب کہ میں سو رہا تھا مجھ پر میری تلوار سونت کر کھڑا ہوگیا اور جب میری آنکھ کھل گئی تو میں نے دیکھا کہ میری ننگی تلوار اس کے ہاتھ میں ہے، اس نے مجھ سے کہا کہ اب تمہیں کون مجھ سے بچائے گا ؟ میں نے فورا جواب دیا کہ میرا اللہ مجھے بچائے گا۔ حضور ﷺ نے یہ بات تین مرتبہ کہی اور اس دیہاتی کو کوئی سزا نہیں دی، پھر آپ ﷺ اٹھ کر بیٹھ گئے۔ (بخاری ومسلم) اور اس روایت میں کہ جس کو ابوبکر اسماعیلی نے اپنی صحیح میں نقل کیا ہے یہ الفاظ ہیں کہ اس دیہاتی نے آنحضرت ﷺ پر تلوار سونت کر کہا کہ اب تمہیں مجھ سے کون بچائے گا تو حضور ﷺ نے فرمایا اللہ بچائے گا۔ یہ سنتے ہی دیہاتی کے ہاتھ سے تلوار گر پڑی حضور ﷺ نے تلوار کو اٹھا لیا اور فرمایا کہ اگر میں تمہیں قتل کرنا چاہوں تو بتاؤ کہ اب تمہیں کون مجھ سے بچائے گا ؟ دیہاتی نے جواب دیا آپ ﷺ تو بھلائی کے ساتھ گرفت کرنے والے ہیں (یعنی آپ ﷺ کی شان سے تو مجھے یہ امید ہے کہ میرے لئے انتقامی کاروائی نہیں کی جائے گی اور آپ از راہ لطف و کرم مجھے معاف کردیں گے) حضور ﷺ نے فرمایا کہ اچھا اس بات کی گواہی دو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور بلاشبہ میں اللہ کا رسول ہوں۔ گویا آپ ﷺ نے اس سے یہ فرمایا کہ اگر تمہیں میرے اوپر اتنا زیادہ اعتماد ہے تو پھر یقینا یہ بات بھی اچھی طرح سمجھتے ہو گے کہ میری دعوت اسلام بالکل برحق اور مبنی برصداق ہے، اس صورت میں تو تمہیں چاہئے کہ کلمہ پڑھ لو اور مسلمان ہوجاؤ (دیہاتی نے کہا کہ مسلمان تو نہیں ہوسکتا البتہ آپ ﷺ سے یہ عہد ضرور کرتا ہوں کہ نہ میں خود آپ ﷺ سے لڑوں گا اور نہ ان لوگوں کا ساتھ دوں گا جو آپ ﷺ سے لڑیں گے۔ بہرحال آپ ﷺ نے اس دیہاتی کو چھوڑ دیا اور جب وہ دیہاتی اپنی قوم میں آیا تو کہنے لگا کہ میں تمہارے درمیان ایک ایسے شخص کے پاس سے آ رہا ہوں جو سب سے بہتر انسان ہے۔ بخاروی ومسلم کی مذکورہ بالا روایت انہی الفاظ کے اضافہ کے ساتھ کتاب حمیدی اور امام محی الدین ہوری کی تصنیف ریاض الصالحین میں بھی منقول ہے۔ تشریح نجد لغت میں تو زمین کے اس حصہ کو کہتے ہیں جو عام سطح سے بلند ہو اور ویسے یہ جزیرۃ العرب کے ایک خاص علاقے کا نام ہے اور چونکہ یہ علاقہ ایک سطح مرتفع ہے اس لئے اس کو نجد کا نام دیا گیا ہے زمانہ قدیم میں نجد ایک بہت مختصر علاقہ پر مشتمل تھا مگر موجودہ جغرافیہ میں جزیرۃ العرب کے سارے وسطی علاقہ کو نجد کہا جاتا ہے، جس کا انتہائی طول تقریبا آٹھ سو میل اور انتہائی عرض تقریبا سو دو سو میل ہے، یہ شمال میں بادیۃ الشام کے جنوبی سرے سے شروع ہو کر جنت میں وادی الدوارس یا الربع انحالی تک اور عرضا احساء سے حجاز تک پھیلا ہوا ہے۔ عضاہ اصل میں عضہ کی جعم ہے اور جس کا اطلاق ہر اس درخت پر ہوتا ہے جو کانٹے دار ہو اور مجمع البحار میں لکھا ہے کہ عضاہ کیکر کے درخت کو کہتے ہیں اور جو درخت عضاہ سے بڑا ہو اس کو سمرہ کہا جاتا ہے۔
