53. حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے وصال کا ذکر

【1】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ مجھے جس وقت حضور اکرم ﷺ کا آخری دیدار نصیب ہوا وہ وقت تھا جب کہ حضور اکرم ﷺ نے مرض الوفات میں دو شنبہ کے روز صبح کی نماز کے وقت دولت کدہ کا پردہ اٹھایا کہ امتیوں کی نماز کا آخری معائنہ فرمالیں۔ لوگ اس وقت صدیق اکبر (رض) کی اقتداء میں صبح کی نماز ادا کر رہے تھے (صحابہ (رض) آپ ﷺ کو دیکھ کر فرطِ خوشی میں پیچھے ہٹنے لگے اس خیال سے کہ شاید آپ ﷺ تشریف لاتے ہوں اس لئے کہ اس سے پہلے بھی بیماری کے ایام میں حضرت ابوبکر (رض) نماز پڑھاتے رہے اور جس وقت حضور ﷺ کو افاقہ ہوتا تھا تشریف لا کر جماعت میں شرکت فرماتے تھے) حضور اکرم ﷺ نے اشارہ فرمایا کہ اپنی جگہ کھڑے رہو اور اسی دن وصال ہوگیا۔

【2】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ وصال کے وقت میں نے حضور عالی ﷺ کو اپنے سینہ پر سہارا دے رکھا تھا کہ آپ ﷺ نے پیشاب کے لئے طشت منگوایا اور پیشاب سے فراغت حاصل کی اور اس کے بعد پھر وصال ہوگیا۔

【3】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ وصال کے وقت حضور اقدس ﷺ کے قریب ایک پیالہ میں پانی رکھا ہوا تھا کہ اس میں حضور اکرم ﷺ بار بار ہاتھ ڈالتے تھے اور چہرہ مبارک پر پھیرتے تھے (کہ یہ شدت حرارت اور گھبراہٹ کے وقت سکون کا سبب ہوتا ہے) اس وقت حضور اکرم ﷺ بارگاہ الٰہی میں یہ دعا فرما رہے تھے کہ یا اللہ موت کے شدت پر میری امداد فرما۔

【4】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کی شدت تکلیف کے بعد اب مجھے کسی شخص کے مرض الموت میں تکلیف نہ ہونے پر رشک نہیں ہوتا۔

【5】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور ﷺ کے وصال کے وقت آپ ﷺ کے دفن میں صحابہ (رض) کا اختلاف ہوا ( کسی نے مسجد نبوی کو پسند کیا اور کسی نے آپ ﷺ کے صحابہ (رض) کے قرب کی وجہ سے بقیع کو کسی کا خیال جد اعلیٰ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے مدفن پر پہنچانے کا ہوا تو کسی کا وطن اصلی مکہ مکرمہ واپس لانے کا۔ غرض مختلف رائیں ہو رہی تھیں) کہ حضرت ابوبکر (رض) نے فرمایا کہ میں نے خود حضور ﷺ سے ایک بات سنی ہے جو مجھے خوب یاد ہے کہ انبیاء (علیہم السلام) کا وصال اسی جگہ ہوتا ہے جہاں ان کا پسندیدہ دفن ہو۔ اس لئے حضور اکرم ﷺ کو آپ کے وصال ہی کی جگہ دفن کرنا چاہئے۔

【6】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت ابن عباس (رض) اور حضرت عائشہ (رض) فرماتے ہیں کہ حضرت ابوبکر صدیق (رض) حضور اکرم ﷺ کے وصال کے بعد تشریف لائے اور آپ ﷺ کی پیشانی مبارک کو بوسہ دیا۔

【7】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کے وصال کے بعد حضرت ابوبکر (رض) تشریف لائے آپ ﷺ کی پیشانی مبارک پر بوسہ دیا اور آپ ﷺ کے دونوں بازؤں پر ہاتھ رکھ کر یہ فرمایا ہائے نبی ہائے صفی اور ہائے خلیل۔

【8】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ جس روز حضور اقدس ﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تھے مدینہ کی ہر چیز منور اور روشن بن گئی تھی ( اور جب انوار کی کثرت ہوتی ہے تو اس قسم کی روشنی محسوس بھی ہوجاتی ہے۔ رمضان المبارک کی اندھیری راتوں میں بسا اوقات انوار کی کثرت سے روشنی ہوجاتی ہے اور جس دن حضور اکرم ﷺ کا وصال ہوا تو مدینہ کی ہر چیز تاریک بن گئی تھی ہم لوگ حضور اکرم ﷺ کے وصال کے بعد مٹی سے ہاتھ بھی نہ جھاڑنے پائے تھے کہ ہم نے اپنے قلوب میں تغیر پایا تھا۔

