747. حضرت عداء بن خالد ہوذہ کی حدیثیں

【1】

حضرت عداء بن خالد ہوذہ کی حدیثیں

حضرت عداء بن خالد سے مروی ہے کہ میں نے نبی ﷺ کو یوم عرفہ کے موقع پر اپنے اونٹ پر دونوں رکابوں میں کھڑے ہو کر خطبہ دیتے ہوئے دیکھا ہے۔

【2】

حضرت عداء بن خالد ہوذہ کی حدیثیں

عبدالمجید عقیلی کہتے ہیں کہ ہم لوگ اس زمانے میں حج کے لئے روانہ ہوئے جب یزید بن مہلب نے خروج کیا تھا ہمیں بتایا گیا تھا کہ عالیہ میں رجیح نامی پانی کا کنواں موجود ہے جب ہم مناسک حج سے فارغ ہوئے تو رجیح پہنچ کر اپنی سواریوں کو بٹھایا پھر خود کنویں کے پاس پہنچے وہاں کچھ خضاب لگائے ہوئے معمر افراد بیٹھے باتیں کررہے تھے ہم نے ان لوگوں سے پوچھا کہ یہاں نبی ﷺ کے ایک صحابی رہتے ہیں ان کا گھر کہاں ہے ؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہاں ایک صحابی یہاں رہتے ہیں جن کا وہ گھر ہے۔ ہم چلتے ہوئے ان کے گھر پہنچے اور باہر کھڑے ہو کر سلام کیا انہوں نے ہمیں اندر آنے کی اجازت دی گھر میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ ایک بہت بوڑھے آدمی لیٹے ہوئے ہیں جنہیں عداء بن خالد کلابی کہا جاتا تھا ہم نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ نے نبی ﷺ کی ہم نشینی پائی ہے ؟ انہوں نے فرمایا ہاں اگر رات کا وقت نہ ہوتا تو میں تمہیں وہ خط بھی پڑھواتا جو نبی ﷺ نے مجھے لکھا تھا۔ پھر ہم سے پوچھا کہ تم کون لوگ ہو ہم نے بتایا کہ اہل بصرہ میں سے ہیں انہوں نے ہم کو مرحبا کہا اور پوچھا کہ یزید بن مہلب کا کیا بنا ؟ ہم نے کہا وہ وہاں کتاب اللہ اور نبی ﷺ کی سنت کی دعوت دے رہا ہے انہوں نے پوچھا کہ یزید بن مہلب موجودہ حکمران کی نسبت کیسا ہے میں نے عرض کیا ہم کسی کی پیروی کریں اہل شام کی یا یزید بن مہلب کی انہوں نے تین مرتبہ یہی فرمایا اگر تم خاموش سے بیٹھے رہو گے تو کامیاب ہوجاؤ گے میں نے عرفہ کے دن نبی ﷺ کو اپنے اونٹ کی دونوں رکابوں پر کھڑے ہوئے دیکھا ہے نبی ﷺ بلند آواز سے فرما رہے تھے اے لوگو آج کا دن کون سا ہے ؟ لوگوں نے کہا اللہ اور اس کے رسول ہی بہتر جانتے ہیں نبی ﷺ نے پوچھا کہ آج کا مہینہ کون سا ہے ؟ لوگوں نے کہا اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں نبی ﷺ نے پوچھا کہ یہ شہر کون سا ہے لوگوں نے کہا اللہ اور اس کا رسول ہی زیادہ بہتر جانتے ہیں نبی ﷺ نے فرمایا آج کا دن حرمت والا ہے اور مہینہ بھی حرمت والا ہے اور یہ شہر بھی حرمت والا ہے یاد رکھو تمہاری جان اور مال ایک دوسرے کے لئے اس طرح حرمت والے ہیں جیسا آج کا دن کہ اس مہینے اور اس شہر میں حرمت ہے یہاں تک کہ تم اپنے رب سے آملو۔ وہ تم سے تمہارے اعمال کے متعلق سوال کرے گا پھر نبی ﷺ نے آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر کئی مرتبہ فرمایا اے اللہ تو گواہ رہ۔