تقویٰ وپرہیز گاری اور رزق
حضرت ابوذر (رض) سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ بلاشبہ میں ایک ایسی آیت جانتا ہوں کہ اگر لوگ محض اسی آیت پر عمل کریں تو ان کے حق میں وہی ایک آیت کافی ہوجائے اور ان کو دیگر وظائف واوراد کی ضرورت نہ رہے وہ آیت یہ ہے ومن یتق اللہ یجعل لہ مخرجا ویرزقہ من حیث لا یحتسب الایۃ۔ یعنی جو شخص اللہ سے ڈرے تو اللہ اس کے لئے دنیا اور آخرت کے غموں سے نجات کا راستہ پیدا کردیتا ہے اور اس کو ایسی جگہ سے تعب ومشقت اور فکروتردد کئے بغیر روزی دیتا ہے جہان وہم و گمان بھی نہیں ہوتا۔ (ابن ماجہ، دارمی) تشریح پوری آیت کہ جس کی طرف حضور ﷺ نے اشارہ فرمایا یوں ہے۔ آیت (وَمَنْ يَّتَّقِ اللّٰهَ يَجْعَلْ لَّه مَخْرَجًا۔ وَّيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ وَمَنْ يَّتَوَكَّلْ عَلَي اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُه اِنَّ اللّٰهَ بَالِغُ اَمْرِه قَدْ جَعَلَ اللّٰهُ لِكُلِّ شَيْءٍ قَدْرًا۔ ) 65 ۔ الطلاق 3-2) ۔ اور جو شخص اللہ سے ڈرے تو اللہ اس کے لئے نجات کا راستہ پیدا کردیتا ہے اور اس کو ایسی جگہ سے روزی دیتا ہے جہاں سے وہم و گمان بھی نہیں ہوتا اور جو شخص اپنے امور و معاملات میں اللہ پر توکل و اعتماد کرے تو وہ دونوں جہاں میں اس کے لئے کافی ہے بیشک اللہ تعالیٰ اپنی مرد کو پہنچنے والا ہے اور بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کے لئے اندازہ مقرر کیا ہے۔ پس آیت (ومن یتق اللہ سے حیث لایحتسب تک میں تو اس طرف اشارہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس شخص کے لئے دنیا وآخرت کے اس کے ان تمام امور و معاملات میں کافی ہوجاتا ہے جن سے وہ ڈرتا ہے اور جو اس کے نزدیک ناپسندیدہ ہوتے ہیں بایں طور کہ اس کو ایسی تمام چیزوں سے محفوظ ومامون رکھا جاتا ہے۔ اور ومن یتوکل علی اللہ سے اس طرف اشارہ مقصود ہے کہ وہ شخص اگر اللہ تعالیٰ پر بھروسہ و اعتماد کر کے دنیا وآخرت کی نعمتوں کا طلبگار ومتلاشی ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لئے کافی ہوجاتا ہے بایں طور کہ اس کو وہ نعمتیں عطا فرماتا ہے۔ ان اللہ بالغ امرہ بیشک اللہ تعالیٰ اپنی مراد کو پہنچنے والا ہے سے مراد یہ ہے کہ وہ قادر مطلق اپنے احکام اور فیصلوں کو جاری اور نافذ کرنے والا ہے، یعنی اس کو ہر طرح کا حکم و فیصلہ جاری کرنے کے کلی اختیار بھی حاصل ہے اور وہ اپنے ہر حکم و فیصلہ کو نافذ کرنے کی پوری طاقت وقدرت بھی رکھتا ہے، کیونکہ جب یہ جان لیا گیا کہ از قسم رزق اور اس کے مانند ہر چیز تقدیر الٰہی اور توفیق الٰہی ہی سے تعلق رکھتی ہے کہ انسان جس چیز کی بھی خواہش وطلب رکھتا ہے وہ اس کے حکم و فیصلہ کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی، تو اس کے علاوہ اور کوئی چارہ کار نہیں رہ جاتا کہ انسان قضا و قدر کے آگے سر تسلیم خم رکھے اور اللہ تعالیٰ ہی کی ذات پر توکل و اعتماد کرے۔
