163. حضرت ضحاک بن قیس کی حدیث۔

【1】

حضرت ضحاک بن قیس کی حدیث۔

حسن بصری کہتے ہیں کہ جب یزید کا انتقال ہوگیا تو حضرت ضحاک بن قیس نے قیس بن ہیثم کے نام خط میں لکھاسلام علیک امابعد میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ قیامت سے پہلے فتنے اس طرح آئیں گے جیسے اندھیری رات کے ٹکڑے ہوتے ہیں کچھ فتنے ایسے ہوں گے جو دھویں کے ٹکڑوں کی طرح ہوں گے ان فتنوں میں انسان کے جسم کی طرح اس کا دل بھی مرجائے گا انسان صبح کو مومن اور شام کو کافر ہوگا اسی طرح شام کو مومن اور صبح کو کافر ہوگا لوگ اپنے اخلاق اور دین کو دنیا کے تھوڑے سے سازوسامان کے بدلے بیچ دیاکریں گے۔ اور یزید بن معاویہ فوت ہوگیا ہے تم لوگ ہمارے بھائی اور ہمارے سگے ہو اس لئے تم پر سبقت لے جا کر کسی حکمران کو منتخب نہ کرلینا یہاں تک کہ ہم خود اپنے لئے کسی کو منتخب کرلیں۔