1068. حضرت قتیلہ بنت صیفی کی حدیث
【1】
حضرت قتیلہ بنت صیفی کی حدیث
حضرت قتیلہ سے مروی ہے کہ اہل کتاب کا ایک بڑا عالم بارگاہ نبوت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا کہ اے محمد ﷺ ! تم لوگ بہترین قوم ہوتے اگر تم شرک نہ کرتے، نبی ﷺ نے فرمایا سبحان اللہ ! وہ کیسے ؟ اس نے کہا کہ آپ لوگ قسم کھاتے ہوئے کعبہ کی قسم کھاتے ہیں، نبی ﷺ نے کچھ دیرسکوت کے بعد فرمایا یہ صحیح کہہ رہا ہے، اس لئے آئندہ جو شخص قسم کھائے وہ رب کعبہ کی قسم کھائے، پھر اس نے کہا کہ اے محمد ﷺ ! اگر تم لوگ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتے تو تم بہترین قوم ہوتے، نبی ﷺ نے فرمایا سبحان اللہ ! وہ کیسے ؟ اس نے کہا کہ آپ لوگ کہتے ہیں جو اللہ نے چاہا اور آپ نے چاہا، نبی ﷺ نے کچھ دیرسکوت کے بعد فرمایا یہ صحیح کہہ رہا ہے، اس لئے جو شخص یہ کہے اسے چاہئے کہ ان دونوں جملوں کے درمیان فصل پیدا کیا کرے۔