31. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پینے کی چیزوں کے احوال میں

【1】

حضور اقدس ﷺ کے پینے کی چیزوں کے احوال میں

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو پینے کی سب چیزوں میں میٹھی اور ٹھنڈی چیز مرغوب تھی۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے پینے کی چیزوں کے احوال میں

ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ میں اور خالد بن ولید دونوں حضور اقدس ﷺ کے ساتھ حضرت میمونہ (رض) کے گھر گئے (ام المومنین حضرت میمونہ ان دونوں حضرات کی خالہ تھیں) وہ اک برتن میں دودھ لے کر آئیں حضور اقدس ﷺ نے اس میں سے تناول فرمایا میں دائیں جانب تھا اور خالد بن ولید بائیں جانب مجھ سے ارشاد فرمایا کہ اب پینے کا حق تیرا ہے (کہ تو دائیں جانب ہے) اگر تو اپنی خوشی سے چاہے تو خالد کو ترجیح دے دے میں نے عرض کیا کہ آپ ﷺ کے جھوٹے پر میں کسی کو ترجیح نہیں دے سکتا۔ اس کے بعد حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب کسی شخص کو حق تعالیٰ شانہ کوئی چیز کھلائیں تو یہ دعا پڑھنی چاہیے۔