896. حضرت عمروبن فغوائرضی اللہ عنہ کی حدیث
حضرت عمروبن فغوائرضی اللہ عنہ کی حدیث
حضرت عمرو بن فغواء (رض) سے مروی ہے کہ فتح مکہ کے بعد ایک دن نبی کریم ﷺ نے مجھے بلایا نبی کریم ﷺ مکہ مکرمہ میں قریش کو تقسیم کرنے کے لئے کچھ مال حضرت ابو سفیان (رض) کے پاس بھیجنا چاہتے تھے نبی کریم ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ اپنے ساتھ ایک اور رفیق سفر کو تلاش کرلو، تھوڑی دیر بعد میرے پاس عمرو بن امیہ ضمری آئے اور کہنے لگے مجھے معلوم ہوا ہے کہ آپ سفر پر جا رہے ہیں اور کسی ساتھی کی تلاش میں ہیں ؟ میں نے کہا ہاں ! انہوں نے کہا کہ میں سفر میں آپ کی رفاقت اختیار کرتا ہوں۔ میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ مجھے ایک ساتھی مل گیا ہے کیونکہ نبی کریم ﷺ نے مجھ سے فرمایا تھا جب تمہیں کوئی ساتھی مل جائے تو مجھے بتانا " نبی کریم ﷺ نے پوچھا وہ کون ہے ؟ میں نے بتایا کہ عمرو بن امیہ ضمری ہیں نبی کریم ﷺ نے فرمایا جب تم ان کی قوم کے علاقے میں پڑاؤ کرو تو ان سے بچ کر رہنا کیونکہ کہنے والے کہتے ہیں کہ " تم اپنے حقیقی بھائی سے بھی اپنے آپ کو مامون نہ سمجھو۔ " بہرحال ! ہم لوگ روانہ ہوگئے جب ہم مقام ابواء میں پہنچے تو عمرو نے مجھ سے کہا کہ مجھے ودان میں اپنی قوم میں ایک کام یاد آگیا ہے آپ میرا انتظار کیجئے گا میں نے کہا بلا تکلف ضرور، جب وہ چلے گئے تو مجھے نبی کریم ﷺ کا ارشاد یاد آگیا چناچہ میں نے اپنا سامان اپنے اونٹ پر باندھا اور اپنا اونٹ تیزی سے دوڑاتے ہوئے اس علاقے سے نکل گیا جب میں " اصافر " نامی جگہ پر پہنچا تو وہ اپنے ایک گروہ کے ساتھ میرا راستہ روک کر کھڑا ہوا نظر آیا میں نے اپنی رفتار مزید تیز کردی اور بچ کر نکل گیا جب اس نے دیکھا کہ میں اس کے ہاتھ سے بچ نکلا ہوں تو وہ لوگ واپس چلے گئے اور عمرو میرے پاس آکر کہنے لگا کہ مجھے اپنی قوم میں ایک ضروری کام تھا میں نے کہا بہت بہتر پھر ہم وہاں سے روانہ ہو کر مکہ مکرمہ پہنچے اور میں نے وہ مال حضرت ابوسفیان (رض) کے حوالے کردیا۔