592. حضرت اسامہ بن شریک (رض) کی حدیثیں

【1】

حضرت اسامہ بن شریک (رض) کی حدیثیں

حضرت اسامہ بن شریک (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو صحابہ کرام (رض) ایسے بیٹھے ہوئے تھے جیسے ان کے سروں پر پرندے بیٹھے ہوں۔

【2】

حضرت اسامہ بن شریک (رض) کی حدیثیں

حضرت اسامہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو وہاں صحابہ کرام (رض) ایسے بیٹھے ہوئے تھے جیسے ان کے سروں پر پرندے بیٹھے ہوں میں بھی نبی کریم ﷺ کو سلام کرکے بیٹھ گیا اسی دوران کچھ دیہاتی لوگ آئے اور نبی کریم ﷺ سے یہ سوال پوچھا کہ یا رسول اللہ ! کیا ہم علاج معالجہ کرسکتے ہیں نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہاں ! علاج کیا کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے کوئی بیماری ایسی نہیں رکھی جس کا علاج نہ رکھا ہو سوائے ایک بیماری بڑھاپے " کے اسی وجہ سے حضرت اسامہ (رض) اپنے بڑھاپے میں لوگوں سے کہتے تھے کہ اب تمہیں میرے لئے کوئی دوا مل سکتی ہے ؟ پھر ان آنے والوں نے نبی کریم ﷺ سے کچھ چیزوں کے متعلق دریافت کیا کہ کیا فلاں فلاں چیز میں ہم پر کوئی حرج تو نہیں ہے ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا بندگان خدا ! اللہ نے حرج کو ختم فرمادیا ہے سوائے اس شخص کے جو کسی مسلمان کی ظلماً آبروریزی کرتا ہے کہ یہ گناہ اور باعث ہلاکت ہے، انہوں نے پوچھا یا رسول اللہ ﷺ ! انسان کو سب سے بہترین کون سی چیز دی گئی ہے ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا حسن اخلاق۔

【3】

حضرت اسامہ بن شریک (رض) کی حدیثیں

حضرت اسامہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا اللہ کے بندو ! علاج کیا کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے کوئی بیماری ایسی نہیں رکھی جس کا علاج نہ رکھا ہو سوائے ایک بیماری بڑھاپے " کے۔

【4】

حضرت اسامہ بن شریک (رض) کی حدیثیں

حضرت اسامہ (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ ایک دیہاتی آدمی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور نبی کریم ﷺ سے یہ سوال پوچھا کہ یا رسول اللہ ! کیا ہم علاج معالجہ کرسکتے ہیں ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہاں ! علاج کیا کرو کیونکہ اللہ نے کوئی ایسی بیماری نہیں رکھی جس کا علاج نہ رکھا ہو جو جان لیتا ہے وہ جان لیتا ہے اور جو ناواقف رہتا ہے وہ ناواقف رہتا ہے اس نے پوچھا یا رسول اللہ ﷺ ! سب سے بہترین انسان کون ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا جس کے اخلاق اچھے ہوں۔