27. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے کھانے کے وقت وضو کا ذکر

【1】

حضور اقدس ﷺ کے کھانے کے وقت وضو کا ذکر

ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضور اقدس ﷺ جب بیت الخلاء سے فراغت پر باہر تشریف لائے تو آپ ﷺ کی خدمت میں کھانا حاضر کیا گیا اور وضو کا پانی لانے کے لئے پوچھا گیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے وضو کا اسی وقت حکم ہے جب نماز کا ارادہ کروں۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے کھانے کے وقت وضو کا ذکر

ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ ایک مرتبہ استنجے سے فارغ ہو کر تشریف لائے۔ حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ صحابہ نے پوچھا کہ کیا وضو نہیں فرمائیں گے ؟ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ کیا اس وقت مجھے نماز پڑھنی ہے کہ وضو کروں ؟

【3】

حضور اقدس ﷺ کے کھانے کے وقت وضو کا ذکر

سلمان فارسی (رض) فرماتے ہیں کہ میں نے تورات میں پڑھا تھا کھانے سے فراغت کے بعد وضو (یعنی ہاتھ دھونا) برکت کا سبب ہے میں نے حضور اقدس ﷺ سے یہ مضمون عرض کیا تو حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ کھانے سے قبل اور کھانے کے بعد وضو (یعنی ہاتھ منہ دھونا) برکت کا سبب ہے۔