رزق دینے والا صرف اللہ تعالیٰ ہی ہے
حضرت ابن مسعود (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے مجھ کو یہ آیت سکھائی۔ (اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِيْنُ ) 51 ۔ الذاریات 58) ۔ یعنی اے انسان جان لے کہ بلاشبہ میں ہی روزی دینے والا ہوں اور غالب طاقت رکھنے والا ہوں۔ (ابو داؤد، ترمذی) اور ترمذی نے کہا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔ تشریح انی انالرزاق قرأت شاذہ ہے، قرأت مشہور کے مطابق اس آیت کے الفاظ اصل میں یوں ہیں آیت (اِنَّ اللّٰهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِيْنُ ) 51 ۔ الذاریات 58) بلاشبہ اللہ ہی رزق دینے والا اور غالب طاقت والا ہے حاصل یہ ہے کہ جب رزق دینے والا اور غالب طاقت رکھنے والا صرف اللہ تعالیٰ ہے تو پھر لازم ہے کہ اس کی ذات کے علاوہ اور کسی پر قطعا بھروسہ نہ کیا جائے اور اپنے امور کا بہتر کا رساز و وکیل اس کے علاوہ اور کسی کو ہرگز نہ سمجھا جائے۔
کسب وکمائی کو اصل رازق نہ سمجھو
حضرت انس (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ کے زمانہ میں دو بھائی تھے جن میں سے ایک تو نبی کریم ﷺ کی خدمت میں رہا کرتا تھا کیونکہ اس کے اہل و عیال نہیں تھے اور وہ حصول معاش کی ذمہ داریوں سے بےفکر ہو کر طاعت و عبادت اور دینی خدمات میں مشغول رہا کرتا تھا، اس وجہ سے اس کے اوقات کا اکثر حصہ بارگاہ رسالت میں حاضر باشی کے ذریعہ حصول علم و معرفت میں صرف ہوتا تھا اور دوسرا بھائی کوئی کام کرتا تھا یعنی حصول معاش کے لئے کسی ہنر وپیشہ کے ذریعہ کماتا تھا اور دونوں بھائی ایک ساتھ کھاتے پیتے تھے چناچہ کمانے والے بھائی نے اپنے دوسرے بھائی کے بارے میں نبی کریم ﷺ سے شکایت کی یعنی میرا بھائی نہ تو میرے کام کاج میں ہاتھ بٹاتا ہے اور نہ خود الگ سے کوئی کام کر کے کماتا ہے اور اس طرح اس کے کھانے پینے کا خرچ مجھے ہی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ حضور ﷺ اس کی یہ شکایت سن کر فرمایا۔ یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ تمہیں اسی کی برکت سے رزق دیا جاتا ہو۔ اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث صحیح غریب ہے۔ تشریح حضور کے جواب کا مطلب یہ تھا کہ تم یہی کیوں سمجھتے ہو کہ تمہیں جو رزق ملتا ہے وہ حقیقت میں تمہارے کمانے کی وجہ سے ملتا ہے، بلکہ ہوسکتا ہے کہ تم اپنے اس بھائی کے ساتھ جو ایثار کا معاملہ کرتے ہو اور اس کی معاشی ضروریات کا بوجھ برداشت کر کے جس طرھ اس کو فکر و غم سے دور رکھتے ہو اسی کی برکت کی وجہ سے تمہیں بھی رزق دیا جاتا ہو، پس اس صورت میں شکوہ و شکایت کرنے اور اس پر احسان رکھنے کا کوئی موقع نہیں ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ علم وعمل اور دینی خدمات کی طرف متوجہ رہنے اور زاد عقبی کی تیار کے لئے دنیاوی مشغولیات کو ترک کرنا جائز ہے، نیز یہ حدیث اس امر پر بھی دلالت کرتی ہے کہ فقراء اور خاص طور پر اپنے ضرورت مند اور غریب اعزاء و اقرباء کی خبر گیری کرنا اور ان کی معاشی ضروریات کی کفالت کرنا، رزق میں وسعت و برکت کا باعث ہے۔
