893. حضرت عبداللہ بن حوالہ ازدی (رض) کی حدیثیں

【1】

حضرت عبداللہ بن حوالہ ازدی (رض) کی حدیثیں

ابن زغب ایادی کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن حوالہ میرے یہاں مہمان بن کر تشریف لائے اسی دوران انہوں نے ایک موقع پر فرمایا کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ نے ہمیں مدینہ منورہ کے آس پاس پیدل دستے کے ساتھ روانہ فرمایا تاکہ ہمیں مال غنیمت حاصل ہو لیکن ہم واپس آئے تو کچھ بھی مال غنیمت ہمیں نہ مل سکا تھا اور ہمارے چہروں پر مشقت کے آثار نبی کریم ﷺ نے محسوس فرما لئے تھے اس لئے ہمارے درمیان کھڑے ہو کر فرمایا اے اللہ ! انہیں دوسرے لوگوں کے حوالے نہ فرما کہ وہ ان پر غالب آجائیں پھر فرمایا عنقریب تمہارے ہاتھوں شام، روم اور فارس فتح ہوجائیں گے حتی کہ تم میں سے ایک ایک آدمی کے پاس اتنے اتنے اونٹ گائیں اور بکریاں ہوں گی یہاں تک کہ اگر کسی کو سو دینار بھی دیئے جائیں گے تو وہ ناراض ہوجائے گا، پھر نبی کریم ﷺ نے میرے سر پر ہاتھ رکھ کر فرمایا اے ابن حوالہ ! جب تم دیکھو کہ خلافت ارض مقدس میں پہنچ گئی ہے تو سمجھ لو کہ زلزلے مصبتیں اور بڑے بڑے امور قریب آگئے ہیں اور اس وقت قیامت لوگوں کے اتنے قریب آجائے گی جیسے میرا یہ ہاتھ تمہارے سر کے قریب ہے اس سے بھی زیادہ ہوگی۔

【2】

حضرت عبداللہ بن حوالہ ازدی (رض) کی حدیثیں

حضرت عبداللہ بن حوالہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص تین چیزوں سے نجات پا گیا وہ نجات پا گیا (تین مرتبہ فرمایا) صحابہ کرام (رض) نے پوچھا وہ کیا ہے یا رسول اللہ ! ﷺ نبی کریم ﷺ نے فرمایا میری موت حق پر ثابت قدم خلیفہ کے قتل سے اور دجال۔

【3】

حضرت عبداللہ بن حوالہ ازدی (رض) کی حدیثیں

حضرت عبداللہ بن حوالہ (رض) سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا عنقریب شام یمن اور عراق میں بہت سے لشکر ہوں گے یہ بات اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ نبی کریم ﷺ نے پہلے کس شہر کا نام لیا تھا ؟ البتہ نبی کریم ﷺ نے تین مرتبہ فرمایا شام کو اپنے اوپر لازم پکڑو جو شخص ایسا نہ کرسکے وہ یمن چلا جائے اور اس کے کنوؤں کا پانی پیئے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے شام اور اہل شام کا میرے لئے ذمہ لیا ہے۔