1166. حضرت فاطمہ بنت ابی حبیش کی حدیثیں
حضرت فاطمہ بنت ابی حبیش کی حدیثیں
حضرت فاطمہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ وہ نبی کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور دم ِ حیض کے مستقل جاری رہنے کی شکایت کی، نبی نے انہیں ہر نماز کے وقت غسل کرنے کا حکم دیا، چناچہ جب وہ ٹب سے باہر نکلتیں تو پانی پر سرخی غالب آچکی ہوتی تھی، تاہم وہ نماز پڑھ لیتی تھیں، ان سے فرمایا یہ تو رگ کا خون ہے اس لئے یہ دیکھ لیا کرو کہ جب تمہارے ایام حیض کا وقت آجائے تو نماز نہ پڑھا کرو اور جب وہ زمانہ گذر جائے تو اپنے آپ کو پاک سمجھ کر طہارت حاصل کیا کرو اور اگلے ایام تک نماز پڑھتی رہا کرو۔
حضرت فاطمہ بنت ابی حبیش کی حدیثیں
حضرت فاطمہ بنت ابی حبیش سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت عائشہ کے پاس آئی اور ان سے کہا کہ اے ام المومنین ! مجھے ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ اسلام میں میرا کوئی حصہ نہ رہے اور میں اہل جہنم ہوجاؤں، میں " جب تک اللہ چاہتا ہے " ایام سے رہتی ہوں اور اللہ تعالیٰ کے لئے کوئی نماز نہیں پڑھ پاتی ہوں، انہوں نے فرمایا بیٹھ جاؤ، تاآنکہ نبی تشریف لے آئیں، جب نبی آئے تو انہوں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ! یہ فاطمہ بنت ابی حبیش ہیں، انہیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ اسلام میں ان کا کوئی حصہ نہ رہے گا اور یہ اہل جہنم میں سے ہوجائیں گی، کیونکہ یہ اتنے دن تک ایام سے رہتی ہیں جب تک اللہ کو منظور ہوتا ہے اور یہ اللہ کے لئے کوئی نماز نہیں پڑھ پاتیں ؟ نبی نے فرمایا تم فاطمہ بنت ابی حبیش سے کہہ دو کہ ہر مہینے میں " ایام حیض " کے شمار کے مطابق رکی رہا کرے، پھر غسل کرکے اپنے جسم پر اچھی طرح کپڑا لپیٹ لیا کرے اور ہر نماز کے وقت طہارت حاصل کرکے نماز پڑھ لیا کرے، یہ شیطان کا ایک کچوکا ہے یا ایک رگ ہے جو کٹ گئی ہے یا ایک بیماری ہے جو انہیں لاحق ہوگئی ہے۔