545. حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

【1】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص مغرب اور فجر کی نماز پڑھنے کے بعد اپنے پاؤں جائے نماز سے پھیرنے سے پہلے یہ کلمات دس مرتبہ کہہ لے، لا الہ الا اللہ وحدہ لا شریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد، بیدہ الخیر، یحییٰ ویمیت، وہو علی کل شیء قدیر، تو اس کے لئے دس نیکیاں لکھی جائیں گی، دس گناہ معاف ہوں گے، دس درجات بلند ہوں گے اور یہ کلمات اس کے لئے ہر ناپسندیدہ چیز اور شیطان مردود سے حفاظت کا ذریعہ بن جائیں گے، شرک کے علاوہ کوئی گناہ اسے گھیر نہیں سکے گا اور وہ تمام لوگوں میں سب سے افضل عمل والا شمار ہوگا، الاّ یہ کہ کوئی شخص اس سے زیادہ مرتبہ یہ کلمات کہے۔

【2】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ سے کسی نے عتل زنیم (جو سورت ن والقلم میں آیا ہے) کا معنی پوچھا تو نبی ﷺ نے فرمایا اس سے مراد وہ مضبوط جسم والا، صحت مند اور خوب کھانے پینے والا ہے جس کے پاس کھانے پینے کا سامان خوب ہو، جو لوگوں پر بہت ظلم کرتا ہو اور خوب کشادہ پیٹ والا ہو۔

【3】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا بنی اسرائیل کا ایک گروہ ہلاک ہوگیا تھا، لیکن اس کے ہلاک ہونے کا مقام کسی کو معلوم نہیں ہے، مجھے اندیشہ ہے کہ کہیں وہ یہ گوہ نہ ہو۔

【4】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جنت میں کوئی متکبر بد اخلاق اور عتل زنیم داخل نہ ہوگا۔ فائدہ : عتل زنیم کی وضاحت عنقریب حدیث ١٨٥٤ میں گذری ہے۔

【5】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے حضرت ابوبکر و عمر (رض) سے فرمایا اگر آپ دونوں کسی مشورے پر متفق ہوجائیں تو میں آپ کی مخالفت نہیں کروں گا۔

【6】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ ایک داری آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں ہر سال شراب کی ایک مشک بطور ہدیہ کے بھیجا کرتا تھا، جس سال شراب حرام ہوئی، وہ اس سال بھی ایک مشک لے کر آیا، نبی ﷺ نے اسے دیکھا تو مسکرا کر فرمایا کیا تمہیں معلوم ہے کہ تمہارے پیچھے شراب حرام ہوگئی ہے ؟ اس نے کہا یا رسول اللہ ! ﷺ کیا میں اسے بیچ کر اس کی قیمت سے فائدہ اٹھالوں ؟ نبی ﷺ نے تین مرتبہ فرمایا اللہ کی لعنت ہو یہودیوں پر جب گائے اور بکری کی چربی کو ان پر حرام قرار دیا گیا تو انہوں نے اسے پگھلا کر اسے ثمن بنا لیا اور وہ اس کے ذریعے کھانے کی چیزیں بیچنے خریدنے لگے، پھر تین مرتبہ فرمایا یاد رکھو شراب اور اس کی قیمت حرام ہے۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔

【7】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مروی ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص چمکدار سونے کا زیور خود پہنتا ہے یا اسے کوئی پہناتا ہے اسے قیامت کے دن اس کے ذریعے داغا جائے گا۔

【8】

حضرت عبدالرحمن بن غنم اشعری (رض) کی حدیثیں

حضرت عبدالرحمن بن غنم (رض) سے مرفوعاً مروی ہے کہ اللہ کے بہترین بندے وہ لوگ ہوتے ہیں کہ انہیں دیکھ کر اللہ یاد آجائے اور اللہ کے بدترین بندے وہ ہوتے ہیں جو چغل خوری کرتے ہیں، دوستوں کے درمیان تفریق پیدا کرتے ہیں، باغی، بیزار اور متعنت ہوتے ہیں۔