توکل کی ہدایت
حضرت عمرو بن عاص (رض) کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ بلاشبہ انسان کے دل کے لئے ہر جنگل میں ایک شاخ اور ایک گوشہ ہے (یعنی انسان کے دل اور اس کی جبلت میں رزق کے اسباب و ذرائع اور اس کے حصول کے تعلق سے طرح طرح کی فکریں اور غم ہیں پس جس شخص نے اپنے دل کو ان شاخوں اور گوشوں کی طرف متوجہ رکھا یعنی اس نے اپنے دل کو ان تفکران اور غموں میں مشغول ومنہمک رکھا اور پراگندہ خاطری کا شکار ہوا تو اللہ تعالیٰ کو کوئی پرواہ نہیں کہ اس کو کسی جنگ میں ہلاک کرے (یعنی جب وہ شخص اللہ پر توکل و اعتماد سے بےپرواہ ہو کر ساری توجہ اپنی ذاتی تدبیر وسعی اور تگ و دو میں مشغول رکھتا ہے تو پھر اللہ کو کیا پرواہ کہ وہ کس طرح ہلاکت و تباہی میں مبتلا ہوتا ہے اس دنیا سے کس مشغولیت میں رخصت ہوتا ہے اور کس حالت میں موت اس کو آ دبوچتی ہے اور جس شخص نے اللہ تعالیٰ پر توکل و اعتماد کیا اور اپنے تمام امور اس کے سپرد کر دئیے تو اللہ تعالیٰ اس کے تمام کاموں کی درستی کے لئے کافی ہوجاتا ہے یعنی اللہ تعالیٰ کی مدد و رحمت اس کو دل و دماغ کی پراگندگی و پریشانی، ضروریات کی تکمیل کے لئے ادھر ادھر بھٹکنے اور گوناگوں جسمانی محنت ومشقت کے تعب و غم سے نجات دیتی ہے۔ (ابن ماجہ)
خدا پر بھروسہ
حضرت ابوہریرہ (رض) سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا۔ بزرگ و برتر تمہارا پروردگار فرماتا ہے کہ اگر میرے بندے میری فرمانبرداری کریں (یعنی میرے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں اور میری رضاء و خوشنودی کے خلاف کوئی کام نہ کریں تو یقینا میں ان پر رات میں تو بارش برساؤ تاکہ وہ راحت و چین کی نیند سائیں اور دن کو ان پر دھوپ کی چادر پھیلاؤں تاکہ وہ اپنے کام وکاج میں مشغول رہ سکیں اور خواہ دن ہو یا رات ان کو بادل گرجنے کی آواز نہ سناؤں تاکہ تو ان کی نیند اور آرام میں خلل پڑے اور نہ وہ ڈرنے اور گھبرانے کی وجہ سے اپنے کام کاج میں کسی رخنہ اور نقصان سے دوچار ہوں۔ (احمد)
صبر وتوکل سے متعلق ایک حیرت انگیز واقعہ
