392. حضرت مسلمہ بن مخلد (رض) کی حدیثیں
حضرت مسلمہ بن مخلد (رض) کی حدیثیں
حضرت مسلمہ بن مخلد (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص دنیا میں کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرتا ہے اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت میں اس کی پردہ پوشی فرماتا ہے، جو شخص کسی غمزدہ کو نجات دلائے، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی دور کر دے گا اور جو شخص اپنے بھائی کے کام میں لگا رہتا ہے، اللہ اس کے کاموں میں لگا رہتا ہے۔
حضرت مسلمہ بن مخلد (رض) کی حدیثیں
مکحول کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت مسلمہ بن مخلد (رض) کے پاس حضرت عقبہ (رض) مصر آئے، ان کے اور دربان کے درمیان تکرار ہو رہی تھی کہ حضرت مسلمہ (رض) نے ان کی آواز سن لی، انہوں نے حضرت عقبہ (رض) کو اندر بلا لیا، حضرت عقبہ (رض) نے جواب دیا کہ میں آپ کے پاس ملاقات کے لئے نہیں آیا بلکہ ایک کام سے آیا ہوں، کیا آپ کو وہ دن یاد ہے جب نبی ﷺ نے فرمایا تھا جو شخص اپنے بھائی کے کسی عیب کو جانتا ہو اور پھر اسے چھپالے، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے عیوب پر پردہ ڈال دے گا ؟ حضرت مسلمہ (رض) نے فرمایا جی ہاں ! یاد ہے، حضرت عقبہ (رض) نے جواب دیا کہ میں اسی حدیث کی خاطر آیا تھا۔