349. ایک خاتون کی روایت
【1】
ایک خاتون کی روایت
ایک خاتون صحابیہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی ﷺ میرے یہاں تشریف لائے تو میں بائیں ہاتھ سے کھانا کھا رہی تھی، میں ایک تنگدست عورت تھی، نبی ﷺ نے میرے ہاتھ پر مارا جس سے لقمہ گرگیا اور فرمایا جب اللہ نے تمہارا داہنا ہاتھ بنایا تو بائیں ہاتھ سے مت کھاؤ، چناچہ میں نے دائیں ہاتھ سے کھانا شروع کردیا اور اس کے بعد کبھی بھی بائیں ہاتھ سے نہیں کھایا۔
【2】
ایک خاتون کی روایت
ایک خاتون جنہیں دونوں قبلوں کی طرف نماز پڑھنے کا شرف حاصل ہے کہتی ہیں کہ ایک مرتبہ نبی ﷺ میرے یہاں تشریف لائے اور مجھ سے فرمایا مہندی لگایا کرو، تم لوگ مہندی لگانا چھوڑ دیتی ہو اور تمہارے ہاتھ مردوں کے ہاتھ کی طرح ہوجاتے ہیں، میں نے اس کے بعد سے مہندی لگانا کبھی نہیں چھوڑی اور میں ایسا ہی کروں گی تاآنکہ اللہ سے جا ملوں، راوی کہتے ہیں کہ وہ اسی سال کی عمر میں بھی مہندی لگایا کرتی تھیں۔