1171. حضرت شداد بن نہاد (رض) کی روایت

【1】

حضرت شداد بن نہاد (رض) کی روایت

حضرت شداد سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ ظہر یا عصر میں سے کسی نماز کے لئے باہر تشریف لائے تو حضرت امام حسن یا امام حسین (رض) کو اٹھائے ہوئے تھے، آگے بڑھ کر انہیں ایک طرف بٹھا دیا اور نماز کے لئے تکبیر کہہ کر نماز شروع کردی، سجدے میں گئے تو خوب طویل کردیا، میں نے درمیان میں سر اٹھا کر دیکھا تو ایک بچہ نبی کریم ﷺ کی پشت پر سوار تھا اور نبی کریم ﷺ سجدے ہی میں تھے، میں یہ دیکھ کر دوبارہ سجدے میں چلا گیا، نبی کریم ﷺ جب نماز سے فار غ ہوئے تو لوگوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! ﷺ آج تو آپ نے اس نماز میں بہت لمبا سجدہ کیا، ہم تو سمجھے کہ شاید کوئی حادثہ پیش آگیا ہے یا آپ پر وحی نازل ہو رہی ہے ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ان میں سے کچھ بھی نہیں ہوا، البتہ میرا بیٹا میرے اوپر سوار ہوگیا تھا، میں نے اسے اپنی خواہش کی تکمیل سے پہلے جلدی میں مبتلا کرنا اچھا نہ سمجھا۔