【9】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت عائشہ (رض) سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا وصال دو شنبہ کے روز ہوا۔

【10】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

امام باقر (رح) سے منقول ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا وصال دو شنبہ کے روز ہوا۔ یہ روز اور سہ شنبہ کا روز انتظام میں گزرا اور منگل بدھ کی درمیانی شب میں حضور اکرم ﷺ کو قبر شریف میں اتارا گیا۔ سفیان (رض) جو اس حدیث کے راوی ہیں وہ کہتے ہیں کہ امام باقر (رح) کی حدیث میں وہی ہے جو گزرا لیکن اور روایت میں یہ بھی ہے کہ اخیر حصہ شب میں پھاؤڑوں کی آواز آتی تھی۔

【11】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت ابوسلمہ (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کا وصال دو شنبہ کے روز ہوا اور سہ شنبہ کو دفن کئے گئے۔

【12】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

سالم بن عبید (رض) کہتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ کو مرض الوفات میں بار بار غشی ہوتی تھی اور جب افاقہ ہوتا تو زبان سے یہ نکلتا کہ نماز کا وقت ہوگیا یا نہیں اور نماز کا وقت ہوجانے کا حال معلوم ہونے پر چونکہ مسجد تک تشریف لے جانے کی طاقت نہ تھی اس لئے ارشاد عالی ہوتا کہ بلال (رض) سے کہو کہ نماز کی تیاری کریں اور صدیق اکبر (رض) نماز پڑھائیں۔ متعدد مرتبہ ایسا ہی ہوا۔ (لیکن ابوبکر صدیق (رض) طبعی طور پر نرم دل پیدا ہوئے تھے رقت اکثر طاری ہوجاتی تھی اور پھر حضور اکرم ﷺ کے ساتھ کا تعلق ان کی بیٹی حضرت عائشہ (رض) بھی جانتی تھیں کہ میرے باپ سے آپ ﷺ کی خالی جگہ نہ دیکھی جائے گی اس لئے) حضرت عائشہ صدیقہ (رض) نے درخواست کی کہ میرا باپ ابوبکر رقیق القلب ہے جب حضور اکرم صلی اللہ کی جگہ پر کھڑے ہو کر نماز پڑھائیں گے تو رونے لگیں گے اور نماز پڑھانے کی طاقت نہیں رکھیں گے اس لئے کسی اور کو فرما دیجئے کہ نماز پڑھائیں اسی طرح حضرت عائشہ (رض) کے متعدد مرتبہ سوال و جواب پر حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم یوسف (علیہ السلام) کے قصہ والی عورتیں بننا چاہتی ہو۔ ابوبکر (رض) سے کہو کہ نماز پڑھائیں۔

【13】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ جب مرض الوفات کی سخت تکلیف برداشت فرما رہے تھے تو حضرت فاطمہ (رض) نے عرض کیا کہ ہائے ابا کی تکلیف ! حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ آج کے بعد تیرے باپ پر کچھ تکلیف نہیں رہے گی۔ بیشک آج تیرے باپ پر وہ اٹل چیز اتری ہے یعنی موت جو قیامت تک کبھی کسی سے ٹلنے والی نہیں۔

【14】

حضور ﷺ کے وصال کا ذکر

حضرت ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جس کے دو بچے ذخیرہ آخرت بن جائیں تو حق تعالیٰ شانہ ان کی بدولت اس کو ضرور جنت میں داخل فرمائیں گے۔ حضرت عائشہ (رض) نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ جس کا ایک ہی بچہ ذخیرہ بنا ہو اس کا کیا حکم ہے آپ ﷺ نے فرمایا کہ جس کا ایک ہی بچہ چل دیا وہ بھی بخش دیا جائے گا۔ حضرت عائشہ (رض) نے پوچھا کہ جس کا ایک بچہ بھی نہ مرا ہو تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ ان کے لئے میں ذخیرہ آخرت بنوں گا اس لئے کہ میری وفات کا رنج آل واولاد سب سے زیادہ ہوگا۔