820. وہ حدیثیں جو حضرت ابوہریرہ (رض) نے ان سے سے نقل کی ہیں۔

【1】

وہ حدیثیں جو حضرت ابوہریرہ (رض) نے ان سے سے نقل کی ہیں۔

حضرت ابوہریرہ (رض) سے بحوالہ ابی بن کعب (رض) مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ نے سورت فاتحہ جیسی سورت پوری تورات اور انجیل میں نازل نہیں فرمائی، یہی سبع مثانی ہے (اور اللہ فرماتے ہیں کہ) یہی سورت میرے اور میرے بندے کے درمیان تقسیم شدہ ہے اور میرے بندے کو وہی ملے گا جو وہ مانگے گا۔

【2】

وہ حدیثیں جو حضرت ابوہریرہ (رض) نے ان سے سے نقل کی ہیں۔

حضرت ابوہریرہ (رض) سے بحوالہ ابی بن کعب (رض) مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کیا میں تمہیں ایک ایسی سورت نہ سکھا دوں جس کی مثال تورات، زبور، انجیل اور خود قرآن میں بھی نہیں ہے ؟ میں نے عرض کیا کیوں نہیں نبی کریم ﷺ نے فرمایا مجھے امید ہے کہ تم اس دروازے سے نکلنے نہیں پاؤگے کہ اسے سیکھ چکے ہوگے پھر نبی کریم ﷺ کھڑے ہوگئے میں بھی ان کے ہمراہ کھڑا ہوگیا نبی کریم ﷺ میرا ہاتھ پکڑ کر باتیں کرنے لگے اور چلتے چلتے دروازے کے قریب پہنچ گئے میں نے نبی کریم ﷺ کو یاد دہانی کراتے ہوئے عرض کیا یا رسول اللہ ! ﷺ وہ سورت بتا دیجئے جس کے متعلق آپ نے مجھ سے فرمایا تھا ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جب تم نماز پڑھنے کھڑے ہوتے ہو تو کیا پڑھتے ہو ؟ انہوں نے سورت فاتحہ پڑھ کر سنا دی نبی کریم ﷺ نے فرمایا یہی وہ سورت ہے وہی سبع مثانی ہے اور وہی قرآن عظیم ہے جو مجھے دیا گیا ہے۔ گذشتہ حدیث راویوں کی معمولی تقدیم و تاخیر کے ساتھ بھی مروی ہے۔