1084. حضرت سلمی بنت قیس کی حدیث

【1】

حضرت سلمی بنت قیس کی حدیث

حضرت سلمی بنت قیس جو کہ نبی ﷺ کی ایک خالہ اور قبلتین کی طرف نماز پڑھنے والوں میں سے تھیں، سے مروی ہے کہ میں کچھ مسلمان خواتین کے ساتھ نبی ﷺ کی خدمت میں بیعت کے لئے حاضر ہوئی اور نبی ﷺ نے یہ شرط لگائی کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراؤ گی، چوری نہیں کروگی، بدرکای نہیں کروگی، اپنی اولاد کو قتل نہیں کرو گی، کوئی بہتان اپنے ہاتھوں پیروں کے درمیان نہیں گھڑو گی اور کسی نیکی کے کام میں آپ ﷺ کی نافرمانی نہیں کرو گی اور اپنے شوہر کو دھوکہ نہیں دوگی ہم نے نبی ﷺ سے ان شرائط پر بیعت کرلی جب ہم واپس جانے لگے تو ان میں سے ایک عورت کہنے لگی کہ جا کر نبی ﷺ سے پوچھو کہ شوہر کو دھوکہ دینے سے کیا مراد ہے ؟ چناچہ سوال کرنے پر نبی ﷺ نے فرمایا اس کا مال لے کر غیر پر انصاف سے ہٹ کر خرچ کرنا۔