147. حضرت سہل بن ابی حثمہ کی حدیثیں۔

【1】

حضرت سہل بن ابی حثمہ کی حدیثیں۔

حضرت سہل بن ابی حثمہ سے غالباً مرفوعاً مروی ہے کہ نماز خوف میں امام آگے کھڑا ہو اور ایک صف اپنے پیچھے بنائے اور ایک اپنے آگے پھر پیچھے والوں کو ایک رکوع اور دو سجدے کروائے پھر کھڑا رہے تاآنکہ وہ لوگ دوسری رکعت بھی پڑھ لیں اور اپنے ساتھیوں کی جگہ آگے بڑھ جائیں اور وہ لوگ یہاں آکر ان کی جگہ کھڑے ہوجائیں اور امام انہیں بھی ایک رکوع اور دو سجدے کروائے اور بیٹھ جائے یہاں تک کہ وہ اپنی دوسری رکعت بھی پوری کرلیں پھر آخر میں ان کے ساتھ اکٹھا سلام پھیرے۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔

【2】

حضرت سہل بن ابی حثمہ کی حدیثیں۔

عبدالرحمن بن مسعود کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت سہل بن ابی حثمہ ہماری مجلس میں تشریف لائے اور یہ حدیث بیان کی کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جب تم پھل کاٹا کرو تو کچھ کاٹ لیا کرو اور کچھ چھوڑ دیا کرو تقریبا ایک تہائی چھوڑ دیا کرو اگر ایسا نہ کرو تو ایک چوتھائی چھوڑ دیا کرو۔