404. حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) کی حدیثیں

【1】

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) کی حدیثیں

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص تین چیزوں سے نجات پا گیا، وہ نجات پا گیا (تین مرتبہ فرمایا) میری موت، دجال اور حق پر ثابت قدم خلیفہ کے قتل سے۔

【2】

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) کی حدیثیں

حضرت ابن حوالہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اس وقت آپ ﷺ ایک درخت کے سائے میں بیٹھے ہوئے تھے اور آپ کے پاس ایک کاتب جسے آپ ﷺ کچھ لکھوا رہے تھے، نبی ﷺ نے فرمایا اے ابن حوالہ ! کیا ہم تمہیں بھی نہ لکھ دیں ؟ میں نے عرض کیا کہ مجھے معلوم نہیں، اللہ اور اس کے رسول نے میرے لئے کیا پسند فرمایا ہے چناچہ نبی ﷺ نے مجھ سے اعراض فرما لیا اور دوبارہ کاتب کو املاء کرانے کے لئے جھک گئے، کچھ دیر بعد دوبارہ یہی سوال جواب ہوئے، اس کے بعد میں نے دیکھا تو اس تحریر میں حضرت عمر (رض) کا نام لکھا ہوا تھا، میں نے اپنے دل میں سوچا کہ عمر کا نام خیر کے ہی کام میں لکھا جاسکتا ہے، چناچہ تیسری مرتبہ نبی ﷺ نے جب پوچھا کہ اے ابن حوالہ ! کیا ہم تمہیں بھی نہ لکھ دیں ؟ تو میں نے عرض کیا جی ہاں !۔ نبی ﷺ نے فرمایا ابن حوالہ ! جب زمین کے اطراف و اکناف میں فتنے اس طرح ابل پڑیں گے جیسے گائے کے سینگ ہوتے ہیں تو تم کیا کرو گے ؟ میں نے عرض کیا کہ مجھے معلوم نہیں، اللہ اور اس کے رسول میرے لئے کیا پسند فرماتے ہیں ؟ نبی ﷺ نے اگلا سوال پوچھا کہ اس کے بعد جب دوسرا فتنہ بھی فورا ہی نمودار ہوگا تب کیا کرو گے ؟ میں نے حسب سابق جواب دیا، نبی ﷺ نے فرمایا اس شخص کی پیروی کرنا، اس وقت وہ آدمی پیٹھ پھیر کر جا رہا تھا، میں دوڑتا ہوا گیا اور اسے شانوں سے پکڑا اور نبی ﷺ کے پاس لے کر آیا اور عرض کیا کہ یہی شخص ہے جس کے بارے ابھی آپ نے یہ حکم دیا ہے ؟ نبی ﷺ نے فرمایا ہاں ! اور وہ شخص حضرت عثمان غنی (رض) تھے۔

【3】

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) کی حدیثیں

حضرت ابن حوالہ (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا عنقریب معاملہ اتنا بڑھ جائے گا کہ بیشمار لشکر تیار ہوجائیں گے چناچہ ایک لشکر شام میں ہوگا، ایک یمن میں اور ایک عراق میں، ابن حوالہ (رض) نے عرض کی یا رسول اللہ ! ﷺ اگر میں اس زمانے کو پاؤں تو مجھے کوئی منتخب راستہ بتا دیجئے ؟ نبی ﷺ نے فرمایا شام کو اپنے اوپر لازم کرلینا، کیونکہ وہ اللہ کی بہترین زمین ہے، جس کے لئے وہ اپنے منتخب بندوں کو چنتا ہے، اگر یہ نہ کرسکو تو پھر یمن کو اپنے اوپر لازم کرلینا اور لوگوں کو اپنے حوضوں سے پانی پلاتے رہنا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے میرے لئے اہل شام اور ملک شام کی کفالت اپنے ذمے لے رکھی ہے۔

【4】

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) کی حدیثیں

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص تین چیزوں سے نجات پا گیا وہ نجات پا گیا (تین مرتبہ فرمایا) میری موت، دجال اور حق پر ثابت قدم خلیفہ کے قتل سے۔