42. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے روزوں کا ذکر

【1】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

عبداللہ بن شقیق (رض) کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ (رض) سے حضور اقدس ﷺ کے روزے رکھنے کے متعلق پوچھا انہوں نے فرمایا کہ کبھی حضور اقدس ﷺ متواتر روزے رکھتے کہ ہمارا یہ خیال ہوتا کہ اس ماہ میں افطار ہی نہیں فرمائیں گے اور کبھی ایسا مسلسل افطار فرماتے تھے کہ ہمارا یہ خیال ہوتا کہ اس ماہ میں روزہ ہی نہیں رکھیں گے۔ لیکن مدینہ منورہ تشریف آوری کے بعد سے رمضان المبارک کے علاوہ کسی تمام ماہ کے روزے نہیں رکھے (ایسے ہی کسی ماہ کو کامل افطار گزار دیا ہو یہ بھی نہیں کیا۔ (کمافی ابی داؤد) حضور اقدس ﷺ کے اس معمول کے متعلق کسی قدر تفصیل اگلی حدیث میں آئے گی۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت انس (رض) سے کسی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ کے روزوں کے متعلق پوچھا، انہوں نے فرمایا کہ عادت شریفہ اس میں مختلف تھی کسی ماہ میں تو اتنی کثرت سے روزے رکھتے تھے جس سے یہ خیال ہوجاتا ہے کہ اس میں افطار فرمانے کا ارادہ ہی نہیں ہے اور کسی ماہ میں ایسا مسلسل افطار فرماتے تھے۔ جس سے ہم یہ سمجھتے کہ اس ماہ میں آپ ﷺ کا روزوں کا ارادہ ہی نہیں ہے آپ ﷺ کی عادت شریفہ یہ بھی تھی کہ اگر تم حضور اکرم ﷺ کو رات کو سوتا ہوا دیکھنا چاہو تو یہ بھی مل جاتا ہے اور اگر نماز پڑھتا ہوا دیکھنا چاہو تو یہ بھی میسر ہوجاتا۔

【3】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت ابن عباس (رض) سے بھی حضور اکرم ﷺ کی یہ عادت شریفہ مروی ہے کہ کسی ماہ میں اکثر حصہ روزہ رکھتے تھے جس سے ہمارا خیال ہوتا تھا کہ اس میں افطار کا ارادہ نہیں اور کسی ماہ میں اکثر ہی ایسے افطار فرماتے تھے جس سے ہمیں خیال ہوتا کہ اس میں روزہ نہیں رکھیں گے، لیکن کسی ماہ میں بجز رمضان المبارک کے تمام ماہ روزہ نہیں رکھتے تھے۔

【4】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت ام سلمہ (رض) فرماتی ہیں کہ میں نے حضور اقدس صلی اللہ کو رمضان و شعبان کے سوا دو ماہ کامل روزے رکھتے نہیں دیکھا۔

【5】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کو (رمضان کے علاوہ) شعبان سے زیادہ کسی ماہ میں روزے رکھتے نہیں دیکھا۔ شعبان کے اکثر حصہ میں آپ روزے رکھتے تھے، بلکہ (قریب قریب) تمام مہینہ کے روزے رکھتے تھے۔

【6】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

عبداللہ بن مسعود (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ ہر مہینہ کے شروع میں تین دن روزہ رکھا کرتے تھے اور جمعہ کے دن بہت کم افطار فرماتے تھے۔

【7】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ پیر جمعرات کے روزہ کا اکثر اہتمام فرماتے تھے۔

【8】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ شعبان سے زیادہ کسی ماہ میں روزے نہیں رکھتے تھے۔

【9】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت ابوہریرہ (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اعمال پیر اور جمعرات کے دن حق تعالیٰ شانہ کی عالی بارگاہ میں پیش ہوتے ہیں میرا دل چاہتا ہے کہ میرے اعمال روزہ کی حالت میں پیش ہوں۔

【10】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ (کبھی) ہر مہینہ کے تین روزے اس طرح بھی رکھتے تھے کہ ایک مہینہ میں ہفتہ، اتوار، پیر کو روزہ رکھ لیتے اور دوسرے ماہ میں منگل، بدھ، جمعرات کو۔

