362. حضرت سعد دلیل کی حدیث

【1】

حضرت سعد دلیل کی حدیث

فائد کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں ابراہیم بن عبدالرحمن کے ساتھ نکلا، انہوں نے ابن سعد کے پاس پیغام بھیج کر انہیں بلایا، ابھی ہم مقام عرج میں تھے کہ ابن سعد ہمارے پاس آپہنچے، یاد رہے کہ یہ حضرت سعد کے صاحبزادے ہیں جنہوں نے نبی ﷺ کو شب ہجرت راستہ بتایا تھا، ابراہیم ان سے کہنے لگے کہ مجھے وہ حدیث بتایئے جو آپ کے والد نے آپ سے بیان کی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ مجھے میرے والد نے یہ حدیث سنائی ہے کہ نبی ﷺ ان کے یہاں تشریف لائے، آپ کے ہمراہ حضرت صدیق اکبر بھی تھے، جن کی ایک بیٹی ہمارے یہاں دودھ بھی پیتی تھی، نبی ﷺ مدینہ منورہ پہنچنے کے لئے کوئی مختصر راستہ معلوم کرنا چاہتے تھے، سعد نے عرض کیا یہ ایک چلتا ہوا پہاڑی راستہ ہے لیکن قبیلہ اسلم کے دو ڈاکو رہتے ہیں جنہیں مہانان کہا جاتا ہے، اگر آپ چاہیں تو ہم اسی راستے پر چل پڑتے ہیں، نبی ﷺ نے فرمایا ہمیں ان دونوں کے پاس سے ہی لے چلو، چناچہ ہم روانہ ہوگئے، جب ہم وہاں پہنچے تو ان میں سے ایک نے دوسرے سے کہا یہ یمانی آدمی ہے، نبی ﷺ نے انہیں اسلام کی دعوت دی اور اسلام قبول کرنے کی پیشکش کی، انہوں نے اسلام قبول کرلیا، پھر نبی ﷺ نے ان سے ان کا نام پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ہم مہانان ہیں، (جس کا لفظی معنی ذلیل لوگ ہے) نبی ﷺ نے فرمایا نہیں، تم دونوں مکرمان ہو (جس کا معنی معزز لوگ ہے) پھر نبی ﷺ نے انہیں بھی مدینہ منورہ پہنچنے کا حکم دیا۔ ہم لوگ چلتے رہے یہاں تک کہ قباء کے قریب پہنچ گئے، وہاں ہمیں بنوعمرو بن عوف مل گئے، نبی ﷺ نے ان سے پوچھا کہ ابوامامہ اسعد بن زرارہ کہاں ہیں ؟ تو سعد بن خیثمہ نے جواب دیا کہ یا رسول اللہ ! وہ مجھ سے پہلے گئے ہیں، میں انہیں مطلع نہ کردوں ؟ نبی ﷺ پھر روانہ ہوگئے، یہاں تک کہ جب کھجوروں کے درخت نظر آنے لگے تو معلوم ہوا کہ راستہ میں لوگوں کا جم غفیر بھرا ہوا ہے، نبی ﷺ نے حضرت صدیق اکبر کی طرف دیکھ کر فرمایا کہ ابوبکر ! ہماری منزل یہی ہے، میں نے خواب دیکھا تھا کہ میں بنو مدلج کے حوضوں کی طرح کچھ حوضوں پر اتر رہا ہوں۔