حضرت ابوہریرہ (رض) کہتے ہیں کہ ایک شخص کا واقعہ کہ وہ ایک دن اپنے گھر والوں کے پاس آیا یعنی کہیں باہر سے آ کر گھر میں داخل ہوا تو اس نے گھر والوں پر محتاجگی اور فاقہ وفقر کے آثار دیکھے، وہ یہ دیکھ کر اپنے اللہ کے حضور اپنی حاجات پیش کرنے اور یکسوئی کے ساتھ اس کی بارگاہ میں عرض ومناجات کرنے کے لئے جنگل کی طرف چلا گیا، ادھر جب اس کی بیوی نے یہ دیکھا کہ شوہر کے پاس کچھ نہیں ہے اور وہ شرم کی وجہ سے گھر سے باہر چلا گیا ہے تو وہ اٹھی اور چکی کے پاس گئی، چکی کو اس نے اپنے آگے رکھا یا اس نے چکی کے اوپر کا پاٹ نیچے کے پاٹ پر رکھا اور یا یہ معنی ہیں کہ اس نے اس امید میں چکی کو صاف کیا اور تیار کر کے رکھ دیا کہ شوہر باہر سے آئے گا تو کچھ لے کر آئے گا اس کو پیس کر روٹی پکا لوں گی پھر وہ تنور کے پاس گئی اور اس کو گرم کیا، اس کے بعد اللہ سے یہ دعا کی۔ الٰہی ! ہم تیرے محتاج ہیں، تیرے غیر سے ہم نے اپنی امید منقطع کرلی ہے، تو خیرالرازقین ہے اپنے پاس سے ہمیں رزق عطا فرما۔ پھر جو اس نے نظر اٹھائی تو کیا دیکھتی ہے کہ چکی کا گرانڈ آٹے سے بھرا ہوا ہے۔ راوی کہتے ہیں کہ اس کے بعد جب وہ آٹا گوندھ کر تنور کے پاس گئی تاکہ اس میں روٹیا لگائے تو تنور کو روٹیوں سے بھرا ہوا پایا یعنی اللہ کی قدرت نے یہ کرشمہ دکھایا کہ خود بخود اس آٹے کی روٹیاں بن کر تنور میں جا لگیں یا یہ کہ آٹا تو اپنی جگہ چکی کے گرانڈ میں پڑا رہا اور تنور میں غیب سے روٹیاں نمودار ہوگئیں راوی کہتے ہیں کہ کچھ دیر بعد جب خاوند بارگارہ رب العزت میں عرض ومناجات اور دعا سے فارغ ہو کر گھر آیا تو بیوی سے پوچھا کہ کیا میرے جانے کے بعد تمہیں کہیں سے کچھ غلہ وغیرہ مل گیا تھا کہ تم نے یہ روٹیاں تیار کر رکھی ہیں ؟ بیوی نے کہا ہاں یہ ہمیں اللہ کی طرف سے ملا ہے (یعنی یہ عام طریقہ کے مطابق کسی انسان نے ہمیں نہیں دیا ہے بلکہ یہ رزق محض غیب سے اللہ تعالیٰ نے عطا فرمایا ہے) خاوند نے یہ سنا تو اس کو بہت تعجب ہوا اور وہ اٹھ کرچکی کے پاس گیا اور چکی کو اٹھایا تاکہ اس کا کرشمہ دیکھے) پھر جب اس واقعہ کا ذکر نبی کریم ﷺ کے سامنے کیا گیا تو آپ ﷺ نے پورا قصہ سن کر فرمایا جان لو اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اگر وہ شخص اس چکی کو اٹھا نہ لیتا تو وہ چکی مسلسل قیامت کے دن تک گردش میں رہتی اور اس سے آٹا نکلتا رہتا۔ (احمد) تشریح مذکورہ واقعہ کی صورت میں اللہ کی قدرت کا جو کرشمہ ظاہر ہوا وہ درحقیقت، فقر وفاقہ پر صبر اور اللہ تعالیٰ کی ذات پر کامل اعتماد و توکل کرنے کا نتیجہ تھا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ کسی پچھلی امت کے کسی شخص کا نہیں ہے بلکہ امت محمدی کے ایک فرد کا ہی ہے اور آنحضرت ﷺ کے زمانہ میں پیش آیا تھا۔
رزق انسان کی تلاش میں رہتا ہے
