328. بنومالک بن کنانہ کے ایک شیخ کی روایت

【1】

بنومالک بن کنانہ کے ایک شیخ کی روایت

بنومالک بن کنانہ کے ایک شیخ سے مروی ہے کہ میں نے نبی ﷺ کو ذوالمجاز نامی بازار میں چکر لگاتے ہوئے دیکھا، نبی ﷺ فرما رہے تھے لوگو ! لا الہ الا اللہ کا اقرار کرلو تم کامیاب ہوجاؤ گے اور ابوجہل مٹی اچھالتے ہوئے کہتا جاتا تھا لوگو ! یہ تمہیں تمہارے دین سے بہکا نہ دے، یہ چاہتا ہے کہ تم اپنے معبودوں کو اور لات وعزی کو چھوڑ دو ، لیکن نبی ﷺ اس کی طرف توجہ نہ فرماتے تھے، ہم نے ان سے کہا کہ ہمارے سامنے نبی ﷺ کا حلیہ بیان کیجئے، انہوں نے فرمایا کہ نبی ﷺ نے دو سرخ چادریں زیب تن فرما رکھی تھیں، درمیانہ قد تھا، جسم گوشت سے بھرپور تھا، چہرہ نہایت حسین و جمیل تھا، بال انتہائی کالے سیاہ تھے، انتہائی اجلی سفید رنگت تھی اور گھنے بال تھے۔