28. ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

【1】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

حضرت ابوایوب انصاری (رض) فرماتے ہیں کہ ہم ایک مرتبہ حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں حاضر تھے، کہ کھانا سامنے لایا گیا میں نے آج جیسا کھانا کہ جو ابتداء یعنی کھانے کے شروع کے وقت نہایت بابرکت معلوم ہوتا ہو اور کھانے کے ختم کے وقت بالکل بےبرکت ہوگیا ہو کبھی نہیں دیکھا تھا۔ اس لئے حیرت سے حضور اقدس ﷺ سے دریافت کیا۔ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ شروع میں ہم لوگوں نے بسم اللہ کے ساتھ کھانا شروع کیا تھا اور اخیر میں فلاں شخص نے بدون بسم اللہ پڑھے کھایا اس کے ساتھ شیطان شریک ہوگیا۔

【2】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب کوئی شخص کھانا کھائے اور بسم اللہ پڑھنا بھول جائے تو کھانے کے درمیان جس وقت یاد آئے بسم اللہ اولہ وآخرہ پڑھے۔

【3】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

عمر بن ابی سلمہ (رض) حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ حضور اقدس ﷺ کے پاس کھانا رکھا ہوا تھا آپ ﷺ نے فرمایا بیٹا قریب ہوجاؤ اور بسم اللہ کہہ کر دائیں ہاتھ سے اپنے قریب سے کھانا شرع کرو۔

【4】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

ابو سعید خدری (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ جب کھانے سے فارغ ہوتے تو یہ دعا پڑھتے الْحَمْدُ لِلَّہ الَّذِي أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَجَعَلَنَا مُسْلِمِينَ تمام تعریف اس ذات پاک کے لئے ہیں جس نے ہمیں کھانا کھلایا، پانی پلایا اور ہمیں مسلمان بنایا۔

【5】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

ابوامامہ (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کے سامنے جب دستر خوان اٹھایا جاتا تو آپ ﷺ یہ دعا پڑھتے الحمد للہ حمدا کثیراطیبا مبارکا فیہ غیر مودع ولامستغنی عنہ ربنا۔ (تمام تعریف حق تعالیٰ شانہ کے لئے مخصوص ہے ایسی تعریف جو پاک ہے ریا وغیرہ اوصاف رذیلہ سے جو مبارک ہے ایسی حمد جو نہ چھوڑی جاسکتی اور نہ اس پر استغناء کیا جاسکتا ہے اے اللہ ہمارے شکر کو قبول فرما) ۔

【6】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ چھ آدمیوں کے ساتھ کھانا تناول فرما رہے تھے کہ ایک بدوی آیا اس نے دو لقموں میں سب کو نمٹا دیا۔ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اگر یہ بسم اللہ پڑھ کر کھاتا تو یہ کھانا سب کو کافی ہوجاتا۔

【7】

ان کلمات کا ذکر جو حضور اقدس ﷺ کھانے سے قبل کھانے کے بعد فرمایا کرتے تھے۔

حضرت انس (رض) نے حضور اقدس ﷺ سے نقل کیا ہے کہ حق تعالیٰ جل جلالہ عم نوالہ بندہ کی اس بات پر بہت ہی رضامندی ظاہر فرماتے ہیں کہ ایک لقمہ کھانا کھائے یا گھونٹ پیوے حق تعالیٰ شانہ کا اس پر شکر ادا کرے۔