1138. حضرت سودہ بنت زمعہ کی حدیثیں

【1】

حضرت سودہ بنت زمعہ کی حدیثیں

حضرت سودہ بنت زمعہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی بارگاہ نبوت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ میرے والد صاحب بوڑھے ہوچکے ہیں، وہ حج نہیں کرسکتے (ان کے لئے کیا حکم ہے ؟ ) نبی نے فرمایا یہ بتاؤ اگر تمہارے والد پر قرض ہوتا اور تم اسے ادا کرتے تو کیا وہ قبول نہ ہوتا ؟ اس نے عرض کیا ضرور ہوتا، نبی نے فرمایا پھر اللہ بڑا مہربان ہے، تم اپنے والد کی طرف سے حج کرلو۔

【2】

حضرت سودہ بنت زمعہ کی حدیثیں

حضرت سودہ سے مروی ہے کہ ہماری ایک بکری مرگئی، ہم نے اس کی کھال کو دباغت دے دی اور ہم اس میں اس وقت تک نبیذ بناتے رہے جب تک کہ وہ پرانا ہو کر خشک نہ ہوگیا۔

【3】

حضرت سودہ بنت زمعہ کی حدیثیں

حضرت سودہ بنت زمعہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی کی خدمت میں حاضر ہوئی اور عرض کیا کہ میرا باپ زمعہ فوت ہوگیا ہے اور اس نے ایک ام ولدہ باندی چھوڑی ہے جسے ہم ایک آدمی کے ساتھ متہم سمجھتے ہیں، کیونکہ اس کے یہاں ایک بچہ پیدا ہوا ہے جو اسی شخص کے مشابہہ ہے جس کے ساتھ ہم اسے متہم سمجھتے ہیں، نبی نے فرمایا تم اس لڑکے سے پردہ کرنا کیونکہ وہ تمہارا بھائی نہیں ہے، البتہ اسے میراث ملے گی۔