1074. حضرت ام معقل اسدیہکی حدیثیں

【1】

حضرت ام معقل اسدیہکی حدیثیں

حضرت معقل سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میری والدہ نے حج کا ارادہ کیا لیکن ان کا اونٹ بہت کمزور تھا، نبی ﷺ سے جب یہ بات ذکر کی گئی تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ تم رمضان میں عمرہ کرلو، کیونکہ رمضان میں عمرہ کرنا حج کی طرح ہے۔

【2】

حضرت ام معقل اسدیہکی حدیثیں

حضرت مروان کا وہ قاصد جسے مروان نے حضرت ام معقل کی طرف بھیجا تھا کہتا ہے کہ حضرت ام معقل نے فرمایا ابومعقل نبی ﷺ کے ساتھ حج کرکے جب واپس آئے تو میں نے ان سے کہا آپ جانتے ہیں کہ مجھ پر حج فرض ہے، آپ کے پاس ایک جوان اونٹ ہے، آپ وہ مجھے دیدیں کہ میں اس پر سوار ہو کر حج کرلوں، انہوں نے کہا تم تو جانتی ہو کہ میں نے اسے اللہ کے راستہ میں وقف کردیا ہے، ام معقل نے کہا کہ پھر مجھے اپنے درخت کی کٹی ہوئی کھجوریں ہی دیدو، انہوں نے کہا تم تو جانتی ہو کہ وہ میرے اہل خانہ کی روزی ہے، ام معقل نے کہا کہ میں اس سلسلے میں نبی ﷺ سے بات کروں گی اور انہیں یہ ساری بات بتاؤں گی۔ چنانچہ وہ دونوں پیدل چلتے ہوئے نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ام معقل نے عرض کیا یا رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) مجھ پر حج فرض ہے اور ابومعقل کے پاس ایک جوان اونٹ ہے (لیکن یہ مجھے دیتے نہیں ہیں) ابومعقل نے عرض کیا کہ یہ سچ کہتی ہے لیکن میں نے اسے اللہ کے راستہ میں وقف کردیا ہے، نبی ﷺ نے فرمایا وہ اونٹ اسے حج پر جانے کے لئے دیدو کیونکہ وہ بھی اللہ ہی کی راہ ہے، جب ابومعقل نے وہ اونٹ ان کے حوالے کردیا تو ام معقل کہنے لگیں یا رسول اللہ ﷺ میں بہت بوڑھی ہوگئی ہوں اور بیمار رہنے لگی ہوں کیا کوئی ایسا عمل ہے جو حج کی جگہ کافی ہوجائے ؟ نبی ﷺ نے فرمایا رمضان میں عمرہ کرنا تمہارے حج کی طرف سے کافی ہوجائے گا۔