49. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

【1】

حضور اقدس ﷺ کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

حضرت انس (رض) سے کسی نے سینگی لگوانے کی اجرت کا مسئلہ پوچھا کہ جائز ہے یا نہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ ابوطیبہ نے حضور اکرم ﷺ کے سینگی لگائی تھی۔ آپ نے دو صاع کھانا (ایک روایت میں کھجور بھی آیا) مرحمت فرمایا اور ان کے آقاؤں سے سفارش فرما کر ان کے ذمہ جو محصول تھا اس میں کمی کرادی اور یہ بھی ارشاد فرمایا کہ سینگی لگانا بہترین دوا ہے۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

حضرت علی (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ایک مرتبہ سینگی لگوائی اور مجھے اس کی مزدوری دینے کا حکم فرمایا میں نے اس کو ادا کیا۔

【3】

حضور اقدس ﷺ کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ حضور ﷺ نے گردن کی دونوں جانب پچھنے لگوائے اور دونوں شانوں کے درمیان اور اس کی اجرت بھی مرحمت فرمائی۔ اگر ناجائز ہوتی تو حضور اکرم ﷺ کیسے مرحمت فرماتے۔

【4】

حضور اقدس ﷺ کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

حضرت ابن عمر (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے ایک سینگی لگانے والے کو بلایا جس نے آپ ﷺ کے سینگی لگائی۔ حضور اکرم ﷺ نے ان سے ان کا روزانہ کا محصول دریافت فرمایا تو انہوں نے تین صاع بتلایا۔ حضور اکرم ﷺ نے ایک صاع کم کرادیا اور سینگی لگانے کی اجرت مرحمت فرمائی۔

【5】

حضور اقدس ﷺ کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ گردن کی دونوں جانبوں میں اور ہر دو شانوں کے درمیان سینگی لگواتے تھے اور عموماً 17 یا 19 یا 21 تاریخ میں اس کا استعمال فرماتے تھے۔

【6】

حضور اقدس ﷺ کے سینگی پچھنے لگوانے کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے موضع ملل میں (جو مکہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ایک جگہ ہے) حالتِ احرام میں پشت قدم پر سینگی لگوائی۔