155. حضرت عبداللہ بن رواحہ کی حدیثیں۔

【1】

حضرت عبداللہ بن رواحہ کی حدیثیں۔

حضرت عبداللہ بن رواحہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ رات کے وقت وہ سفر سے واپس آئے اور اپنی بیوی کی طرف روانہ ہوگئے گھر پہنچے تو وہاں چراغ جل رہا تھا اور ان کی بیوی کے پاس کوئی تھا انہوں نے اپنی تلوار اٹھالی یہ دیکھ کر ان کی بیوی کہنے لگی کہ رکو یہ تو فلاں عورت ہے جو میرا بناؤ سنگھار کر رہی ہے وہ نبی ﷺ کے پاس آئے اور نبی ﷺ کو واقعہ کی اطلاع دی تو نبی ﷺ نے رات کو اچانک بلا اطلاع کسی شخص کو اپنے گھر واپس آنے سے منع کردیا۔

【2】

حضرت عبداللہ بن رواحہ کی حدیثیں۔

سنان بن ابی سنان کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں نے حضرت ابوہریرہ (رض) کو کھڑے ہو کر وعظ کہنے کے دوران یہ فرماتے ہوئے سنا کہ تمہارا بھائی یعنی ابن رواحہ بےہودہ اشعار نہیں کہتا یہ شعر اسی نے کہے ہیں کہ ہمارے درمیان اللہ کے رسول موجود ہیں جو اللہ کی کتاب ہمیں پڑھ کر سناتے ہیں جبکہ رات کی تاریکی سے چمکدار صبح جدا ہوجائے وہ رات اس طرح گذارتے ہیں کہ ان کا پہلو بستر سے دور رہتا ہے جبکہ کفار اپنے بستروں پر بوجھ پڑھ ہوتے ہیں انہوں نے گمراہی کے بعد ہمیں ہدایت کا راستہ دکھایا اور اب ہمارے دلوں کو اس بات کا یقین ہے کہ وہ جو کہتے ہیں ہو کر رہے گا۔