حضرت ابودرداء کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ رزق بندے کی اس طرح تلاش کرتا ہے جس طرح انسان کو اس کی موت ڈھونڈتی ہے۔ اس روایت کو ابونعیم نے کتاب حلیہ میں نقل کیا ہے۔ تشریح مطلب یہ ہے کہ رزق اور موت دونوں کا پہنچنا ضروری ہے کہ جس طرح کہ اس بات کی کوئی حاجت نہیں ہوتی کہ کوئی اپنی موت کو ڈھونڈے اور اس کو پائے بلکہ خود موت اس کے پاس ہر صورت میں اور یقینی طور پر آتی ہے، اسی طرح رزق کا معاملہ ہے کہ اس کو تلاش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے بلکہ جو کچھ مقدر میں ہوتا ہے وہ ہر صورت میں لازمی طور پر پہنچتا ہے، خواہ اس کو ڈھونڈا جائے یا نہ ڈھونڈا جائے۔ تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ ڈھونڈنے کی صورت میں رزق نہیں ملتا، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ حصول رزق کے لئے سعی تلاش بھی تقدیر الٰہی اور نظام قدرت کے مطابق ہے البتہ جہاں تک قلبی اعتماد و بھروسہ کا تعلق ہے او وہ صرف اللہ کی ذات پر ہونا چاہئے نہ کہ سعی و تلاش پر۔ لہٰذا اس سلسلے میں صحیح راہ یہ ہے کہ اول انسان کو اللہ پر توکل اعتماد کرنا چاہئے اور یہ پختہ یقین رکھنا چاہئے کہ رزق کا ضامن اللہ تعالیٰ ہے۔ نیز اگر رزق ملنے میں کوئی رکاوٹ اور تاخیر ہوجائے تو اضطراب وبے چینی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے پھر اس اعتقاد کے ساتھ اپنی ضرورت و حاجت اور ہمت و طاقت کے بقدر معتدل و مناسب طریقہ پر حصول معاش کی سعی و تلاش میں لگنا چاہئے کہ اصل رازق تو اللہ تعالیٰ ہے، لیکن یہ بھی طریقہ عبودیت ہے کہ اپنا رزق حاصل کرنے کے لئے مناسب ججدوجہد اور تلاش وسعی کی جائے؛ ملا علی قاری نے حدیث کے خاتمہ پر لکھا ہے کہ یہی نہیں کہ جس طرح انسان کو اس کی موت کا پہنچنا یقینی ہے اسی طرح اس کے رزق کا بھی اس تک پہنچنا یقینی ہے بلکہ انسان کو اس کا رزق اس کی موت سے بھی پہلے اور موت سے بھی جلدی پہنچتا ہے، کیونکہ جب کسی کی موت آتی ہے تو وہ اپنا رزق اس سے پہلے پا چکا ہوتا ہے جس کو وہ اپنے مقدر میں لے کر اس دنیا میں آیا تھا، چناچہ اگر غور کیا جائے تو اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد آیت (اللہ الذی خلقکم ثم رزقکم ثم یمیتکم ثم یحییکم) سے بھی یہی بات ثابت ہوتی ہے نیز میرک نے منذری سے نقل کیا ہے کہ اس حدیث کو ابن ماجہ نے اپنی صحیح میں اور بزار نے بھی روایت کیا ہے اور طبرانی نے بھی بہتر سند کے ساتھ اس کو نقل کیا ہے جس میں یہ الفاظ بھی ہیں کہ ان الرزق لیطلب العبد اکثر ممایطلبہ اجلہ اس سے بھی مذکورہ بالا بات کی تائید ہوتی ہے۔ ملا علی قاری نے یہ بھی لکھا ہے کہ ابونعیم نے اپنی کتاب حلیہ میں بطریقہ مرفوع یہ بات بھی نقل کی ہے لون ابن ادم ہرب من رزقہ کما یہرب من الموت لادر کہ رزقہ کما یدرکہ الموت اگر انسان اپنے رزق سے بھی اس طرح بھاگے جس طرح وہ اپنی موت سے بھاگتا ہے تو یقینا اس کا رزق بھی اس کو اسی طرح پالے جس طرح کہ اس کی موت اس کو پا لیتی ہے۔
نبی ﷺ کا لا مثال صبر
