857. حضرت سعید بن سعد بن عبادہ (رض) کی حدیث

【1】

حضرت سعید بن سعد بن عبادہ (رض) کی حدیث

حضرت سعید بن سعد (رض) سے مروی ہے کہ ہمارے گھروں میں ایک آدمی رہتا تھا جو ناقص الخلقت اور انتہائی کمزور تھا ایک مرتبہ اس نے لوگوں کو حیرت زدہ کردیا کہ وہ گھر کی ایک لونڈی کے ساتھ " خباثت " کرتا ہوا پکڑا گیا، تھا وہ مسلمان حضرت سعد بن عبادہ (رض) نے یہ معاملہ نبی کریم ﷺ کی عدالت میں پیش کیا تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا اس پر حد جاری کردو، لوگوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ! ﷺ یہ تو اتنا کمزور ہے کہ اگر ہم نے اسے سو کوڑے مارے تو یہ تو مرجائے گا نبی کریم ﷺ نے فرمایا پھر سو ٹہنیوں کا ایک گچھا لو اور اس سے ایک ضرب اسے لگادو اور پھر اس کا راستہ چھوڑ دو ۔