424. حضرت عمروبن عوف (رض) کی حدیث
حضرت عمروبن عوف (رض) کی حدیث
حضرت عمرو بن عوف (رض) جو کہ غزوہ بدر کے شرکاء میں سے تھے سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ایک مرتبہ حضرت ابوعبیدہ بن جراح (رض) کو بحرین کی طرف بھیجا، تاکہ وہاں سے جزیہ وصول کر کے لائیں، نبی ﷺ نے اہل بحرین سے صلح کرلی تھی اور ان پر حضرت علاء بن حضرمی (رض) کو امیر بنادیا تھا، چناچہ ابو عبیدہ (رض) بحرین سے مال لے کر آئے، انصار کو جب ان کے آنے کا پتہ چلا تو وہ نماز فجر میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ نبی ﷺ جب نماز فجر پڑھ کر فارغ ہوئے تو وہ سامنے آئے، نبی ﷺ انہیں دیکھ کر مسکرا پڑے اور فرمایا شاید تم نے ابوعبیدہ کی واپسی اور ان کے کچھ لے کر آنے کی خبر سنی ہے ؟ انہوں نے عرض کیا جی یا رسول اللہ ! نبی ﷺ نے فرمایا خوش ہوجاؤ اور اس چیز کی امید رکھو جس سے تم خوش ہوجاؤ گے، واللہ مجھے تم پر فقروفاقہ کا اندیشہ نہیں، بلکہ مجھے تو اندیشہ ہے کہ تم پر دنیا اسی طرح کشادہ کردی جائے گی جیسے تم سے پہلے لوگوں پر کشادہ کردی گئی تھی اور تم اس میں ان ہی کی طرح مقابلہ بازی کرنے لگو گے اور تم اسی طرح غفلت میں پڑجاؤ گے جیسے وہ غفلت میں پڑگئے۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