373. قریش کے ایک سردار کی روایت

【1】

قریش کے ایک سردار کی روایت

حضرت ابوحسن سے مروی ہے کہ نبی ﷺ خفیہ نکاح کو ناپسند کرتے تھے، یہاں تک کہ دف بجائے جائیں اور یہ کہا جائے کہ ہم تمہارے پاس آئے، ہم تمارے پاس آئے، تم ہمیں مبارک دو ، ہم تمہیں مبارک دیں۔

【2】

قریش کے ایک سردار کی روایت

عمرو بن یحییٰ اپنے والد یا چچا سے نقل کرتے ہیں کہ میرے سر کے بال بہت بڑے تھے، میں جب سجدہ کرتا تھا تو انہیں اپنے ہاتھ سے اوپر کرتا تھا، ایک مرتبہ حضرت ابوحسن نے مجھے اس طرح کرتے ہوئے دیکھ لیا تو فرمانے لگے کہ تم انہیں اس لئے اوپر کرتے ہو کہ انہیں مٹی نہ لگ جائے، بخدا ! میں انہیں کاٹ کر رہوں گا، چناچہ انہوں نے وہ بال کاٹ دیئے۔

【3】

قریش کے ایک سردار کی روایت

قریش کے ایک سردار اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے نبی ﷺ کے روشن دہن مبارک سے سنا کہ جو شخص ماہ رمضان، شوال، بدھ جمعرات اور جمعہ کے دن روزہ رکھا کرے وہ جنت میں داخل ہوگا۔

【4】

قریش کے ایک سردار کی روایت

حضرت قیس بن عائذ سے مروی ہے کہ میں نے نبی ﷺ کو ایک ایسی اونٹنی پر خطبہ دیتے ہوئے دیکھا جس کا کان چھدا ہوا تھا اور ایک حبشی نے اس کی لگام تھام رکھی تھی، یاد رہے کہ حضرت قیس مختار کے ایام آزمائش میں فوت ہوئے تھے۔