697. حضرت ابورہم غفاری (رض) کی حدیث
حضرت ابورہم غفاری (رض) کی حدیث
حضرت ابو رہم غفاری (رض) جو بیعت رضوان کے شرکاء میں سے تھے " کہتے ہیں کہ میں غزوہ تبوک میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ شریک ہوا جب نبی کریم ﷺ مدینہ منورہ سے نکلے تو رات کے وقت سفر شروع کیا میں چلتے چلتے نبی کریم ﷺ کے قریب پہنچ گیا مجھے باربار اونگھ آرہی تھی میں جاگنے کی کوشش کرنے لگا کیونکہ میری سواری نبی کریم ﷺ کی سواری کے بالکل قریب پہنچ چکی تھی اور مجھے اس سے اندیشہ ہورہا تھا کہ نبی کریم ﷺ کا پاؤں جو رکاب میں ہے کہیں میری سواری کے قریب ہونے سے اسے کوئی تکلیف نہ پہنچ جائے اس لئے میں اپنی سواری کو پیچھے رکھنے لگا اسی کشمکش میں آدھی رات کو مجھ پر نیند غالب آگئی اور میں سوگیا۔ اچانک میری سواری نبی کریم ﷺ کی سواری پر چڑھ گئی نبی کریم ﷺ کا جو پاؤں رکاب میں تھا اسے چوٹ لگ گئی لیکن میں اسی وقت بیدار ہوا جب نبی کریم ﷺ نے مجھے احساس دلایا میں نے سر اٹھا کر عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ ! میرے لئے بخشش کی دعاء فرمادیجئے (مجھ سے یہ حرکت جان بوجھ کر نہیں ہوئی) نبی کریم ﷺ نے فرمایا یہ دعاء خود مانگو۔ پھر نبی کریم ﷺ مجھ سے ان لوگوں کے متعلق پوچھنے لگے جو بنوغفار میں سے تھے اور اس غزوے میں شریک نہیں ہوئے تھے میں نبی کریم ﷺ کو بتاتا رہا پھر نبی کریم ﷺ نے مجھ سے پوچھا کہ سرخ رنگ کے ان دراز قد لوگوں کا کیا بنا جن کی بھنوئیں باریک ہیں ؟ میں نے ان کے پیچھے رہ جانے کے متعلق بتایا نبی کریم ﷺ نے پوچھا کہ ان سیاہ فام لوگوں کا کیا بنا جو گھنگریالے بالوں والے ہیں جن کے پاس " شظیہ شرخ " میں جانور بھی ہیں ؟ میں نے بنوغفار میں ان صفات کے لوگوں کو یاد کیا تو مجھے کوئی گروہ یاد نہیں آیا بالآخر مجھے قبیلہ اسلم کا ایک گروہ یاد آگیا۔ پھر میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! پتہ نہیں ان لوگوں کو جو پیچھے رہ جاتے ہیں کون سی چیز اس بات سے روکتی ہے کہ وہ کسی چست آدمی کو ہی اللہ کے راستہ میں اپنے کسی اونٹ پر سوار کردیں ؟ کیونکہ میرے اہل خانہ کے نزدیک یہ بات انتہائی اہم ہے کہ وہ مہاجرین قریش، انصار، اسلم اور غفار سے پیچھے رہیں۔ گذشتہ حدیث اس دوسری سند سے بھی مروی ہے۔ حضرت ابورہم غفاری (رض) جو بیعت رضوان کے شرکاء میں سے تھے " کہتے ہیں کہ میں غزوہ تبوک میں نبی کریم ﷺ کے ساتھ شریک ہوا۔۔۔۔۔۔ پھر راوی نے پوری حدیث ذکر کی اور کہا کہ میں اپنی سواری کو پیچھے رکھنے لگا اسی کشمکش میں آدھی رات کو مجھ پر نیند غالب آگئی اور میں سوگیا۔ نبی کریم ﷺ نے پوچھا کہ ان سیاہ فام لوگوں کا کیا بنا جو گھنگریالے بالوں والے ہیں جن کے پاس " شظیہ شرخ " میں جانور بھی ہیں ؟ میں نے بنوغفار میں ان صفات کے لوگوں کو یاد کیا تو مجھے کوئی گروہ یاد نہیں آیا بالآخر مجھے قبیلہ اسلم کا ایک گروہ یاد آگیا اور میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! یہ قبیلہ اسلم کا ایک گروہ ہے جو ہمارا حلیف تھا۔