795. بنوسلمہ کی سلیم نامی ایک صحابی کی روایت

【1】

بنوسلمہ کی سلیم نامی ایک صحابی کی روایت

بنوسلمہ کے سلیم نامی ایک صحابی کا کہنا ہے کہ وہ نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا یارسول اللہ حضرت معاذ بن جبل ہمارے یہاں اس وقت آتے ہیں جب ہم سوچکے ہوتے ہیں دن میں ہم اپنے کام کاج میں مصروف رہتے ہیں وہ نماز کے لئے بلاتے ہیں جب ہم آجاتے ہیں تو وہ لمبی نماز پڑھاتے ہیں نبی ﷺ نے یہ سن کر فرمایا اے معاذ بن جبل تم لوگوں کو فتنہ میں ڈالنے والے نہ بنو یا تو میرے ساتھ نماز پڑھا کرو یا پھر اپنی نماز کو ہلکی نماز پڑھایا کرو۔ پھر مجھ سے فرمایا سلیم ! تمہیں کتنا قرآن یاد ہے میں نے عرض کیا کہ میں اللہ سے جنت کا سوال اور دوزخ سے پناہ مانگتا ہوں بخدا ! میں آپ کی طرح یا معاذ کی طرح نہیں پڑھ سکتا نبی ﷺ نے فرمایا کہ تم میری اور معاذ کی طرح کیوں نہیں ہوسکتے ؟ ہم بھی تو اللہ سے جنت کا سوال اور دوزخ سے پناہ مانگتے ہیں پھر سلیم نے کہا کہ انشاء اللہ کل جب دشمن سے سامنا ہوگا تو آپ دیکھئے گا اس وقت لوگ غزوہ احد کی تیاریوں میں مشغول تھے وہ بھی غزوہ احد میں شریک ہوا اور شہید ہوگیا۔