926. بعض صحابہ (رض) کی حدیثیں

【1】

بعض صحابہ (رض) کی حدیثیں

ایک صحابی (رض) سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ صبح کے وقت تشریف لائے تو بڑا خوشگوار موڈ تھا اور چہرے پر بشاشت کھیل رہی تھی ہم نے نبی کریم ﷺ سے اس کیفیت کا تذکرہ کیا تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا ایسا کیوں نہ ہو ؟ جبکہ آج رات میرے پاس میرا رب انتہائی حسین صورت میں آیا اور فرمایا اے محمد ! ﷺ میں نے عرض کیا لبیک ربی وسعدیک فرمایا ملا اعلیٰ کے فرشتے کس وجہ سے جھگڑ رہے ہیں ؟ میں نے عرض کیا پروردگار ! میں نہیں جانتا (دو تین مرتبہ یہ سوال جواب ہوا) پھر پروردگار نے اپنی ہتھیلیاں میرے کندھوں کے درمیان رکھ دیں جن کی ٹھنڈک میں نے اپنے سینے اور چھاتی میں محسوس کی حتیٰ کہ میرے سامنے آسمان و زمین کی ساری چیزیں نمایاں ہوگئیں پھر آپ ﷺ نے " و کذلک نری ابراہیم " والی آیت تلاوت فرمائی۔ اس کے بعد اللہ نے پھر پوچھا کہ اے محمد ! ﷺ ملا اعلیٰ کے فرشتے کس چیز کے بارے جھگڑ رہے ہیں ؟ میں نے عرض کیا کفارات کے بارے میں فرمایا کفارات سے کیا مراد ہے ؟ میں نے عرض کیا جمعہ کے لئے اپنے پاؤں سے چل کر جانا نماز کے بعد بھی مسجد میں بیٹھے رہنا مشقت کے باوجود وضو مکمل کرنا ارشاد ہوا کہ جو شخص یہ کام کرلے وہ خیر کی زندگی گذارے گا اور خیر کی موت مرے گا اور وہ اپنے گناہوں سے اس طرح پاک صاف ہوجائے گا جیسے اپنی پیدائش کے دن تھا۔ اور جو چیزیں بلند درجات کا سبب بنتی ہیں وہ بہترین کلام، سلام کی اشاعت، کھانا کھلانا اور رات کو جب لوگ سو رہے ہوں نماز پڑھنا ہے پھر فرمایا اے محمد ! ﷺ جب نماز پڑھا کرو تو یہ دعا کرلیا کرو کہ اے اللہ ! میں تجھ سے پاکیزہ چیزوں کا سوال کرتا ہوں منکرات سے بچنے کا، مسکینوں سے محبت کرنے کا اور یہ کہ تو میری طرف خصوصی توجہ فرما اور جب لوگوں میں کسی آزمائش کا ارادہ کرے تو مجھے فتنے میں مبتلا ہونے سے پہلے موت عطاء فرما دے۔

【2】

بعض صحابہ (رض) کی حدیثیں

ایک صحابی (رض) سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ایک آدمی کے متعلق حکم دیا کہ اسے مکہ اور مدینہ کے درمیان رجم کردیا جائے جب اسے پتھر لگے تو وہ بھاگنے لگا نبی کریم ﷺ کو یہ بات معلوم ہوئی تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ تم نے اسے چھوڑ کیوں نہ دیا ؟

【3】

بعض صحابہ (رض) کی حدیثیں

ایک صحابی (رض) کہتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا یا رسول اللہ ! آپ کو کب نبی ﷺ بنایا گیا ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا اس وقت جب کہ حضرت آدم (علیہ السلام) ابھی روح اور جسم ہی کے درمیان تھے۔