【11】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ عاشورہ کا روزہ زمانہ جاہلیت میں قریش رکھا کرتے تھے اور حضور اکرم صلی اللہ بھی (ہجرت سے) قبل تطوعاً رکھ لیا کرتے تھے (لیکن ہجرت کے بعد) جب مدینہ منورہ تشریف لائے تو خود بھی (اہتمام سے) رکھا اور امت کو بھی (وجوباً ) حکم فرمایا۔ مگر جب رمضان المبارک نازل ہوا تو وہی فرض روزہ بن گیا اور عاشورہ کی فرضیت منسوخ ہوگئی (اب استحباب باقی ہے جس کا دل چاہے رکھے اور جس کا دل چاہے نہ رکھے) ۔

【12】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

علقمہ (رض) کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ (رض) سے پوچھا کیا حضور اقدس ﷺ ایام کو عبادت کے لئے مخصوص فرمایا کرتے تھے، انہوں نے فرمایا کہ (نہیں) حضور اکرم ﷺ کے اعمال دائمی ہوتے تھے تم میں سے اس بات کی کون طاقت رکھتا ہے جس کی حضور اکرم ﷺ طاقت رکھتے تھے۔

【13】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) کہتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ ایک مرتبہ تشریف لائے تو میرے پاس ایک عورت بیٹھی ہوئی تھی۔ حضور اکرم ﷺ نے دریافت فرمایا کہ یہ کون ہے ؟ میں نے عرض کیا کہ فلانی عورت ہے جو رات بھر نہیں سوتیں۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ نوافل اس قدر اختیار کرنے چاہییں جن کا تحمل ہو سکے، حق تعالیٰ جل شانہ ثواب دینے سے نہیں گھبراتے، یہاں تک کہ تم عمل کرنے سے گھبرا جاؤ۔ حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ کو وہی عمل زیادہ پسند تھا جس پر آدمی نباہ کرسکے۔

【14】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

ابوصالح (رض) کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ (رض) اور حضرت ام سلمہ (رض) سے پوچھا کہ حضور اقدس ﷺ کے نزدیک کون سا عمل زیاد پسند تھا ؟ دونوں نے یہ جواب دیا کہ جس عمل پر مداومت کی جائے خواہ کتنا ہی کم ہو۔

【15】

حضور اقدس ﷺ کے روزوں کا ذکر

عوف بن مالک کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ (رض) اور حضرت ام سلمہ (رض) سے پوچھا کہ حضور اقدس ﷺ کے نزدیک کون سا عمل زیاد پسند تھا ؟ دونوں نے یہ جواب دیا کہ جس عمل پر مداومت کی جائے خواہ کتنا ہی کم ہو۔ کہتے ہیں کہ میں ایک شب حضور اقدس ﷺ کے ساتھ تھا۔ حضور اکرم ﷺ نے مسواک فرمائی پھر وضو فرمایا پھر نماز کی نیت باندھ لی، میں نے بھی حضور اکرم ﷺ کا اقتداء کیا اور حضور اکرم ﷺ نے سورت بقرہ شروع فرمائی اور جب آیت رحمت پر گزرتے وہاں وقفہ فرما کر حق تعالیٰ جل شانہ سے رحمت کا سوال فرماتے اور ایسے ہی جب آیت عذاب پر گزرتے وہاں وقفہ فرما کر حق تعالیٰ شانہ سے اس عذاب سے پناہ مانگتے۔ پھر حضور اکرم ﷺ نے تقریباً اتنی ہی دیر رکوع فرمایا رکوع میں سبحان ذی الجبروت والملکوت والکبریاء والعظمہ یہ دعا پڑھتے رہے پاک ہے وہ ذات جو حکومت اور سلطنت والی نہایت بزرگی اور عظمت و بڑائی والی ہے۔ پھر رکوع ہی کی مقدار کے موافق سجدہ کیا اور اس میں بھی یہی دعا پڑھی (پھر دوسری رکعت میں) سورت آل عمران اور اسی طرح (ایک ایک رکعت میں) ایک ایک سورت پڑھتے تھے۔