1127. حضرت ام مبشر زوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

【1】

حضرت ام مبشر زوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

حضرت ام مبشر سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں کسی باغ میں نبی کی خدمت میں حاضر ہوئی، نبی نے پوچھا کیا یہ تمہارا ہے ؟ میں نے عرض کیا جی ہاں ! نبی نے پوچھا اس کے پودے کسی مسلمان نے لگائے ہیں یا کافر نے ؟ میں نے عرض کیا مسلمان نے نبی نے ارشاد فرمایا جو مسلمان کوئی پودہ لگائے یا کوئی فصل اگائے اور اس سے انسان پرندے درندے یا چوہے کھائیں تو وہ اس کے لئے باعث صدقہ ہے۔

【2】

حضرت ام مبشر زوجہ زید بن حارثہ کی حدیثیں

حضرت ام مبشر سے مروی ہے کہ نبی نے حضرت حفصہ کے گھر میں ارشاد فرمایا : مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ غزوہ بدر اور حدیبیہ میں شریک ہونے والا کوئی آدمی جہنم میں داخل نہ ہوگا، حضرت حفصہ نے عرض کیا کہ کیا اللہ تعالیٰ نہیں فرماتا کہ " تم میں سے ہر شخص اس میں وارد ہوگا " تو میں نے نبی کو یہ آیت پڑھتے ہوئے سنا " پھر ہم متقی لوگوں کو نجات دے دیں گے اور ظالموں کو اس میں گھٹنوں کے بل پڑا رہنے کے لئے چھوڑ دیں گے "۔