1090. حضرت حمنہ بنت جحش کی حدیث

【1】

حضرت حمنہ بنت جحش کی حدیث

حضرت حمنہ بنت جحش سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا کہ مجھے بہت زیادہ شدت کے ساتھ ماہواری کا خون جاری ہوتا ہے، نبی ﷺ نے فرمایا کپڑا استعمال کرو میں نے عرض کیا کہ وہ اس سے زیادہ شدید ہے (کپڑے سے نہیں رکتا) اور میں تو پر نالے کی طرح بہہ رہی ہوں، نبی ﷺ نے فرمایا اس صورت میں تم ہر مہینے کے چھ یا سات دنوں کو علم الٰہی کے مطابق ایام حیض شمار کرلیا کرو پھر غسل کرکے ٢٣ یا ٢٤ دنوں تک نماز روزہ کرتی رہو اور اس کی ترتیب یہ رکھو کہ ایک مرتبہ نماز فجر کے لئے غسل کرلیا کرو پھر ظہر کو مؤخر اور عصر کو مقدم کرکے ایک ہی مرتبہ غسل کرکے یہ دونوں نمازیں پڑھ لو پھر مغرب کو مؤخر اور عشاء کو مقدم کرکے ایک ہی مرتبہ غسل کے ذریعے یہ دونوں نمازیں پڑھ لیا کرو، مجھے یہ طریقہ دوسرے طریقے سے زیادہ پسند ہے۔