6. حضور اقدس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے خضاب فرمانے کا ذکر

【1】

حضور اقدس ﷺ کے خضاب فرمانے کا ذکر

ابو رمثہ کہتے ہیں، کہ میں حضور اقدس ﷺ کی خدمت میں اپنے لڑکے کو ساتھ لے کر حاضر ہوا تو حضور ﷺ نے فرمایا کہ کیا یہ تیرا بیٹا ہے۔ میں نے عرض کیا کہ ہاں حضرت ! یہ میرا بیٹا ہے۔ آپ ﷺ اس کے گواہ رہیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ اس کی جنایت کا بدلہ اس پر نہیں (فائدہ میں اس کی وضاحت آئے گی) ابورمثہ کہتے ہیں، کہ اس وقت میں نے حضور ﷺ کے بعض بالوں کو سرخ دیکھا۔ امام ترمذی کہتے ہیں، کہ خضاب کے بارے میں یہ حدیث سب سے زیادہ صحیح اور واضح ہے۔

【2】

حضور اقدس ﷺ کے خضاب فرمانے کا ذکر

حضرت ابوہریرہ (رض) سے کسی نے پوچھا کہ حضور ﷺ نے خضاب کیا ؟ انہوں نے کہا کہ ہاں کیا۔

【3】

حضور اقدس ﷺ کے خضاب فرمانے کا ذکر

جہذمہ جو بشیر بن خصاصیہ کی بیوی ہیں وہ فرماتی ہیں کہ میں نے حضور ﷺ کو مکان سے باہر تشریف لاتے ہوئے دیکھا کہ حضور ﷺ نے غسل فرما رکھا تھا، اس لئے سر مبارک کو جھاڑ رہے تھے۔ اور آپ ﷺ کے سر مبارک پر حنا کا اثر تھا۔

【4】

حضور اقدس ﷺ کے خضاب فرمانے کا ذکر

حضرت انس (رض) فرماتے ہیں، کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کو بالوں کو خضاب کیا ہوا دیکھا۔