753. حضرت زائد یا مزیدہ بن حوالہ کی حدیث۔

【1】

حضرت زائد یا مزیدہ بن حوالہ کی حدیث۔

حضرت ابن حوالہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ میں نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اس وقت آپ ایک درخت کے سائے میں بیٹھے ہوئے تھے اور آپ کے پاس ایک کاتب تھا جسے آپ کچھ لکھوا رہے تھے نبی ﷺ نے فرمایا اے ابن حوالہ کیا ہم تمہیں بھی نہ لکھ دیں۔ میں نے عرض کی مجھے معلوم نہیں اللہ اور اس کے رسول نے میرے لئے کیا پسند فرمایا ہے چناچہ نبی ﷺ نے مجھ سے اعراض فرمالیا چناچہ وہ دوبارہ کاتب کو املا کر انے کے لئے جھک گئے کچھ دیر بعد یہی سوال جواب ہوئے اس کے بعد میں نے دیکھا تو تحریر میں حضرت ابوبکر اور حضرت عمر کے نام لکھے ہوئے تھے میں نے اپنے دل میں میں سوچا کہ ان دونوں کا نام خیر کے ہی کام میں لکھا جاسکتا ہے چناچہ تیسری مرتبہ نبی ﷺ نے پوچھا کہ اے ابن حوالہ کیا ہم تمہیں بھی نہ لکھ دیں۔ میں نے عرض کی جی ہاں۔ نبی ﷺ نے فرمایا اے ابن حوالہ جب زمین کے اطراف واکناف میں فتنے اس طرح ابل پڑیں گے جیسے گائے کے سینگ ہوتے ہیں تو تم کیا کرو گے ؟ میں نے عرض کی مجھے معلوم نہیں اللہ اور اس کے رسول میرے لئے کیا پسند فرمائیں گے نبی ﷺ نے فرمایا شام کو اپنے اوپر لازم کرلو پھر اگلا سوال پوچھا کہ اس کے بعد جب دوسرا فتنہ فورا ہی نمودار ہوگا جو خرگوش کی رفتار جیسا ہوگا تب کیا کرو گے میں نے حسب سابق جواب دیا اب مجھے یاد نہیں ہے کہ اس مرتبہ نبی ﷺ نے کیا فرمایا مجھے اس جواب کا معلوم ہونا فلاں فلاں چیز سے بھی زیادہ محبوب ہے۔