حضرت ابن مسعود (رض) نے بیان کیا کہ گویا میں اس وقت بھی رسول کریم ﷺ کو دیکھ رہا ہوں کہ آپ ایک ایسے نبی کا قصہ بیان فرما رہے ہیں اور اس کی صورت ہمیں بتا رہے ہیں جن کو ان کی قوم نے مارا وہ لہولہان کردیا لیکن وہ نبی بجائے اس کے کہ اپنی قوم کے تئیں بغض ونفرت میں مبتلا ہوتے اور ان کے حق میں بد دعا کرتے، بلکہ صبر و تحمل کا دامن پکڑے ہوئے اپنے چہرے سے خون پونچھتے جاتے تھے اور یہ کہتے جاتے تھے اے اللہ میری قوم کو بخش دے یہ لوگ میری حقیقت سے واقف نہیں ہیں۔ (بخاری ومسلم) تشریح گویا یا میں اس وقت بھی دیکھ رہا ہوں کے ذریعہ حضرت ابن مسعود (رض) نے یہ واضح فرمایا کہ آنحضرت ﷺ کا مذکورہ قصہ بیان فرمانا مجھے اچھی طرح یاد ہے اور اس وقت بھی اس وقت کا منظر میری آنکھوں کے سامنے گھوم رہا ہے۔ میری قوم کو بخش دے یعنی ان لوگوں سے اس معنی میں درگزر فرمایا کہ انہوں نے میرے ساتھ جو سلوک کیا ہے اور جو تکلیف پہنچائی ہے اس کی وجہ سے ان کو اس دنیا میں کسی عذاب میں مبتلا نہ کرنا اور ان کا نام ونشان نہ مٹا۔ یہ وضاحت اس لئے ضروری ہے کہ کفار کی بخشش و مغفرت کی دعا اس معنی میں ہرگز جائز نہیں ہے کہ ان کا شرک وکفر معاف ہوجائے اور اگر وہ اپنے کفر وشرک کے ساتھ مرجائیں تو عذاب آخرت میں مبتلا نہ ہوں۔ یہ لوگ میری حقیقت سے واقف نہیں ہیں یہ الفاظ گویا ان نبی ﷺ کے کمال صبر و حلم اور حسن اخلاق کردار کا مظہر ہیں کہ جو لوگ، ان کو سخت ترین تکلیف پہنچا رہے ہیں، جنہوں نے ان کو لہولہان کر رکھا ہے اور جو لوگ اپنے نبی کو اذیت پہنچا کر سب سے بڑا گناہ کر رہے ہیں، انہی لوگوں کی طرف سے وہ نبی اللہ کی بارگاہ میں یہ عذر بیان فرما رہے ہیں کہ ان لوگوں نے جو کچھ بھی کیا ہے محض اس وجہ سے کیا ہے کہ اللہ و رسول کے بارے میں ان کے دل و دماغ پر جہل کے پردے پڑے ہوئے ہیں۔ اس سے یہ بات معلوم ہوئی کہ جہل ونادانی کی وجہ سے کیا جانے والا گناہ اس گناہ کی بہ نسبت ہلکا ہوتا ہے جو علم و دانائی کے باوجود صادر ہو، اسی لئے فرمایا گیا ہے کہ ویل للجاہل مرۃ وویل للعالم سبع مرات جاہل کے لئے ایک رسوائی و خرابی ہے اور عالم کے لئے سات رسوائیاں وخرابیاں ہیں۔ شیخ ابن حجر عسقلانی (رح) فرماتے ہیں کہ میں یہ نہیں بتاسکتا کہ حدیث میں جن نبی ﷺ کا ذکر ہے وہ کون سے نبی تھے اور ان کے ساتھ کیا قصہ پیش آیا تھا۔ لیکن بعض روایت میں آتا ہے کہ حضرت نوح (علیہ السلام) کے ساتھ ان کی قوم کا یہ سلوک تھا کہ جب وہ ان لوگوں کو راہ ہدایت کی طرف بلاتے اور اللہ کے حکم کی اتباع کی تلقین کرتے تو بدنصیب ان کو مارنے لگتے اور اس قدر مارتے کہ ان کا جسم لہولہان ہوجاتا، زخموں سے چور ہو کر زمین پر گرپڑتے اور اسی حالت میں عرصہ تک زمین پر پڑے رہتے، پھر جب کچھ توانائی آتی تو اٹھ کھڑے ہوتے اور فریضہ دعوت کی انجام دہی میں مشغول ہوجاتے اور بعض حضرات یہ کہتے ہیں کہ ان نبی سے حضور ﷺ کی مراد خود اپنی ذات مبارک تھی کہ آپ ﷺ نے اپنے واقعہ کو اجمال وابہام کے طور پر بیان فرمایا۔ یہ قول زیادہ صحیح ہے اور جنگ احد کے موقع پر آپ ﷺ نے مخالفین کے حق میں جو دعا فرمائی اس کے یہی الفاظ منقول ہیں۔