474. حضرت حنظلہ کاتب اسدی (رض) کی حدیثیں
حضرت حنظلہ کاتب اسدی (رض) کی حدیثیں
حضرت حنظلہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ ہم لوگ نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر تھے، وہاں ہم جنت اور جہنم کا تذکرہ کرنے لگے اور ایسا محسوس ہوا کہ ہم انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں، پھر جب میں اپنے اہل خانہ اور بچوں کے پاس آیا تو ہنسنے اور دل لگی کرنے لگا، اچانک مجھے یاد آیا کہ ابھی ہم کیا تذکرہ کر رہے تھے ؟ چناچہ میں گھر سے نکل آیا، راستے میں حضرت صدیق اکبر (رض) سے ملاقات ہوئی، تو میں کہنے لگا کہ میں تو منافق ہوگیا ہوں، ( اور ساری بات بتائی) انہوں نے فرمایا کہ یہ تو ہم بھی کرتے ہیں، پھر میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنی کیفیت ذکر کی، نبی ﷺ نے فرمایا حنظلہ ! اگر تم ہمیشہ اسی کیفیت میں رہنے لگو جس کیفیت میں تم میرے پاس ہوتے ہو تو تمہارے بستروں اور راستوں میں فرشتے تم سے مصافحہ کرنے لگیں، حنظلہ ! وقت وقت کی بات ہوتی ہے۔
حضرت حنظلہ کاتب اسدی (رض) کی حدیثیں
حضرت حنطلہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ ہم لوگ نبی ﷺ کے ساتھ کسی غزوے کے لئے روانہ ہوئے، ہمارا گذر مقدمۃ الجیش کے ہاتھوں مرنے والی ایک عورت پر ہوا، لوگ وہاں جمع تھے، لوگوں نے نبی ﷺ کے لئے راستہ چھوڑ دیا، نبی ﷺ اس کی لاش کے پاس پہنچ کر رک گئے اور فرمایا یہ تو لڑائی میں شریک نہیں ہوگی، پھر ایک صحابی (رض) سے فرمایا کہ خالد کے پاس جاؤ اور ان سے کہو کہ نبی ﷺ تمہیں حکم دیتے ہیں کہ بچوں اور مزدوروں کو قتل نہ کریں۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